موجودہ عالمی کپ میں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو شکست سے دوچار کیا۔ فاتح ٹیم کےلئے ڈیوڈ ملر نے شاندار ہاف سنچری بنائی۔
EPAPER
Updated: February 23, 2026, 11:40 AM IST | Ahmedabad
موجودہ عالمی کپ میں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو شکست سے دوچار کیا۔ فاتح ٹیم کےلئے ڈیوڈ ملر نے شاندار ہاف سنچری بنائی۔
موجودہ ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اب تک غیر مفتوح رہنے والی ہندوستانی ٹیم کو سپر۔ ۸؍کے مقابلے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی افریقہ نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ۷۶؍رنوں سے ہرا دیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے ڈیوڈ ملر کی شاندار ہاف سنچری کی مدد سے ۷؍ وکٹ پر ۱۸۷؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں ٹیم انڈیا ۱۸ء۵؍اوور میں ۱۱۱؍رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سپر۔ ۸؍مقابلے میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستانی تیز گیند بازوں نے شاندار آغاز تو فراہم کیا لیکن تجربہ کار بلے بازڈیوڈ ملر (۶۳) نے ایک اینڈ سنبھال کر نہ صرف اپنی ٹیم کو بحران سے نکالا بلکہ ایک مضبوط اسکور تک پہنچا دیا۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے سامنے جیت کے لئے۱۸۸؍ رنوں کا ہدف رکھا ہے جس میں ڈیوالڈ بریوس (۴۴) اور ٹرسٹن اسٹبس (۴۴) نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں جب ۲؍ناقابلِ شکست ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو ہندوستانی گیندباز جسپریت بمراہ کی مہلک گیند بازی نے شروع میں ہی جنوبی افریقہ کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ بمراہ نے اپنے پہلے ہی اسپیل میں کوئنٹن ڈی کوک (۶) کو کلین بولڈ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے فوراً بعد عرشدیپ سنگھ نے جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم (۴) کو پویلین کی راہ دکھا کر جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
محض ۴؍ اوور میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ۲۰؍ رن پر ۳؍ وکٹیں گنوا کر شدید دباؤ میں تھی۔ اس کے بعدمشکل وقت میں ڈیوڈ ملر اور ڈیوالڈ بریوس نے محاذ سنبھالا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے کیلئے ۵۱؍ گیندوں پر ۹۷؍ رنوں کی دھواں دھار شراکت داری قائم کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ملر نے ورون چکرورتی اور عرشدیپ سنگھ کو نشانہ بناتے ہوئے جارحانہ شاٹس کھیلے جبکہ بریوس نے پوائنٹ اور لانگ آن کے اوپر چھکا مارکر ہندوستانی گیند بازوں پر دباؤ بڑھا دیا۔
ہندوستانی اسپنرز واشنگٹن سندر اور ورون چکرورتی آج مہنگے ثابت ہوئے۔ ورون نے اپنے ۳؍ اوور میں ۳۹؍رن لٹائے۔ ۱۲؍ویں اوور میں شیوم دوبے نے بریوس کو آؤٹ کر کے اس خطرناک شراکت کا خاتمہ کیا۔ دوسری جانب ملر نے اپنی شاندار اننگز جاری رکھی اور چھکے کے ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۷؍چوکے اور ۳؍چھکے لگائے۔ آخری لمحات میں ٹرسٹن اسٹبس نے ۲؍ چھکے لگا کر ٹیم کا اسکور ۱۸۷؍ تک پہنچا دیا۔
نریندر مودی اسٹیڈیم میں شام کے وقت شبنم کا اثر بھی کھیل پر اثر انداز ہوا۔ دریں اثنا ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار آغاز کے باوجود مڈل اوورز میں اپنا فارم کھو دیا جس کا بھرپور فائدہ جنوبی افریقی بلے بازوں نے اٹھایا۔