Inquilab Logo

وارم اپ میچ میں جرمنی کی فٹبال ٹیم نے لاتویا کو ۷؍گول سے روند دیا

Updated: June 09, 2021, 4:00 PM IST | Agency | Düsseldorf/Germany

چار؍مرتبہ کے ورلڈ چمپئن نے لاتویا کو ایک کے مقابلے ۷؍گول سے شکست دی ۔جرمنی کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم پر صلہ رحمی کامظاہرہ نہیں کیا

Germany`s Elkay Ghundughan (left) with another teammate.Picture:INN
جرمنی کے ایلکائی غندوغان (بائیں ) دیگر ساتھی کھلاڑی کے ساتھ۔ تصویر :آئی این این

یورو کپ ۲۰۲۰ء کے آغاز سے قبل اپنے آخری وارم اپ میچ میں جرمنی کی ٹیم نے لاتویا کو ایک کے مقابلے ۷؍ گول سے روند دیا۔ اس میچ میں کارل ہیورٹس اور ٹیمو وارنر نے اچھا فٹبال کھیلا اور گول کرنےمیں مدد گار ثابت ہوئے۔  اس میچ میں تھامس میولر نے بھی ایک گول کیا۔ انہیں اس سے قبل ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا اورجمعہ کے بعد انہیں موقع دیا گیا جس پر انہوں نے پہلا گول کیا۔ خیال رہے کہ جرمنی کو یورو کپ کے پہلے میچ میں فرانس سے مقابلہ کرنا ہے۔ یہ میچ ۱۵؍جون کو ہوگا۔ جرمنی گروپ ایف میں ہے جسے گروپ آف ڈیتھ بھی کہا جارہا ہے کیونکہ اس میں جرمنی کے ساتھ فرانس، دفاعی چمپئن پرتگال اور ہنگری کو رکھا گیا ہے۔ اس سبھی ٹیموں میں بھی زبردست مقابلہ آرائی کی امید ہے۔ دوسری طرف اس میچ کے شروع ہونے سے قبل لاتویا کی ٹیم میں کورونا کاایک معاملہ پیش آیا۔ اس کھلاڑی کی رپورٹ مثبت آئی تھی جس کی وجہ سے لاتویا کے کھلاڑیوںکا کھیل متاثر ہوا۔  منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں جرمنی نے فرسٹ ہاف میں ہی ۵؍گول کر دئیے ۔ جرمنی کی طرف سے پہلا گول رابن گوسین نے کیا۔ انہوںنے ۱۹؍ویں منٹ میں کارل ہیورٹس کی مدد سے پہلا گول کیا۔ ۲۱؍ویں منٹ میں مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھیلنے والے ایلکائی غندوغان نے دوسرا گول کرکے اسکور صفر۔ ۲؍ کردیا۔ بائرن کے کھلاڑی تھامس میولر نے ۲۷؍ویں منٹ میں  رابن گوسین کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ ۳۹؍ ویں منٹ میں لاتویا کے کھلاڑی رابرٹس اوزولس نے اپنے گول میں گیند ڈال دی۔فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں سرج گنابری نے میٹس ہملس کی مدد سے ٹیم کا ۵؍واں گول کیا۔ فرسٹ ہاف کے خاتمے پر اسکور صفر۔ ۵؍ رہا۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میں بھی جرمنی کے کھلاڑیوں نے زبردست حملے کئے تھے۔ ۵۰؍ ویں منٹ میں ٹیمو وارنر نے یوشوا کمیچ کی مدد سے ٹیم کا چھٹا گول کیا اور اسکور صفر۔۶؍ کردیا۔ ۷۵؍ویں منٹ میں لاتویا کی جانب سے الیکسس سیوییس نے ایک گول کرکے شکست کے فرق کو کم کرنے کی کوشش کی ۔ ۷۶؍ویں منٹ میں لیروئے سانے  نے تھامس میولر کی مدد سے ٹیم کا ۷؍واں گول کیا اور ٹیم کااسکور ایک۔۷؍ کردیا۔ یہی اسکور میچ کے آخرتک برقرار رہا۔  جرمنی کے منیجر جواخم لیو نے اپنے کھلاڑیوں کے تعلق سے زیادہ بات چیت نہیں کی کیونکہ ان کی ٹیم نے پورے میچ میں زبردست مقابلہ کیا اور حریف ٹیم کو گول کرنے سے روکے رکھا۔ دوسری طرف پوری ٹیم نے میچ پر توجہ مرکوز رکھی تھی۔  میچ کے بعد جرمنی کے کپتان مینوئل نیور نے کہا کہ اب ہمارے خلاف کھیلنا بہت مشکل ہے۔ خیال رہے کہ تجربہ کار مینوئل نے جرمنی کی جانب سے۱۰۰؍ میچ مکمل کئے اور وہ پہلے جرمن گول کیپر ہیں جنہوں نے یہ نشانہ حاصل کیا۔جب وہ میدان پر آرہے تھے تو شائقین نے ان کا شاندار طریقے سے استقبال کیا تھا۔ میچ کو دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں ایک ہزار شائقین کو اجازت دی گئی تھی۔     دیگر میچوں میں یوکرین نے ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والے قبرص کو صفر۔۴؍ سے شکست دی۔ فروئے آئی لینڈکی ٹیم  نے لیچٹین اسٹین کو ایک۔۵؍ سے ہرادیا۔ اینڈورا اور جبرالٹر کا مقابلہ بغیر گول کے ڈراہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK