Inquilab Logo Happiest Places to Work

تریسا۔ گائتری کا سفر تاریخی کانسہ کے تمغے کیساتھ ختم ہوگیا

Updated: August 23, 2026, 2:20 PM IST | New Delhi

ورلڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ میں ہندوستانی جوڑی کو چین کی عالمی نمبر ون جوڑی نے سیمی فائنل میں ہرا دیا۔

Gayatri Gopichand (left) and Teresa Jolie faced defeat in the semi-finals. Photo: PTI
گائتری گوپی چند(بائیں ) اورتریسا جولی کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستانی بیڈمنٹن شائقین کا دل جیتنے والے ایک تاریخی سفر میں، بغیر سیڈ والی تریسا جولی اور گائتری گوپی چند کی جوڑی نے ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ورلڈ چمپئن شپ میں کانسے کے تمغے کے ساتھ اپنا شاندار سفر ختم کیا۔ سنیچر کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایرینا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں انہیں چین کی عالمی نمبر ون اور سرفہرست سیڈ والی جوڑی لیو شینگ شو اور ٹین ننگ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
ہندوستانی جوڑی نے زبردست مقابلہ کیا اور پہلا گیم ۱۸۔ ۲۱؍سے جیتا لیکن چین کی سرفہرست سیڈ والی جوڑی نے واپسی کرتے ہوئے اگلے دونوں گیم ۱۳۔ ۲۱، ۸۔ ۲۱؍سے جیت لئے۔ شکست کے باوجود تریسا اور گائتری نے عالمی چمپئن شپ میں خواتین کے ڈبلز میں تمغے کیلئے ہندوستان کے ۱۵؍ سالہ انتظار کو ختم کردیا۔ اس سے پہلے ۲۰۱۱ءمیں جوالا گٹا اور اشونی پونپا نے کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ 
اس تاریخی سفر کا آغاز کوارٹر فائنل میں ایک شاندار جیت کے ساتھ ہوا جہاں ہندوستانی جوڑی نے چین کی چوتھی سیڈ والی جوڑی جیا یی فان اور ژانگ شو شیان کو ۳؍ گیم کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر تمغہ یقینی بنایا۔ ہندوستانی جوڑی پہلا گیم ۱۶۔ ۲۱؍سے ہار گئی تھی لیکن پھر زبردست واپسی کرتے ہوئے دوسرا گیم ۱۵۔ ۲۱؍سے جیتا۔ انہوں نے اسی رفتار کو فیصلہ کن گیم میں بھی برقرار رکھا اور ۱۳۔ ۲۱؍کی شاندار جیت کے ساتھ میچ اپنے نام کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: چین: ہیومنائڈ روبوٹ نے ۳۲ء۹ سیکنڈ میں ۱۰۰ میٹر کی دوڑ لگائی، یوسین بولٹ کا انسانی ریکارڈ توڑ دیا

الیکس لانیئر نےسیمی فائنل میں وکٹر لائی کو ہرادیا 
فرانس کے الیکس لانیئر نے سنیچر کو کنیڈا کے وکٹر لائی کو۱۶۔ ۲۱، ۲۱۔ ۱۳، ۲۱۔ ۱۴؍ سے شکست دے دی، جس کے ساتھ عالمی چمپئن شپ میں لائی کا سفر سیمی فائنل میں ہی ختم ہوگیا۔ ۲۱؍سالہ لائی مسلسل دوسری بار عالمی کانسہ کے تمغے کے ساتھ ٹورنامنٹ سے رخصت ہو رہے ہیں۔ لائی نے ۲۰۲۵ء میں کنیڈا کیلئے بیڈمنٹن عالمی چمپئن شپ کا پہلا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی اور اب اس مقابلے میں ملک کے دونوں تمغے انہی کے نام ہیں۔ ۸۵؍منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں لائی نے اچھی شروعات کی اور اپنے واحد گیم پوائنٹ پر پہلا گیم ۱۶۔ ۲۱؍سے جیت لیا۔ ۹؍ویں سیڈ لانیئر نے دوسرے گیم میں واپسی کرتے ہوئے ۱۳۔ ۲۱؍سے جیت حاصل کی اور میچ کو فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد لانیئر نے لگاتار۸؍پوائنٹس جیتے اور آخری گیم پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ جواب میں ان کے حریف زیادہ سے زیادہ ۴؍ مسلسل پوائنٹس ہی جیت سکے اور فرانسیسی کھلاڑی نے ۱۴۔ ۲۱؍سے کامیابی یقینی بنا لی۔ ۲۰۲۵ءکے یورپی چمپئن لانیئر کا مقابلہ اب اتوار کو فائنل میں چاؤ ٹین چن اور ناروکا کوڈائی کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK