Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کا یکروزہ سیریز میں فاتحانہ آغاز

Updated: December 18, 2023, 12:59 PM IST | Agency | Johnsburg

پہلے یکروزہ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ۸؍وکٹ سے روند دیا۔ ارشدپ نے ۵؍ وکٹ لئے۔ سائی سدرشن نے نصف سنچری بنائی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہندوستان نے ارشدیپ سنگھ (۵؍ وکٹ) اور اویس خان (۴؍ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی اور سائی سدرشن کے ناٹ آؤٹ۵۵؍ رن، شریاس ایّرکی۵۲؍ رن کی نصف سنچری اننگز کی بدولت اتوار کو ۳؍ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔
۱۱۷؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ریتوراج گائیکواڑ اور سائی سدرشن کی اوپننگ ہندوستانی جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے صرف ۲۳؍ رن ہی جوڑ سکی تھی کہ مولڈر نے چوتھے اوور کی چوتھی گیند پرگائیکواڑ ۵؍ رن کو ایل بی ڈبلیو کرکے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آئے شریاس ایّر نے سدرشن کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے مضبوط شراکت کی اور ہندوستانی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔۱۵ء۵؍ اوورس میں شریاس۵۲؍ رن کو فیہلوکوایو نے ملر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور۱۱۱؍رن تھا۔ سدرشن۵۵؍ اور تلک ورما ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے۱۶ء۴؍ اوورس میں ۱۱۷؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
اس سے قبل اتواکو یہاں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقی ٹیم کا کوئی بھی بلے باز ہندوستانی تیز گیند بازوں کا سامنا نہ کرسکا اور تو چل میں آیا کی طرز پر پویلین لوٹ گیا۔ جنوبی افریقہ کا آغاز بہت خراب تھا اور اس نے ۳؍ رن پر ۲؍ وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد تیسرے وکٹ کیلئے۳۹؍ رن کی شراکت قائم ہوئی تاہم تیسرا وکٹ گرنے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھرگئی۔
 فہلکوایو نے ٹیم کے سب سے زیادہ۳۳؍ رن بنائے۔ ٹونی ڈی جورزی۲۸، ایڈن مارکرم۱۲؍ رن بنائے اور تبریز شمسی۱۱؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے ۷؍ بلے باز دُہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ ۳؍ بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم۲۷ء۳؍ اوورس میں ۱۱۶؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے۳۷؍ رن دے کر۵؍اور اویس خان نے ۲۷؍ رن دے کر۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ کلدیپ یادو کو ایک وکٹ ملا۔

ارشدیپ نے ریکارڈ بنایا

تیز گیندباز ارشدیپ سنگھ ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۵؍ وکٹ لینے والے پہلے ہندوستانی تیز گیند باز بن گئے ہیں۔ ۲۴؍ سالہ تیز گیندباز نے یہ کارنامہ  ہندوستان  اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ میں کھیلے جانےوالے پہلے ون ڈے کے دوران انجام دیا۔ ارشدیپ گیند کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے اور انہوں نے۱۰؍اوور میں۳ء۷؍ کے اکانومی ریٹ کے ساتھ ۳۷؍ رن دے کر۵؍ وکٹ لئے۔ مجموعی طور پر، وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میں ۵؍ وکٹ لینے والے ہندوستان کے چوتھے گیند باز ہیں۔ پہلی بار اسپنر سنیل جوشی (۵/۶) نے ۱۹۹۹ء میں پروٹیز کے خلاف ایک اننگز میں ۵؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ اس کے بعد اسپنر یزویندر چہل (۵/۲۲)۲۰۱۸ء سینچورین میں  اور رویندر جڈیجا(۵/۳۳)۲۰۲۳ء کولکاتا میں تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK