Inquilab Logo

رائے گڑھ سیٹ پر پی ایچ ڈی سے لے کر ۸؍ ویں پاس تک امیدوار میدان میں

Updated: April 28, 2024, 12:47 PM IST | Siraj Shaikh | Raigad

سنیل تٹکرے سائنس گریجویٹ ہیں تو اننت گیتے نے۱۰؍ ویں تک تعلیم حاصل کی ہے، کل ۱۳؍ امیدواروں میں سے ۴؍ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔

Anant Geeta is 10th pass. Photo: INN
اننت گیتے ۱۰؍ ویں پاس ہیں۔ تصویر : آئی این این

) رائے گڑھ لوک سبھاحلقہ کیلئے ووٹنگ ۷؍ مئی کو ہوگی۔ یہاں ۱۳؍ امیدوار میدان میں ہیں جن میں پی ایچ ڈی سے لے کر ۸؍ ویں پاس تک شامل ہیں۔ حالانکہ اصل مقابلہ شیوسینا( ادھو) کے اننت گیتے اور این سی پی (اجیت) کے سنیل تٹکرے کے درمیان ہے۔ دو بار مرکزی وزیر رہ چکےاننت گیتے نے داپولی کے اے جی اسکول سے ۱۰؍ ویں تک تعلیم حاصل کی ہے جبکہ ان کے حریف سنیل تٹکرےجو کئی بار ریاستی وزیر رہ چکے ہیں، جے ایس ایم کالج علی باغ سے پوسٹ گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے سائنس فیکلٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ 
 ونچت بہوجن اگھاڑی کی امیدوار کمودینی چوان پیشے سے ہیڈ مسٹریس ہیں اور انہوں نے بھارتی یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ان کے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ وہ پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ ریٹائرڈ فوجی افسر کرنل پرکاش رائو چوان بھارتیہ جوان کسان پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے ایم بی اے تک تعلیم مکمل کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ناراضگی اور تنقیدوں کے درمیان پیاز کے ایکسپورٹ کی اجازت

عام آدمی پارٹی کے علی باغ تعلقہ صدر اجے اپادھیائے نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچہ بھرا ہے۔ وہ پیشے سے وکیل ہیں، اپادھیائے نے بی اے۔ ایل ایل بی تک تعلیم حاصل کی۔ ساتھ ہی دو شعبوں یعنی ویٹرنری میڈیسن اور انجینئرنگ میں ڈپلومہ بھی حاصل کیا ہے۔ اننت پدما گیتے، ایک زرعی کاروبار کے مالک ہیں اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہیں نے کلسوری میں واقع ایس او ا سکول سے ۸؍ ویں تک تعلیم حاصل کی۔ اننت بلوجی گیتے پیشے سے کسان ہیں۔ انہیں نے بھی اسی اسکول سے ۹؍ ویں تک تعلیم حاصل کی ہے۔ 
  ان کے علاوہ کئی آزاد امیدوار ہیں۔ جیسے ملازمت پیشہ امیت شری پال کواڈے جنہوں نے یشونت راؤ چوان اوپن یونیورسٹی سے بی اے کیا ہے۔ ملازمت پیشہ خاتون انجنی اشون کیلکر نے مہاتما گاندھی کالج، علی باغ سے ۱۲؍ ویں پاس کی ہے۔ منگیش پدماکر کولی کا پیشہ مچھلی بیچنا ہے اور انہوں نے پین سے دسویں تک تعلیم حاصل کی ہے۔ کولی برادری کے دامودر پانڈورنگ چولے بھی دسویں پاس ہیں، نتن جگناتھ میکر نے سیکنڈ ایئر (سائنس ) تک تعلیم حاصل کی ہے۔ تجارت پیشہ سرینواس مترپتی نے ہمیشہ کی طرح پرچہ بھرا ہے۔ انہوں نے ۱۱؍ ویں تک تعلیم حاصل کی ہے۔ اگرچہ انتخابی سیاست میں ووٹرس امیدواروں کی تعلیمی قابلیت کا خیال نہیں کرتے لیکن ہر امیدوار کو اپنے حلف نامہ میں اپنی تعلیمی لیاقت کا ذکر کرناپڑتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK