جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے۷۶؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ ٹریون نے ۷۴؍رن بنائے اور ۵؍وکٹ لئے۔
EPAPER
Updated: May 10, 2025, 12:30 PM IST | Agency | Colombo
جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے۷۶؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ ٹریون نے ۷۴؍رن بنائے اور ۵؍وکٹ لئے۔
چلو ٹریون (۷۴؍ رن اور ۵؍ وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی اور اینری ڈیرکسن (۱۰۴؍رن) کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں جمعہ کو سری لنکا کو۷۶؍ رن سے شکست دے دی۔
۳۱۶؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سری لنکا کے لئے ہسینی پریرا اور وشمی گنارتنے کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے ۵۲؍ رن جوڑے۔ چلو ٹریون نے۱۰؍ویں اوور میں ہسینی پریرا (۳۰؍رن) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ٹریون نے ۱۴؍ویں اوور میں وشمی گنارتنے (۲۴؍رن) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ جنوبی افریقہ کے بولنگ اٹیک کے سامنے سری لنکن بلے باز نہ ٹھہر سکے۔ ہرشیتا سماراویکرما (۳۳؍رن) کو ایس نائیڈو نے آؤٹ کیا۔ نیلاکشی ڈی سلوا۱۴؍ اور مانودی نانایاکارا ۱۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹو نے سب سے زیادہ ۵۲؍رن کی اننگز کھیلی۔ انوشکا سنجیوانی۳۲؍ گیندوں پر۴۳؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے سری لنکا کی پوری ٹیم کو ۴۲ء۵؍اوور میں۲۳۹؍ رن پر ڈھیر کر دیا اور میچ ۷۶؍ رن سے جیت لیا۔
اس سے قبل دیومی وہنگا (۵؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی سے جدوجہد کرتے ہوئے اینری ڈرکسن (۱۰۴؍رن) کی سنچری اور چلو ٹریون (۷۴؍رن) کی نصف سنچری اننگز کی مدد سے جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے جمعہ کو سہ فریقی سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا کوجمعہ کو فتح کیلئے ۳۱۶؍ رن کا ہدف دیا۔جمعہ کوکولمبو میں سری لنکا کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری کپتان لورا وولفارٹ اور تیجمن برٹس کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۶۸؍ رن جوڑے۔ دیومی وہنگا نے۱۴؍ویں اوور میں تیجمن برٹس (۳۸؍رن) کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد دیومی وہنگا نے۱۶؍ویں اوور میں لورا وولفارٹ (۳۳؍رن) کو بھی آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ میان اسمٹ (۸)، لارا گڈال (۲) اور سینالو جافتا (صفر) کو بھی دیومی وہنگا نے آؤٹ کیا۔ نونڈومیسو شانگاسے (۱۸) کو چماری اٹاپٹو نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد اینری ڈرکسن اور چلو ٹریون کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور ۷؍ویں وکٹ کیلئے ۱۱۲؍ رن جوڑے۔ مانودی نانایاکارا نے اینری ڈرکسن کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ ڈرکسن نے۱۰۴؍رن بنائے۔