Inquilab Logo

فرانس کے عظیم فٹ بال کھلاڑی فونٹین کا انتقال

Updated: March 03, 2023, 1:41 PM IST | Paris

ایک عالمی کپ میں۱۳؍گول کرنے کا ورلڈ ریکارڈ ۶۵؍سال بعد بھی فرانسیسی کھلاڑی کے نام برقرار ہے

Former French football player Just Fontaine (file photo)
فرانس کے سابق فٹبال کھلاڑی جسٹ فونٹین(فائل فوٹو)

ء۱۹۵۸ میں منعقدہ ورلڈ کپ میں ریکارڈ ۱۳؍گول کرنے والے فرانس کے  فٹ بال کھلاڑی  جسٹ فونٹین کا گزشتہ روز انتقال ہوگیا، ان کی عمر ۸۹؍برس تھی۔ فونٹین کے سابق کلب ’ریمز‘ نے بدھ کو ان کے انتقال کی تصدیق کی۔یاد رہے کہ فونٹین نے سویڈن میں ۱۹۵۸ءکے ورلڈ کپ میں۶؍ میچوں میں ۱۳؍گول کر کے ایک عالمی کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔  قابل ذکر ہے کہ انہیں آخری لمحات میں فرانسیسی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ایک ورلڈ کپ میں ۱۳؍گول کرنے کا عالمی ریکارڈ ۶۵؍سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود آج بھی قائم ہے۔
  مراکش میں پیدا ہونے والے فونٹین کو اس وقت بہت کم جانا جاتا تھا لیکن ورلڈ کپ کے بعد  ان کا نام ہر فٹ بال شائقین کی زبان پر تھا۔ ۱۹۵۸ء کے ورلڈ کپ میںانھوں نے مغربی جرمنی کے خلاف تیسری پوزیشن کے  مقابلےمیں ۴؍ گول کئے تھے۔ فونٹین نے جرمنی کی دفاعی صف کو تہس نہس کردیا تھا اور فرانس نے یہ مقابلہ ۳۔۶؍سے جیتاتھا۔ ورلڈ کپ کریئر میں سب سے زیادہ ۱۶؍گول کرنے کا ریکارڈ جرمنی کے اسٹرائیکر میروسلاو کلوز کے پاس ہے جنہوں نے ۴؍ ٹورنامنٹ کھیلے۔ فونٹین نے صرف ایک ورلڈ کپ میں کھیلا۔ فونٹین نے ۱۹۵۴ءمیں ہنگری کے اسٹرائیکر سینڈور کوسیس کے قائم کردہ ۱۱؍گولوں کا ریکارڈ توڑا ۔ مجموعی طور پر فونٹین نے ۲۱۳؍میچوں میں ۲۰۰؍ گول  کئے ہیں۔ انہوں نے فرانس کیلئے ۲۱؍میچوں میں ۳۰؍گول کئے تھے ۔
 فرانس کے ریمز فٹبال کلب کیلئے کھیل چکے فونٹین نے صرف ایک عالمی کپ کھیلا تھا اور اس میں انہوں نے ۱۳؍گول  کئے تھے۔عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کے بعد معاملے میں۳؍کھلاڑیوں نے جسٹ فونٹین کو پچھاڑا  ہے لیکن کسی نے بھی ایک ورلڈ کپ میں ایسا نہیں کیا۔یہاں تک کے دنیا کے بہترین فٹ بال کھلاڑی قرار دئیے جانے والے ارجنٹائنا کے لیونل میسی نے عالمی کپ میں ۱۳؍گول کرنے کے فونٹین کے ریکارڈ کی برابری کی تھی لیکن ۵؍عالمی کپ کھیل کر انہوںنے ۱۳؍گول کئے تھے۔
 ۱۹۵۸ء کے ورلڈ کپ کو آنجہانی فٹبال کھلاڑی پیلے کیلئے یاد کیا جاتا ہے۔انہوںنے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف ملنے والی ۲۔۵؍کی جیت میں ہیٹ ٹرک لگائی تھی۔برازیل کے کھلاڑی پیلے اُس عالمی کپ میں محض ۱۷؍سال کے تھے اور انہوںنے اپنی ٹیم کو چمپئن بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔پیلے کی شاندار کارکردگی کے درمیان جسٹ فونٹین کا ریکارڈ ایک طرح سے دب گیا تھا حالانکہ آج بھی کسی ایک عالمی کپ میں سب سے زیادہ ۱۳؍گول کرنےکا ریکارڈ فونٹین کے نام برقرار ہے۔
 لیگ ون کے فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا’’اوپر والا آپ کو سکون عطا کرے۔فونٹین نے آج ہمارا ساتھ چھوڑ دیا۔وہ فرانس کے عظیم فٹ بال کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔پی ایس جی کےلئے آج کا دن بہت کی اداسی والا ہے۔ ایک ایسا کلب جس کی نمائندگی فونٹین نے ۵۰؍ سال قبل کی تھی اور کلب کو فرسٹ ڈویزن تک پہنچایا تھا۔‘‘یاد رہے کہ فونٹین نے قومی ٹیم کیلئے ۱۹۵۳ء سے ۱۹۶۰ء کے درمیان ۲۱؍میچ کھیلے تھے جن میں انہوںنے ۳۰؍گول کئے تھے۔ اپنے کریئر کے دوران فونٹین نے یو ایس ایم کیسا بلانکا،نیس، پی ایس جی اور اسٹیڈ ریمز کلب کیلئے کھیلا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK