• Mon, 23 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی: شاہو نگر کے مکینوں کوگھر خالی کرنے کےن وٹس پر برہمی، میٹنگ کا انعقاد

Updated: February 23, 2026, 1:02 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Dharavi

دھاراوی بچاؤ آندولن کی جانب سے بھی میٹنگ ۔ عمارتیں خالی نہ کرنے، متحد رہنے اورلڑنے کی اپیل۔ وارڈ آفس اور ڈی آرپی دفتر کے سامنے احتجاج کا انتباہ۔

Scene from the meeting held in Shahwongar. Photo: INN
شاہونگر میں منعقدہ میٹنگ کا منظر۔ تصویر:آئی این این

یہاں کے شاہو نگر کے مکینوں کوگھر خالی کرنے کےنوٹس پر برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس تعلق سے ہنگامی میٹنگیں سنیچر اور اتوار کوجاری رہیں۔ اتوار کو ’دھاراوی بچاؤ آندولن‘ کی جانب سے ۹۰؍فٹ روڈ پرمیٹنگ کی گئی۔ ان میٹنگوں میں یہ طے پایا گیاہےکہ بی ایم سی اورڈی آرپی کا رویہ روز بروز خراب ہوتا جارہا ہے اورمکینوں کوہراساں کیا جارہا ہے۔ اس لئے وارڈ آفس اور ڈی آرپی دفتر کے سامنے احتجاج ناگریز ہوگیا ہے۔ 
’دھاراوی بچاؤ آندولن‘ کے کوآرڈینیٹر اور شیوسینا کے سابق ایم ایل اے بابو راؤ مانے نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’دھاراوی بچاؤ آندولن آپ کی لڑائی میں ساتھ ہے۔ ہم سب ۳؍سال سے یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔ دھاراوی واسیوں کے حقوق کے تحفظ اوران کوگھردلانے کیلئے سنگھرش جاری رکھنا ہوگا، تبھی کام بنے گا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: کلیان اور اطراف کے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملنے کی امید!

دھاراوی بچاؤ آندولن کے کوآرڈینیٹر اور سی پی آئی لیڈر کامریڈ نصیر الحق نے کہا کہ ’’۴؍ اکتوبر کے جی آر میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آیا شاہو نگر کی عمارتوں یا دھاراوی کی عمارتوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ اس میں صرف دھاراوی کی کچی آبادیوں کے تعمیر ِنو کاتذکرہ ہے۔ دھاراوی بچاؤ آندولن نے مطالبہ کیا ہے کہ دھاراوی میں ہر گھر کے بدلے بی ایم سی کی عمارتوں اور چالوں میں رہنے والوں کو ۷۵۰؍ مربع فٹ کا مکان دیا جائے۔ ‘‘ انہوں نے مکینوں سےیہ بھی کہاکہ ’’خواہ نوٹس ملے، آپ اپنی عمارتوں کو مت چھوڑیئے، متحد ہو جائیے اور لڑیئے، اس لئے کہ یہ واضح ہوگیا ہےکہ اسی طرح ایک ایک کرکے سب کی باری آئے گی اورزیادہ تردھاراوی واسیوں کودھاراوی سےباہربھیج دیا جائےگا۔ ‘‘این سی پی لیڈر الیش گاجاکوش نے کہاکہ ’’ہم نے دھاراوی میں جہاں بھی سروے کیاگیا ہے، اسے روکنے کی کوشش کی ہے۔ شاہو نگر ری ڈیولپمنٹ زون سے باہر ہے، اس کے باوجود سرو ےکرایاگیا کیونکہ اڈانی گروپ یہ جگہ لینا چاہتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ ماہم اسٹیشن کے قریب ریلوے کی اراضی آرپی ایف گراؤنڈ کیلئے دی گئی ہے۔ شاہو نگر ان کے درمیان ہے جو اس کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ ‘‘ 
شیو سینا کی مقامی کارپوریٹر ہرشلا مورے نے کہاکہ ’’ہم نے مکینوں کے ساتھ بی ایم سی اور ڈی آر پی حکام کے ہمراہ متعدد میٹنگیں کیں لیکن کوئی واضح جواب نہیں ملا ہے اس لئے اب ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ جلد ہی شاہو نگر اور سیکٹر ایک کے مکین بی ایم سی جی نارتھ اور ڈی آر پی کے دفاتر کے سامنے احتجاج کریں گے۔ ‘‘ 
ان میٹنگوں کے انعقاد میں راجیش شرما، سیلسٹین روڈریگز، چارلی انتھونی اور دیپک گائیکواڑ وغیرہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK