Inquilab Logo

یکروزہ سیریز پر قبضہ کرنا ٹیم انڈیا کا مقصد

Updated: March 19, 2023, 10:04 AM IST | Visakhapatnam

ہندوستانی ٹیم وشاکھاپٹنم میں بھی کامیابی حاصل کرنے کےارادے سے کھیلے گی۔ آسٹریلوی ٹیم سیریز میں لوٹنے کیلئے تیار

Ravindra Jadeja had a good performance
رویندر جڈیجا نے اچھامظاہرہ کیاتھا

؍۳میچوں کی  ون ڈے سیریز میں ۰۔۱؍سے سبقت حاصل کر کے پرجوش ٹیم انڈیا کا آئندہ ہدف    وشاکھاپٹنم میں آسٹریلیاکیخلاف کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے ٹرافی پر قبضہ کرنا ہوگا۔ اس میچ میں باقاعدہ کپتان روہت شرما ٹیم میں واپسی کررہے ہیں۔ ہاردک پانڈیا کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں ۵؍وکٹ سے شکست دے کر۳؍ میچوں کی سیریز میں شاندار شروعات کی تھی۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ٹیم انڈیا باقاعدہ کپتان روہت شرما کے بغیر میدان میں اتری تھی۔
 پہلے ون ڈے کی بات کریں تو ایشان کشن نے شبھمن گل کے ساتھ اوپننگ کی اور وہ کوئی تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے  تاہم اس میچ میں ٹیم انڈیا کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا۔ شاندار فارم میں کھیلنے والے شبھمن گل اور وراٹ کوہلی کا بلہ بھی کام نہ کر سکا تھا۔
 دوسرے ون ڈے میں روہت شرماکی واپسی ہوگی، ایسی صورتحال میں ایشان کشن کا ٹیم سے باہر ہونا تقریباً یقینی ہے کیونکہ پہلے میچ میں کے ایل راہل نے اچھی وکٹ کیپنگ کے ساتھ میچ وننگ اننگز کھیلی جبکہ ایشان کشن نے بلے بازی  میں کوئی خاص تعاون نہیں دیا۔ اس کے علاوہ اگر وشاکھاپٹنم کے وکٹ پر اسپنرس سے مدد ملنے کی امید ہے تو شاردل ٹھاکر کی جگہ اکشر پٹیل کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
 ایشان یا سوریہ کمار یادو دونوں میں سے کسی ایک کو جگہ ملنے کا امکان ہے۔ سوریہ کمار یادو بھی ون ڈے فارمیٹ میں اپنی جگہ کی تصدیق نہیں کر پا رہے ہیں۔ سوریہ نے اب تک کل۲۷؍ ون ڈے کھیلے ہیں جن میں ان کا اوسط صرف ۲۷ء۰۶؍ رہا ہے اور انہوں نے صرف ۲؍ نصف سنچری اننگز کھیلی ہیں۔ ایسے میں سوریہ کمار یادو کی جگہ بھی خطرے میں ہے لیکن انہیں دوسرے ون ڈے میں موقع دیا جا سکتا ہے کیونکہ شریس ایّر کے زخمی ہونے کے بعد سلیکٹرس نے ان کی جگہ کسی اور بلے باز کو شامل نہیں کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ایشان کشن اور سوریہ کمار یادو میں سے کسی ایک کھلاڑی کو پلیئنگ الیون سے باہر کیا جا سکتا ہے اور ایشان کشن کےباہر ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔
 ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے بولنگ کرتے ہوئے ابتدائی وکٹ حاصل کئے لیکن پھر بڑی شراکت کو ہونے سے نہ روک سکی۔ پہلے وکٹ۵؍ رن پر گرنے کے بعد دوسرا وکٹ۷۷؍رن  کے اسکور پر گرا۔ اس کے بعد تیسرا وکٹ کیلئے بھی۵۰؍سے زائد رن کی شراکت ہوئی۔ گیندبازوں کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بلے بازوں کو پارٹنرشپ بنانے سے روکنا ہو گا۔ پہلے میچ میں محمد سمیع اور محمد سراج نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ شاردُل ٹھاکر کو تیسرے فاسٹ بولر کے طور پر موقع مل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا میں کسی تبدیلی کا امکان بہت کم ہے۔دوسری طرف آسٹریلیا بھی اس سیریز میں لوٹنے کیلئے ٹیم میں تبدیلی کرسکتا ہے۔اس کےگیندبازوں نے اچھی شروعات کی تھی لیکن وہ کے  ایل راہل کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے اور مہمان ٹیم کو میچ گنوانا پڑا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK