Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کی نظریں کئی ریکارڈس پر مرکوز

Updated: December 24, 2021, 12:33 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

جنوبی افریقہ کیخلاف محمد سمیع وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کر سکتے ہیں جبکہ اشون کپل دیو کا اور ایشانت شرما ظہیر خان کا ریکارڈ توڑنے کے قریب،کوہلی کے پاس دراوڑ سے آگے نکلنے کا موقع

Ishant Sharma.Picture:INN
ایشانت شرما۔ تصویر: آئی این این

:وراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے۔دورے سے قبل کوہلی کو یکروزہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد ہونے والے تنازع کو بھلاکر ٹیم انڈیا جنوبی افریقہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرےگی۔۱۹۹۲ء میں پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی ٹیم کے سامنے  سب سے بڑا چیلنج میزبان ٹیم کو انہی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کا ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ محمد اظہر الدین،سچن تینڈولکر ،سورو گنگولی،راہل دراوڑ اور مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا جنوبی افریقہ کا دورہ کر چکی ہے لیکن اب تک ہندوستان جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ناکام رہا ہے۔اس مرتبہ وراٹ کوہلی کی کپتانی میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو ٹیم کو تاریخی فتح دلانے میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے علاوہ کئی انفرادی ریکارڈس پر بھی ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی نظریں ہوںگی۔
ایشانت شرما ظہیر خا ن کا ریکارڈ توڑنے کے قریب
 ٹیم انڈیا میں شامل ۳۳؍سالہ تیز گیندباز ایشانت شرما ۲۶؍دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میںاگر اپنے فارم میں رہتے ہیں تو ایک ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان کپل دیو نے بحیثیت تیز گیند باز۴۳۴؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس فہرست میں ایشانت شرما اور ظہیر خان ۳۱۱۔۳۱۱؍وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر ہندوستان کیلئے سب سے زیاد وکٹیں حاصل کرنے کے معاملے میں پانچویں مقام پر ہیں۔جنوبی افریقہ کے دورے پر ایشانت شرما ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے ظہیر خان سے آگے نکل جائیںگے ۔ایشانت شرما نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں ۱۰۵؍میچ کھیلتے ہوئے۳۱۱؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔انہوںنے ۱۱؍مرتبہ ایک اننگز میں ۵؍وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔۷۴؍رن پر ۷؍وکٹ ان کی بہترین کارکردگی ہے۔
محمد سمیع کے پاس وکٹو ں کی ڈبل سنچری بنانے کا موقع
 ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ۲۶؍دسمبر سے سنچورین میدان پر کھیلا جائےگا۔ٹیم انڈیا کے تیز گیندباز محمد سمیع نے اب تک ۵۴؍ٹیسٹ میچوں میں ۱۹۵؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف ۳؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں محمد سمیع کے پاس اپنی وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے کا سنہرا موقع ہوگا اور اس کےلئے انہیں محض ۵؍وکٹیں درکار ہوںگی۔اگر وہ اس میں کامیاب ہوتے ہیں تو ہندوستان کےلئے ۲۰۰؍وکٹیں حاصل کرنے والے محمد سمیع پانچویں  تیز گیندباز بن جائیںگے۔اب تک ۲۰۰؍یا اس سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے ہندوستان کے تیز گیند بازوں میں کپل دیو،ظہیر خان،ایشانت شرما اور جواگل سری ناتھ کا نام شامل ہے۔
اشون کی نگاہیں کپل دیو کے ریکارڈ پر مرکوز
 ہندوستانی ٹیم کے اسپن گیندباز آر اشون کے پاس جنوبی افریقہ دورے پر ٹیم انڈیا کے سابق تیز گیندباز کپل دیو کے ریکارڈ کو توڑنے کا موقع ہوگا۔آر اشون نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۲۷؍وکٹیں حاصل کی ہیں وہیں ہندوستان کے عظیم آل راؤنڈر کپل دیو نے ٹیسٹ کریئر کے دوران ۴۳۴؍ وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔ جنوبی افریقہ کے دورے پراشون اگر ۸؍ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ کپل دیو کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ان سے آگے نکل جائیںگے۔یہ کارنامہ انجام دیتے ہی آر اشون ہندوستان کےلئے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے  ہندوستانی گیندباز بن جائیں گے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کےلئے سب سے زیادہ ۶۱۹؍ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ انل کمبلے کے نام ہے۔
کوہلی کے پاس دراوڑ سے آگے نکلنے کا موقع
 ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کے سامنے اگرچہ جنوبی افریقہ کے خلاف انہی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا زبردست چیلنج ہوگا لیکن اس کے علاوہ و ہ موجودہ ٹیم کے کوچ اور ٹیم انڈیا کے سابق کپتان راہل دراوڑ کو رنوں کے معاملے میں پچھاڑ سکتے ہیں۔وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ میں اب تک ۵؍ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور اس دوران انہوںنے ۵۵۸؍رن بنائے ہیں۔جنوبی افریقہ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رن بنانے کے معاملے میں وراٹ کوہلی ہندوستان کے چوتھے بلے باز ہیں۔کوہلی سے آگے تیسرے نمبر پر راہل دراوڑ ہیں جنہوںنے جنوبی افریقہ کے خلاف  ان ہی کی سرزمین پر ۶۲۴؍ رن بنائے ہیں۔وی ایس لکشمن کے نام ۵۶۶؍رن ہیں۔ٹیم انڈیا کے ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کے پاس دراوڑ اور لکشمن دونوں کا ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے دوران اگر وراٹ کوہلی ۶۷؍رن بنا لیتے ہیں تو وہ راہل دراوڑ اور وی ایس لکشمن سے آگے نکل جائیںگے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK