انگلینڈ کے خلاف پہلےٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کا ۴۷۱؍ رنوں کا قابل احترام اسکورمگر ٹیم نے ۱۱۲؍ رن پر آخری ۷؍ وکٹیں گنوادیں ۔
EPAPER
Updated: June 22, 2025, 11:06 AM IST
انگلینڈ کے خلاف پہلےٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کا ۴۷۱؍ رنوں کا قابل احترام اسکورمگر ٹیم نے ۱۱۲؍ رن پر آخری ۷؍ وکٹیں گنوادیں ۔
ٹینڈولکر اینڈرسن ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ہندوستان ۴۷۱؍رن پر آل آؤٹ ہو گیا جبکہ خبر لکھے جانے تک انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر۸۹؍ رن بنالئےتھے۔ انگلینڈ کے جیک کراؤلی۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہ جسپریت بمراہ کی گیند پر کرونا نائر کو کیچ تھما بیٹھے۔ ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں جاری میچ کے دوسرے دن سنیچر کو ہندوستانی ٹیم نے ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۵۹؍ کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا اور۱۱۲؍رن پر آخری۷؍ وکٹیں گنوا دیں۔ کپتان شبھمن گل نے ۱۴۷؍، رشبھ پنت نے ۱۳۴؍ اوریشسوی جیسوال نے ۱۰۱؍ رن بنائے۔ کے ایل راہل نے ۴۲؍ رن کا تعاون کیا۔
رشبھ پنت نے کپتان گل کے ساتھ مل کر کھیل کے پہلے سیشن کا شاندار آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف کئی شاندار شاٹس لگائے۔ دونوں کے کھیل کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان بڑے اسکور کا اسکرپٹ لکھنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ پنت نے اس دوران چھکے کے ساتھ اپنے کریئر کی ساتویں سنچری مکمل کی۔ انگلینڈ کو پہلی کامیابی لنچ سے تقریباً۲۰؍ منٹ قبل ملی جب اسپنر شعیب بشیر کی گیند کو نشانہ بنانے کی کوشش میں شبھمن گل ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر کھڑے جوش ٹونگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے ۲۲۷؍گیندیں کھیلتے ہوئے اپنی شاندار سنچری پاری میں ۱۹؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ گل کے آؤٹ ہونے کے بعد کرونا نائر بین اسٹوکس کی گیند پر ایکسٹرا کور پر کیچ ہو گئے۔ پوپ نے فٹ بال کے گول کیپر کی طرح ہوا میں چھلانگ لگا کر ان کا کیچ پکڑا۔ پنت جو ایک سرے پر مضبوطی سے کھڑے ہو کر انگلش گیند بازوں کی دھنائی کر رہے تھے، جوش ٹونگ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ پنت نے ڈی آر ایس کا استعمال کیا لیکن گیند وکٹ پر جا رہی تھی۔ پنت نے اپنی ننگز میں ۱۲؍چوکے اور ۶؍ چھکے لگائے۔ لنچ سے ٹھیک پہلے ہندوستان کو ساتواں جھٹکا شاردول ٹھاکر(۱)کی شکل میں لگا۔ وہ اسٹوکس کا چوتھا شکار بنے۔
خبر لکھے جانے تک انگلینڈ نے ایک وکٹ گنواکر ۱۰۷؍ رن بنالئے تھے۔ بین ڈکٹ کو۷؍ویں اوور میں دوسری بارزندگی ملی۔ بمراہ کے اوور کی آخری گیند پر بیک ورڈ پوائنٹ پر رویندر جڈیجا نے ڈکٹ کا کیچ ڈراپ کیا۔
اس سے پہلے بمراہ کے۵؍ویں اوور کی گیند کرتے ہوئے، یشسوی جیسوال نے۵؍ویں گیند پر ان کاکیچ چھوڑا۔ جسپریت بمراہ نے انگلش اننگز کے پہلے ہی اوور میں جیک کراؤلی کو آؤٹ کیا۔ کرولی نے بمراہ کی گیند کو لیگ سائیڈ پر کھیلنے کی کوشش کی کیونکہ لائن شروع میں سیدھی تھی لیکن آخری لمحے میں گیند تیزی سے ہٹ گئی۔ جس سے گیند کو بلے کا کنارہ لگا اور پھر سلپ پر کھڑے کرونا نائر نے ڈائیونگ کرتے ہوئے ایک شاندار کیچ لیا۔
اس دوران رشبھ پنت نے ایم ایس دھونی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستانی وکٹ کیپر کے ذریعہ سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اب وہ۷؍سنچریاں بنا چکے ہیں جبکہ دھونی نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں ۶؍سنچریاں بنائی ہیں۔