ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کوسابق عالمی چمپئن اوکوہارا کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایشارانی کی بھی شکست۔
EPAPER
Updated: March 23, 2026, 12:22 PM IST
ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کوسابق عالمی چمپئن اوکوہارا کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایشارانی کی بھی شکست۔
ہندوستان کی ابھرتی ہوئی بیڈمنٹن اسٹار تنوی شرما اورلینز ماسٹرز سپر ۳۰۰؍ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سابق ورلڈ چمپئن نوجومی اوکوہارا کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں ۱۷؍ سالہ تنوی کو اپنی غلطیوں پر قابو نہ پانے کی قیمت چکانی پڑی اور وہ براہ راست گیمز میں ہار گئیں۔ ایک دیگر سیمی فائنل میں ہندوستان کی ایشارانی بروا کو بھی تھائی لینڈ کی پچامون اوپاٹنی پوتھ کے ہاتھوں ۲۱۔ ۱۲، ۲۱۔ ۲۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان نتائج کے بعد اب خطاب کیلئے اوکوہارا اور اوپاٹنی پوتھ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
تجربہ کار اوکوہارا کا پلڑا بھاری رہاورلڈ جونیئر چمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ تنوی شرما پورے میچ کے دوران اپن لینتھ اور کنٹرول کے لئے جدوجہد کرتی نظر آئیں۔ ۳۱؍ سالہ تجربہ کار جاپانی کھلاڑی اوکوہارا (۲۰۲۶ء اولمپک کانسہ کا تمغہ یافتہ اور ۲۰۱۷ء کی عالمی چمپئن) نے محض ۳۵؍ منٹ میں تنوی کو۱۹۔ ۲۱، ۱۶۔ ۲۱؍ سے شکست دے دی۔ اگرچہ تنوی نے پچھلے سال سید مودی انٹرنیشنل میں اوکوہارا کو شکست دی تھی لیکن اس بار جاپانی کھلاڑی نے شروعات سے ہی دباؤ برقرار رکھا۔
یہ بھی پڑھئے: وجے ہزارے مہارت ،صبر اور مستقل مزاجی سےکرکٹ کے ہیرو بنے
پہلے گیم میں تنوی کی مسلسل لائن سے باہر جاتی شاٹس کی وجہ سے اوکوہارا نے وقفے تک ۶۔ ۱۱؍کی برتری حاصل کی اور پھر جارحانہ اسمیش کے ذریعے پہلا گیم ۹۔ ۲۱؍سے اپنے نام کر لیا۔ دوسرے گیم میں کوچ کی ہدایات کے بعد تنوی نے بہتر کھیل پیش کیا اور ایک موقع پر اسکور ۱۲۔ ۱۲؍ سے برابر کر دیا۔ تاہم اوکوہارا نے ۲۵؍ شاٹس کی ایک طویل ریلی جیت کر دوبارہ گرفت مضبوط کر لی۔ ۱۴۔ ۱۸؍کے اسکور پر اوکوہارا نے شاندار ڈائیو لگا کر دفاع کیا اور آخر کار ایک بہترین سلائس ونر شاٹ کے ساتھ میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی۔