Inquilab Logo

ہاردک پانڈیا کی قیادت میں ٹیم انڈیا سری لنکا سے ٹکرانے کیلئے تیار

Updated: January 03, 2023, 12:17 PM IST | Mumbai

آج وانکھیڈے اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے،سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اپنی چھاپ چھوڑنے کا سنہرا موقع،سری لنکا کے کھلاڑی بھی پُرجوش

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم منگل کو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ۔۲۰؍میں نئے سال کا آغاز نئے انداز کے ساتھ کرنا چاہے گی۔
ہندوستانی کرکٹ کیلئے۲۰۲۲ء  کے ٹی۔۲۰؍  ورلڈ کپ میں مایوس کن شکست نے ٹیم کے کھیلنے کے انداز پر کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔  یاد رہے کہ ہندوستان  کو سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں ۱۰؍ وکٹوں کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد ٹیم کی  بلے بازی پر بحث شروع ہوگئی تھی۔سینئر کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے فوراً بعد نیوزی لینڈ میں ہونے والی ٹی۔۲۰؍ سیریز کے لئے آرام دیا گیا، جبکہ ٹیم کی کپتان ہاردک  پانڈیا کو سونپی گئی۔  اُس سیریز کو ایک صفر سے جیتنے کے بعد پانڈیا نے مستقبل کے منصوبوں اور نئے انداز کے ساتھ کھیلنے پر زور دیا۔
 سری لنکا کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ سیریز نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد  ہاردک پانڈیا کی بطور کپتان پہلی مہم ہے۔ پانڈیا اس سیریز میں بھی روہت شرما کی غیر موجودگی میں کپتانی کر رہے ہیں، اور کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی باگ ڈور سنبھالنے کے بارے میں بی سی سی آئی کی طرف سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ تاہم یہ سیریز ہندوستانی ٹی۔۲۰؍ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں کو واضح کر سکتی ہے۔پانڈیا کو کپتانی سونپنے کے علاوہ سوریہ کمار یادو کو اس سیریز کیلئے نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ سوریہ کمار ۲۰۲۲ء میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ ٹی ۔۲۰؍رن بنانے والے  بلے باز تھے۔ انہوں نے  ۱۱۶۴؍رن بنائے جس کے لئے انہیں ترقی دے کر نائب کپتان  سے نوازا گیا۔
 سری لنکا کے خلاف یہ سیریز بہت سے نوجوان کھلاڑیوں کے لئےاپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ہوگی۔ ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۴ءکی طرف بڑھتے ہوئے، ہندوستان اس فارمیٹ میں ایک نئی ٹیم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جہاں سوریہ کمار یادو کو نائب کپتان کے کردار میں پرفارم کرنے کا موقع ملے گا، وہیں ایشان کشن اور رتوراج گائیکواڑ جو طویل عرصے کے بعد ٹی ۔۲۰؍ ٹیم میں واپس آئے ہیں، وہ بھی موقع ملنے پر ان کا اچھا استعمال کرنا چاہیں گے۔
 تقریباً ۷؍ ماہ تک ہندوستانی ٹیم میں رہنے کے باوجود، راہل ترپاٹھی نے ابھی تک اپنا قومی ڈیبیو نہیں کیا ہے۔ ترپاٹھی کے ساتھ نوجوان تیز گیند باز شیوم ماوی اور مکیش کمار کو بھی اس سیریز میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکتا ہے۔سینئر کھلاڑیوں سے بھری ٹیم میں، دیپک ہڈا نے مسلسل لوورآرڈر میں  بلے بازی کی ہے حالانکہ یہاں انہیں  ٹاپ آرڈر میں واپسی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ہڈا نے اپنے ٹی۔۲۰؍بین الاقوامی کیریئر میں صرف ایک بار آئرلینڈ کے خلاف سنچری بنا کر ۵۰؍کا ہندسہ عبور کیا تھا اور یہ اننگز انہوں نے تیسرے نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے کھیلی تھی۔
 واشنگٹن سندر کی ٹیم میں واپسی ہندوستانی بیٹنگ کو گہرائی فراہم کرے گی۔
نوجوان کھلاڑی اس سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد بھی ٹیم میں اپنی جگہ یقینی بنانا چاہیں گے۔
 دوسری طرف واشنگٹن سندر کی واپسی سے ٹیم کو بلے بازی میں گہرائی ملتی ہے، ساتھ ہی وہ پانڈیا کے بعد دوسرے اہم آل راؤنڈر ہیں۔سندر درمیانی اوور میں ہندوستان کیلئے وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیںجبکہ ہندوستانی بولنگ ابتدائی اور ڈیتھ اووروں میں ارش دیپ سنگھ کے گرد گھومے گی۔ اس کے علاوہ سری لنکا کو عمران ملک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہےجو ممکنہ طور پر ٹی ۔۲۰؍کرکٹ میں ہندوستان کے اہم ہتھیار ہوںگے۔ 
 روہت شرما کی ٹیم نے سیریز تین صفر سے جیتی تھی جب اس سے قبل ہندوستانی  اور سری لنکا آمنے سامنے آئے تھے، حالانکہ ایشیا کپ ۲۰۲۲ءمیں سری لنکا نے ہندوستان کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں شام ۷؍بجے سے شروع ہونے والے میچ میں پانڈیا کی ٹیم کو دوبارہ اپنا غلبہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
 جہاں تک سری لنکا کی بات کی جائے تو داسن شناکا کی قیادت میں ہندوستان آنے والی ٹیم کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ٹیم انڈیا کو ان کیخلاف کامیابی  حاصل کرنے کیلئے شاندار  مظاہرہ کرنا ہوگا۔ 
 پتہ تھا ’اپنا ٹائم آئےگا‘:شیوم ماوی
 تیز گیند باز شیوم ماوی کو پہلی بار ٹیم انڈیا میں منتخب کیا گیا ہے ۔اپنے  انتخاب  پر  وہ  کافی جذباتی ہو گئے۔ حالانکہ انہوںنے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ سیریز کیلئے  ان کا انتخاب ہونے کا وقت آ گیا ہے۔  ماوی نے بتایا کہ جس دن ٹیم کا اعلان کیا گیا اس دن وہ سوئے نہیں تھے۔ جیسے ہی مجھے اپنے انتخاب کا علم ہوا، میں نے ایک سیکنڈ کے لئے اپنی سانس روک لی۔ یہ ایک حیرت انگیز احساس تھا۔ میں جذباتی تھا۔
  واضح رہے کہ ۲۰۱۸ءمیں پرتھوی شا کی قیادت میں نیوزی لینڈ میں انڈر ۔۱۹؍ ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم میں شیوم ماوی بھی شامل تھے۔ ماوی نے اپنی تیز رفتاری سے اپنا نام روشن کیا ۔آئی پی ایل ۲۰۲۳ء نیلامی میں سب سے مہنگےاَن کیپڈ کھلاڑی بن گئے۔ انہیں گجرات ٹائٹنز نے ۶؍کروڑ روپے میں ٹیم میں شامل کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK