Inquilab Logo

پانچویں ٹیسٹ کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان،راہل باہر، بمراہ کی انٹری

Updated: March 01, 2024, 11:23 AM IST | Agency | Dharamshala

کے ایل راہل علاج کے سلسلے میں لندن جائیں گے جبکہ واشنگٹن سندر کو ٹیم سے ریلیز کردیا گیا، وہ رنجی ٹرافی میں ممبئی کے خلاف تمل ناڈو کی نمائندگی کریںگے۔

Bumrah has returned to the Indian cricket team, the last match of the Test series between Team India and England will be played in Dharamsala from March 7. Photo: INN
ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں بمراہ کی واپسی ہوئی ہے ،ٹیم انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ۷؍مارچ سے ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ دھرمشالہ میں کھیلا جائےگا۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز اپنے اختتام کے قریب ہے۔ اس سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے تین ایک کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے اور اب فائنل میچ۷؍ مارچ سے دھرم شالہ میں کھیلا جانا ہے۔ تاہم اس میچ سے پہلے جمعرات کوبی سی سی آئی نے پانچویں ٹیسٹ کے اسکواڈ سے متعلق کچھ اہم اپ ڈیٹس شیئر کئے۔ بورڈ نے کہا کہ بلے باز کے ایل راہل کو پانچویں ٹیسٹ سے باہر کر دیا گیا ہے جبکہ واشنگٹن سندر کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی رانچی ٹیسٹ میں آرام دیئے گئے تیز گیند باز جسپریت بمراہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ 
  واضح رہے کہ کے ایل راہل نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں حصہ لیا تھا۔ اس میچ میں انہوں نے پہلی اننگز میں ۸۶؍اور دوسری اننگز میں ۲۲؍ رن بنائے تھے۔ تاہم اس کے بعد وہ پٹھوں میں تکلیف کا شکار ہوگئے اور اگلے ۳؍ میچوں میں نہیں کھیل سکے۔ دھرم شالہ ٹیسٹ کے لئے ان کا انتخاب بھی ان کی فٹنس پر منحصر تھا لیکن اب انھیں اپنے مسئلے سے نمٹنے کے لئے لندن جانا ہوگا۔ اس وجہ سے وہ پانچویں ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔   بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میڈیکل ٹیم راہل کی انجری پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور لندن میں موجود ماہرین سے بھی رابطے میں ہے۔ اگر راہل چوٹ کی وجہ سے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ابتدائی چند میچوں سے باہر ہوتے ہیں تو ان کی جگہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے نائب کپتان نکولس پوران ٹیم کی کپتانی کرتے نظر آ سکتے ہیں۔ 
 فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے سیریز کے ابتدائی میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور کام کے بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آرام دیا گیا تھا۔ ۳۰؍سالہ بمراہ نے ۱۳ء۶۴؍کے اوسط سے ۱۷؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔ رانچی ٹیسٹ کے لئے ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں ان کی جگہ بنگال کے تیز گیند باز آکاش دیپ کو، جنہوں نے اپنا ڈیبیو کیا، کو موقع ملا تھا۔ 
  دریں اثناءواشنگٹن سندر کو ۲؍مارچ سے ممبئی کے خلاف رنجی ٹرافی سیمی فائنل میچ میں تمل ناڈو کے لئے کھیلنے کے لئے ٹیم سے ریلیزکر دیا گیا ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو سندر گھریلو میچ کی تکمیل کے بعد دھرم شالہ میں ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے۔ تیز گیندباز محمد سمیع کے تعلق سے بورڈ نے بتایا کہ ’’محمد سمیع کی دائیں ایڑی کا آپریشن ۲۶؍فروری کو کیا گیا ہے۔ وہ ٹھیک ہو رہے ہیں اور جلد ہی ری ہیب کے مراحل سے گزریں گے۔ اسپتال سے آنے کے بعد وہ بنگلور میں واقع قومی کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) جائیں گے۔ 
پانچویں ٹیسٹ کیلئے ٹیم
روہت شرما (کپتان)، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، شبھمن گل، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، دھرو جوریل (وکٹ کیپر)، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، دیودت پڈیکل، آر اشون، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار، آکاش دیپ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK