آج ویمنز ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کافائنل، ہرمن پریت کور کی ٹیم سری لنکا سے بدلہ لینے کےلئے بے قرار، ٹیم انڈیا کوفیلڈنگ کے شعبہ میں بہتری کی ضرورت۔
EPAPER
Updated: September 13, 2026, 2:46 PM IST | Dubai
آج ویمنز ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کافائنل، ہرمن پریت کور کی ٹیم سری لنکا سے بدلہ لینے کےلئے بے قرار، ٹیم انڈیا کوفیلڈنگ کے شعبہ میں بہتری کی ضرورت۔
خواتین کے ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل مقابلے میں اتوار کو ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا ریکارڈ ۸؍ویں بار خطاب جیتنے کے ارادے سے میدان پر اترےگی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ ۲۰۲۴ء کے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں ملنے والی شکست کا بدلہ لینے کے ارادے سے بھی میدان میں اترے گی۔
ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے کوئی بھی میچ ہارے بغیر فائنل تک کا سفر طے کیا ہے۔ سیمی فائنل مقابلے میں ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ۴۰؍ رنوں سے شکست دی تھی۔ بلے بازی میں شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا شاندار فارم میں نظر آئی ہیں۔ تاہم ہرمن پریت کور اور رچا گھوش بلے سے کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکی ہیں۔
گیند بازی میں شری چرنی، دیپتی شرما اور پریما راوت اثر دار ثابت ہوئی ہیں۔ وہیں تیز گیند بازی میں کرانتی گوڑ اور نندنیشرما نے بھی بلے بازوں کو کافی پریشان کیا ہے۔ اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم ۷؍بار ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کر چکی ہے۔ اتوار کو ہرمن پریت اینڈ کمپنی کی نظریں آٹھویں بار اس ٹرافی کو جیتنے پر ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی کرکٹ ٹیم ویمنز ایشیا کپ فائنل کے لئے تیار
دوسری طرف سری لنکا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا ہے۔ چامری اٹاپٹو کی قیادت میں ٹیم اپنے خطاب کا دفاع کرنے سے محض ایک قدم دور ہے۔ اٹاپٹو کی کارکردگی بلے اور گیند دونوں سے شاندار رہی ہے۔ وہیں، ہرشتا سمر وکرما بھی اچھے فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ گیند بازی میں چمودی پربودھا مسلسل وکٹیں نکالنے میں کامیاب رہی ہیں۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ سے ٹورنامنٹ میں اسپن گیند بازوں کو کافی مدد ملی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ابتدائی اووروں میں تیز گیند باز بھی اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہاں بلے بازوں کو رن بنانے کے لئے جدوجہد کرنی پڑی ہے۔ اتوار کو دبئی میں موسم مکمل طور پر صاف رہنے کی توقع ہے اور بارش ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
۲۰۲۴ء کے فائنل کے زیادہ تر کھلاڑیوں کے ایک بار پھر خطابی میچ میں آمنے سامنے ہونے کی وجہ سے ہرمن پریت کور کی ٹیم کوئی کسر نہ چھوڑنے کیلئے پُرعزم ہوگی، لیکن کچھ اہم خدشات بھی ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں اپنی مجموعی بلے بازی کی فارم اور خراب فیلڈنگ سے متعلق سوالات کے ساتھ اترا تھا۔ شیفالی کی فارم اور ۲؍ میچ پہلے مندھانا کی سنچری کو ایک طرف رکھ دیں، تو بھی ہندوستان کو اپنے دیگر بلے بازوں سے مزید بہتر کارکردگی کی ضرورت ہوگی جو اکثر اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ باقاعدگی سے باؤنڈریز حاصل کرنے میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ناقص فیلڈنگ بھی ٹیم انڈیا کیلئے تشویش کا سبب ہے۔ فائنل میں ناقص بلے بازی اور کیچ چھوڑنا ٹیم کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اگر ہرمن اینڈ کمپنی کو خطاب جیتنا ہے تو اسے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ٹی۔ ۲۰؍میں ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری
کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں سری لنکا کے خلاف ہندوستانی ٹیم کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کُل۳۱؍ مقابلے کھیلے گئے ہیں، جن میں سے ۲۵؍ میچوں میں ٹیم انڈیا نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ سری لنکا کو صرف ۵؍میچوں میں ہی فتح نصیب ہو سکی ہے۔ البتہ ایشیا کپ ۲۰۲۴ءکے فائنل میں سری لنکا، ہندوستانی ٹیم کو شکست دے کر خطاب جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔