ورلڈ کپ میں آج روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان میں گھمسان۔ دونوں ٹیموں نے اب تک ۲۔۲؍میچ جیتے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 14, 2023, 10:48 AM IST | Agency | Ahmedabad
ورلڈ کپ میں آج روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان میں گھمسان۔ دونوں ٹیموں نے اب تک ۲۔۲؍میچ جیتے ہیں۔
روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم روایتی حریف پاکستان کے خلاف مسلسل ۸؍ ویں ورلڈ کپ میچ کو جیتنے کے لئے سنیچر کو یہاں نریندر مودی اسٹیڈیم میں داخل ہوگی تو اس کے کندھوں پر تقریباً ایک لاکھ تماشائیوں کے توقعات کا بوجھ ہوگا۔ میدان کے ساتھ ساتھ ٹی وی اور موبائل اسکرین پر بھی شائقین اس میچ کو دیکھ رہے ہوں گے۔
کرکٹ کے شائقین احمد آباد کے ہوٹلوں ،ریستوراں اور گیسٹ ہاؤسیز میں زبردست میچ دیکھنے کیلئے جمع ہیں ۔ اگر ایک روزہ میچوں کی بات کریں تو پاکستان نے ہندوستان سے زیادہ میچ جیتے ہیں لیکن اب تک پاکستان کو ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستانی ٹیم اب تک بڑے ٹورنامنٹس کے دباؤ میں بکھری ہوئی نظر آئی ہے۔
رواں ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان نے اب تک۲۔۲؍ میچ جیتے ہیں جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے حوصلے بلند ہیں تاہم روہت اور بابر کی فوج کو اپنے اپنے ممالک کے کروڑوں شائقین کی توقعات کے دباؤ سے نمٹنا ہوگا۔
ممالک کی طاقت کا اندازہ اس کی مضبوط بلے بازی سے لگایا جاتا ہے لیکن حالیہ برسوں میں ہندوستانیوں نے اپنی گیندبازی میں بھی نمایاں بہتری لائی ہے، وہیں پاکستان کے اسٹار گیندباز شاہین شاہ آفریدی رواں ورلڈ کپ میں کوئی خاص اثر نہیں دکھا سکے ہیں جب کہ نسیم شاہ کا انجری کے باعث مہمان ٹیم کی بولنگ بھی پھیکی پڑ گئی ہے۔ دوسری جانب محمد سراج، جسپریت بمراہ کی سوئنگ کے علاوہ کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجا کی اسپن پاکستان بلے بازی کی سمت اور حالت خراب کرسکتی ہے، جبکہ روہت شرما نے آخری میں طوفانی سنچری بنا کر اپنے شاندار فارم کا مظاہرہ کیا۔ افغانستان کی ٹیم کے خلاف میچ میں انہوں نے ریکارڈ سنچری بنائی تھی۔ سنیچر کے میچ میں شائقین کرکٹ شاہین شاہ آفریدی اور وراٹ کوہلی کے درمیان دلچسپ معرکہ دیکھنے کیلئے بے تاب ہوں گے۔
کوہلی نے حال ہی میں کھیلے جانےوالے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنائی تھی۔ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کے پہلے میچ میں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ۸۵؍ رن اور افغانستان کے خلاف ناٹ آؤٹ۵۵؍ رن بنائے۔ ایشان کشن کپتان کے ساتھ اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں جبکہ درمیانی اوورس میں رن ریٹ بڑھانے کی ذمہ داری کے ایل راہل اور شاردُل ٹھاکر پر ہوگی۔
جسپریت بمراہ، محمد سراج کو پاکستان کے ان فارم بلے باز محمد رضوان اور خطرناک بابر اعظم کو جلد باہر کرنا ہو گا تاکہ پاکستان پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔ رضوان نے سری لنکا کے خلاف۱۳۱؍ رن کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کلدیپ اور جڈیجا رن ریٹ چیک کرنے اور وکٹ لینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ بمراہ اب تک ورلڈ کپ کے پہلے ۲؍میچوں میں زبردست فارم میں نظر آئے ہیں ۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں انہوں نے ۲؍ اور افغانستان کے خلاف ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بارش کا امکان ظاہر کرکے شائقین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے۱۴؍ اکتوبر کو احمد آباد کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کی وجہ سے زمینی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ میں اب تک ۷؍ بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں ۔ پاکستان کو۱۹۹۲ء، ۱۹۹۶ء،۱۹۹۹ء، ۲۰۰۳ء ،۲۰۱۱ء، ۲۰۱۵ء اور۲۰۱۹ء میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔