آج سے شروع ہونے والی ٹی۔ ۲۰؍سیریز کیلئے ’اوپننگ سلاٹ‘ کیلئے ۳؍کھلاڑیوں کی دعویداری، سیمسن، ابھیشیک اور ویبھو قطار میں۔
EPAPER
Updated: September 13, 2026, 2:48 PM IST | New Delhi
آج سے شروع ہونے والی ٹی۔ ۲۰؍سیریز کیلئے ’اوپننگ سلاٹ‘ کیلئے ۳؍کھلاڑیوں کی دعویداری، سیمسن، ابھیشیک اور ویبھو قطار میں۔
افغانستان کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والی ۳؍ میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍ سیریز سے قبل ہندوستان کو ٹاپ آرڈر کے انتخاب کے معاملے پر ایک بڑی الجھن کا سامنا ہے۔ ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن اور نوجوان سنسنی ویبھو سوریہ ونشی اوپننگ کی ۲؍ جگہوں کے لئے دعویدار ہیں۔ سیریز کے میچ ۱۳؍، ۱۵؍ اور ۱۷؍ ستمبر کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
افغانستان کیخلاف مکمل ہوچکے ٹی۔ ۲۰؍ میچوں میں ہندوستان کا ریکارڈ۸۔ صفر ہے لیکن اس بار سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ ٹاپ آرڈر میں کن کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔ سوریہ ونشی کی شمولیت نے انتخاب کا معاملہ مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ نوجوان بلے باز اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت دکھا چکے ہیں اور ہندوستان کے ٹی۔ ۲۰؍ سیٹ اپ میں ایک اہم ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ کی مسلسل حمایت حاصل کرنے والے ابھیشیک کو باہر کرنا آسان فیصلہ نہیں ہوگا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ٹی۲۰؍کرکٹ میں جارحانہ اسٹروک پلے کے ساتھ میچ وننگ کارکردگی بھی پیش کی ہے جبکہ سیمسن کے پاس تجربہ اور میچ جتانے کی ثابت شدہ صلاحیت موجود ہے۔
یہ انتخاب ۲۰۲۶ء ایشین گیمز کی تیاری کے لحاظ سے بھی اہم ہے۔ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹی۔ ۲۰؍شکستوں نے درست کمبی نیشن کی ضرورت واضح کردی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسمرتی مندھانا کی ریکارڈ سنچری اننگز سے ہندوستان ناک آؤٹ میں
اس کے علاوہ جسپریت بمراہ سمیت چوٹ سے صحت یاب ہوکر واپس آنے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کرنا ہوگا۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم کی عموماً بلے بازوں کے لئے سازگار وکٹ ہندوستان کی جارحانہ بیٹنگ حکمت عملی کے لئے موزوں ثابت ہوسکتی ہے۔
۳؍ بہترین کھلاڑیوں کے درمیان اوپننگ کی ۲؍ جگہوں کے لئے مقابلے کو دیکھتے ہوئے پہلے ٹی-۲۰؍میں ہندوستان کی اوپننگ جوڑی کا انتخاب سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہے گا۔ افغانستان کے خلاف یہ سیریز ہندوستان کے لئے اپنا ناقابل شکست ریکارڈ برقرار رکھنے کے ساتھ اگلی نسل کے ٹی۲۰؍میچ ونرز تیار کرنے کی سمت طے کرنے کا بھی اہم موقع ہے۔
افغانستان کے خلاف شاندار ریکارڈ کے باوجود ہندوستان کو محتاط رہنا ہوگا کیونکہ افغان ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، محمد نبی، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، راشد خان، نور احمد، فضل الحق فاروقی اور نوین الحق جیسے کئی آئی پی ایل کے مستقل کھلاڑی موجود ہیں۔
انتظامیہ کی دشواری
ٹیم مینجمنٹ کیلئے سوال یہ ہے کہ ابھیشیک شرما پر اعتماد برقرار رکھا جائے، تجربہ کار سنجو سیمسن کو ترجیح دی جائے یا سوریہ ونشی کو ان دونوں میں سے کسی ایک کے ساتھ شامل کیا جائے۔ حالیہ گھریلو کارکردگی اور دلیپ ٹرافی میں ایسٹ زون کی کامیابی میں ان کے کردار نے سوریہ ونشی کا دعویٰ مزید مضبوط کیا ہے۔