Inquilab Logo

ہندوستانی ٹیم نے موہالی ٹیسٹ ۳؍ دن میں نمٹا دیا

Updated: March 07, 2022, 2:09 PM IST | Agency | Mohali

ٹیم انڈیا نے مہمان ٹیم سری لنکا کو اننگز اور ۲۲۲؍ رن سے ہر ا دیا۔ پلیئر آف دی میچ رویندر جڈیجا کی آل راؤنڈ کارکردگی۔ پورے میچ میں ۹؍وکٹ لئے

Ravindra Jadeja.Picture:INN
رویندر جڈیجا ۔ تصویر: آئی این این

 آل راؤنڈر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجا (۴۱؍ رن پر۵؍ اور۴۶؍ رن پر ۴؍وکٹ) کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ  کے تیسرے دن اتوار کو اننگز اور۲۲۲؍ رن سے شکست دے دی اور۲؍ میچوں کی سیریز میں صفر۔ ایک کی  برتری حاصل کرلی۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز ۸؍ وکٹ پر۵۷۴؍ رن پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں سری لنکا کو۱۷۴؍رن پر ڈھیر کر دیا تھا اور دوسری اننگز میں اسے۱۷۸؍ رن  پر نمٹا کر میچ اننگز کے فرق سے جیت لیا تھا۔ تیسرے دن کے کھیل میں سری لنکا نے اپنے ۱۶؍ وکٹ گنوا  دیئے۔  جڈیجا نے پہلی اننگز میں۴۱؍ رن پر ۵؍ اور دوسری اننگز میں۴۶؍ رن پر ۴؍ وکٹ لئے۔ جڈیجا نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ۱۷۵؍ رن  بنائے۔ جڈیجا کو اس بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ اس طرح ہندوستان نے وراٹ کوہلی کے۱۰۰؍ویں ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ بنگلور میں کھیلا جائے گا۔  جڈیجا کے علاوہ آف اسپنر روی چندرن اشون نے۴۷؍ رن دے کر۴؍ وکٹ لئے اور کپل دیو (۴۳۴؍وکٹ ) کو پیچھے  چھوڑ کر  ہندوستان کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز  بن گئے ہیں ۔تیز گیندباز محمد سمیع نے۴۸؍ رن  کے عوض۲؍ وکٹ  لئے۔   ہندوستان نے اننگز کے لحاظ سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ۵؍ویں سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ سری لنکا کی دوسری اننگز میں ان کے ٹاپ آرڈر نے پھر مایوس کیا۔ صرف وکٹ کیپر نیروشن ڈکویلا نے کچھ دیر تک ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا کیا اور۸۱؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۵۱؍رن بنائے۔ یہ ڈکویلا کی۱۹؍ویں نصف سنچری تھی۔ انجیلو میتھیوز نے ۲۸؍اور کپتان دیموتھ کرونارتنے۲۷؍ رن بنائے۔ دھننجے ڈی سلوا نے۳۰؍ رن  بنائے۔  اس سے پہلے آل راؤنڈر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجا (۴۱؍ رن پر۵؍ وکٹ) کی  گیند بازی کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو پہلی اننگز میں۱۷۴؍ رن پر سمیٹ کر فالو آن کھیلنے پر مجبور کر دیا ۔ سری لنکا نے ۱۰۸؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور باقی ۶؍ وکٹ ۶۶؍ رن جوڑ کر گنوا دیئے۔ جڈیجاجنہوں نے سنیچر کو ایک وکٹ  لیا، اتوارکو ۴؍ وکٹ  کے ساتھ اپنی ۵؍ وکٹ مکمل کئے۔ سری لنکا کی ۵؍واں وکٹ۱۶۱؍ کےاسکور پر گرا اور اس کے بعد اس کے  باقی ۵؍ وکٹ صرف ۱۰؍ رن  کا اضافہ کر کے گر گئے۔ جڈیجا نے ۴؍ وکٹ  لئے جبکہ ایک ایک وکٹ جسپریت بمراہ اور محمدسمیع کے حصے میں آیا۔ پتھم نسانکا نے۲۶؍ اور چریت اسالنکا نے اپنی اننگز کو ایک رن سے آگے بڑھایا۔ دونوں نے اسکور کو۱۶۱؍رن تک لے جانے کیلئے محتاط انداز میں کھیلا لیکن جیسے ہی بمراہ نے اسالنکا کو  ایل بی ڈبلیو کیا، سری لنکا کی اننگز کے سمٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ نسانکا ۱۳۳؍ گیندوں پر۱۱؍ چوکوں کی مدد سے۶۱؍ رن  بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسرے سرے پر ایک کے بعد ایک وکٹ گرتے ہے۔ جڈیجا نے ۱۳؍ اوور میں۴۱؍ رن دے کر۵؍ وکٹ لئے جبکہ بمراہ اور اشون کو۲۔۲؍ اور سمیع کو ایک وکٹ ملا۔ جڈیجا نے اتوار کو میچ کے بعد کہا ’’مجھے یہ کہنا ضروری ہے کہ یہ میرے لئے بہت خوش قسمت گراؤنڈ ہے، جب بھی میں یہاں آتا ہوں تو اچھا کرتا ہوں۔   رشبھ پنت بھی  یہاں آرام سے بلے بازی کر رہے تھے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK