Updated: August 22, 2026, 10:03 PM IST
| Beijing
”لائٹننگ“ (Lightning) نامی ایک چینی ہیومنائڈ روبوٹ نے ۳۲ء۹ سیکنڈ کے وقت میں ۱۰۰ میٹر کی دوڑ مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس روبوٹ نے بیجنگ میں ہونے والے پانچ روزہ مقابلے سے قبل تیز رفتار دوڑنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵ء۱۴ میٹر فی سیکنڈ کی زیادہ سے زیادہ رفتار حاصل کی۔ توقع ہے کہ لائٹننگ ۲۲ سے ۲۶ اگست تک جاری رہنے والے گیمز میں ۱۰۰ میٹر، ۴۰۰ میٹر اور ۱۵۰۰ میٹر کے مقابلوں میں حصہ لے گا۔
لائٹننگ ہیومنائڈ روبوٹ۔ تصویر: ایکس
’سی جی ٹی این‘ (CGTN) نے سنیچر کے روز رپورٹ کیا کہ ورلڈ ہیومنائڈ روبوٹ گیمز کے دوسرے ایڈیشن سے قبل ایک ٹیسٹ کے دوران ”لائٹننگ“ (Lightning) نامی ایک چینی ہیومنائڈ روبوٹ نے ۳۲ء۹ سیکنڈ کے وقت میں ۱۰۰ میٹر کی دوڑ مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس طرح اس چینی روبوٹ نے جمیکا کے لیجنڈری اسپرنٹر یوسین بولٹ کے ۵۸ء۹ سیکنڈ کے انسان کے ذریعے بنائے گئے عالمی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فائنل میچ پر فیفا کا ایکشن، ارجنٹائنا کے کھلاڑی معطل، فٹبال اسوسی ایشن پر جرمانہ
چینی اسمارٹ ڈیوائس بنانے والی کمپنی ’آنر‘ (Honor) کے اس روبوٹ نے بیجنگ میں ہونے والے پانچ روزہ مقابلے سے قبل تیز رفتار دوڑنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵ء۱۴ میٹر فی سیکنڈ کی زیادہ سے زیادہ رفتار حاصل کی۔ توقع ہے کہ لائٹننگ ۲۲ سے ۲۶ اگست تک جاری رہنے والے گیمز میں ۱۰۰ میٹر، ۴۰۰ میٹر اور ۱۵۰۰ میٹر کے مقابلوں میں حصہ لے گا۔ اس ایونٹ میں ہیومنائڈ روبوٹس لانگ جمپ، ویٹ لفٹنگ اور ٹیبل ٹینس سمیت مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ یہاں دنیا بھر سے آئی ہوئی ٹیمیں روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں ہونے والی پیش رفت کا مظاہرہ کریں گی۔
یہ بھی پڑھئے: چین کے پانچ کھلاڑی یو ایس اوپن کے مینز سنگلز مین ڈرا میں شامل ہوں گے
واضح رہے کہ برلن میں ۲۰۰۹ء کی ورلڈ چیمپئن شپ کے دوران قائم کیا گیا بولٹ کا ۵۸ء۹ سیکنڈ میں ۱۰۰ میٹر کی دوڑ مکمل کرنے کا ریکارڈ ’ورلڈ ایتھلیٹکس‘ کے ذریعے تسلیم شدہ انسانی عالمی ریکارڈ کے طور پر بدستور برقرار ہے۔ اس لئے روبوٹ کے رپورٹ کردہ وقت کا انسانی کھیلوں کے قوانین کے تحت کسی ایتھلیٹک ورلڈ ریکارڈ سے براہِ راست موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔