ہندوستانی گیندباز نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں،انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں ۱۹۲؍رنوں پر آؤٹ،سراج اور بمراہ نے بھی ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں۔
EPAPER
Updated: July 14, 2025, 12:11 PM IST | Abhishek Tripathi | London
ہندوستانی گیندباز نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں،انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں ۱۹۲؍رنوں پر آؤٹ،سراج اور بمراہ نے بھی ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے ۳؍ دنوں کے مقابلے میںہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈس کے میدان پر برابری کا کھیل دیکھنے کو ملا۔ انگلینڈ نے جہاں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۳۸۷؍رن بنائے تھے تو جواب میں ہندوستان بھی پہلی اننگز میں ۳۸۷؍رن بنانے میں کامیابی رہی تھی۔ لیکن میچ کا چوتھا دن پوری طرح ہندوستانی گیندبازوں کے نام رہا جہاں انہوںنے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبانوں کو ۱۹۲؍ رنوں پر سمیٹ دیا اور لارڈس ٹیسٹ جیتنے کی جانب اہم قدم بڑھایا۔
ہندوستان کےلئے تمام گیندبازوں نے شاندار گیندبازی کی اور وقفے وقفے سے وکٹ لیکر انگلینڈ کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ٹیم انڈیا کیلئے تیز گیندباز محمد سراج نے صبح کے سیشن میں ۲؍وکٹیں حاصل کی تھیں ۔اس کے بعد واشنگٹن سندر نے ایک سرے سے کارآمد گیندبازی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے ۴؍بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔انہوںنے ۱۲ء۱؍اوور میں ۲۲؍رن دے کر ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔جسپریت بمراہ نے بھی ۲؍بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ نتیش ریڈی اور آکاش دیپ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل لارڈس کی پچ چوتھے دن اتوار کو بلے بازوں کیلئے زیادہ خراب دکھائی دی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستانی گیند بازوں محمد سراج، آکاش دیپ اور نتیش ریڈی نے پہلے ہی سیشن میں ۴؍ وکٹیں حاصل کر لیں۔ دوسرے سیشن میں اسپنر واشنگٹن سندر نے فارم میں موجود جو روٹ (۴۰) اور جیمی اسمتھ (۸) کو آؤٹ کر کے ٹیم انڈیا کو راحت پہنچائی۔ ایک ایک سے برابر ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے مقابلے کے چوتھے دن چائے کے وقفے تک انگلینڈ نے ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۷۵؍رن بنا لئے تھے۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس (۲۷) اور آل راؤنڈر کرس ووکس (۸) کریز پر موجود تھے۔ پچ کی بگڑتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کیلئے ۲۵۰؍ سے ۳۰۰؍رنوں کا ہدف ایک چیلنج ہوگا۔
محمد سراج نے پہلے سیشن میں اپنے ۷؍ اوور کے اسپیل میں محض ۱۱؍رن دے کر ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ بمراہ نے سراج کے ساتھ بولنگ کا آغاز کیا اور انگلش اوپنر جیک کراولی کو بہت پریشان کیا۔ نرسری اینڈ سے گیند ایک عجیب سی لینتھ سے اچھل رہی تھی جس سے کھچا کھچ بھرا اسٹیڈیم پرجوش ہو گیا۔