Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کا یکروزہ سیریز پر قبضہ

Updated: December 23, 2023, 11:05 AM IST | Agency | Paarl

ہندوستان نے تیسرے یکروزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو ۷۸؍رن سے شکست دی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

 سنجو سیمسن کی۱۰۸؍ رن کی سنچری اور تلک ورما کی ۵۲؍ رن کی نصف سنچری کے بعد ارشدیپ سنگھ کی خطرناک گیندبازی (۴؍ وکٹوں ) کی بدولت ہندوستان نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو۷۸؍ رن سے شکست دے دی۔۲۹۷؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کو۴۵ء۵؍ اوورس میں ۲۱۸؍ رن پر آؤٹ کر کے ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز۱۔۲؍ سے جیت لی۔
اوپننگ جوڑی نے۲۹۷؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ریزا ہینڈرکس اور ٹونی زورزی نے پہلے وکٹ کیلئے ۵۹؍ رن جوڑے۔ جنوبی افریقہ کا پہلا وکٹ۱۹؍رن کےا سکور پر ہینڈرکس کے طور پر گرا۔ ارشدیپ نے انہیں راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔۱۵؍ویں اوور میں راسی وان ڈار دوسن ۲؍ رن پر اکشر کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ ایڈن مارکرم کا تیسرا وکٹ۳۶؍ رن کی شکل میں گرا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونی نے سب سے زیادہ۸۱؍ رن کی اننگز کھیلی۔ وہ۳۰؍ اوور میں ارشدیپ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ہینرک کلاسن نے۲۱؍ رن، بورن ہینڈرکس نے۱۸؍ رن، کیشو مہاراج نے۱۴؍ رن بنائے اور ڈیوڈ ملر ۱۰؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ناندرے برجر ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ نے ۴؍ وکٹ لئے۔ اویس خان اور واشنگٹن سندر نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ مکیش کمار اور اکشر پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
 اس سے قبل سنجو سیمسن کی۱۰۸؍ رن کی سنچری اور تلک ورما کی۵۲؍ رن کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے ۲۹۶؍ رن کا چیلنجنگ اسکور بنا یا تھا۔ جمعرات کو جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بلے بازی کیلئے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ۵؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر سلامی بلے باز رجت پاٹیدار۲۲؍  رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔یہ ان کا پہلا ون ڈے میچ تھا۔ وہ برجر کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں ہینڈرکس نے سائی سدرشن کو۱۰؍ رن پر ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ کپتان کے ایل راہل بھی ۲۱؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ تاہم میچ میں ۱۳؍ رن بنا کر انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے۱۰۰۰؍ رن مکمل کرلئے۔ اس کے بعد تلک اور سیمسن نے اننگز کو سنبھالا اور۱۳۶؍ گیندوں پر۱۱۶؍ رن کی شراکت قائم ہوئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK