اس سال ہندوستانی کھلاڑی نے چمپئن ٹرافی اور انڈین پریمیر لیگ کا خطاب جیتنے کے علاوہ سچن تینڈولکر کو بھی پچھاڑ دیا۔
EPAPER
Updated: December 26, 2025, 12:01 PM IST | Agency | New Delhi
اس سال ہندوستانی کھلاڑی نے چمپئن ٹرافی اور انڈین پریمیر لیگ کا خطاب جیتنے کے علاوہ سچن تینڈولکر کو بھی پچھاڑ دیا۔
ہندوستان کے شاندار بلے باز وراٹ کوہلی کیلئے۲۰۲۵ء انتہائی یادگار رہا ہے۔ اس سال انہوں نے چمپئن ٹرافی اور آئی پی ایل کا خطاب جیتنے کے ساتھ ساتھ ماسٹر بلاسٹر سچن تینڈولکر کے سب سے زیادہ سنچریوں کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔طویل عرصہ کے بعد وجےہزار ٹرافی میں کھیلتے ہوئے پہلے میچ میں ہی سنچری بناکر اپنے شاندار فارم کا مظاہرہ جاری رکھا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اس سال وراٹ کوہلی نے کون سی بڑی کامیابیاں اپنے نام کیں۔
آئی پی ایل خطاب :وراٹ کوہلی اپنے آئی پی ایل کریئر میں اب تک صرف رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کیلئے کھیلے ہیں۔ آر سی بی کی ٹیم ۲۰۰۹ء، ۲۰۱۱ء اور ۲۰۱۶ء کے فائنل تک پہنچی تھی لیکن ٹرافی جیتنے میں ناکام رہی تھی۔ آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں اس ٹیم نے چوتھی بار فائنل میں جگہ بنائی۔ اس بار مقابلہ پنجاب کنگز سے تھا، جسے آر سی بی نے ۶؍رن سے شکست دے کر اپنے طویل انتظار کو ختم کیا۔ کوہلی نے فائنل میچ میں ۳۵؍گیندوں پر ۴۳؍ رنوں کی اہم اننگز کھیلی۔ انہوں نے پورے سیزن کے ۱۵؍ میچوں میں ۵۴ء۷۵؍ کے اوسط سے مجموعی طور پر ۶۵۷؍ رن بنائے۔
چمپئن ٹرافی :فروری اور مارچ کے درمیان چمپئن ٹرافی کا انعقاد ہوا، جسے ہندوستان نے اپنے نام کیا۔ ٹیم انڈیانے تقریباً ۱۲؍ سال بعد دوبارہ یہ ٹورنامنٹ جیتا، جس میں وراٹ کوہلی کا کردار کلیدی رہا۔ کوہلی نے پاکستان کے خلاف ناقابلِ شکست سنچری اننگز کھیلنے کے بعد سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف۸۴؍رن بنائے۔ دونوں بار انہیں ’پلیئر آف دی میچ‘ منتخب کیا گیا۔ کوہلی نے اس ٹورنامنٹ کے ۵؍ مقابلوں میں۵۴ء۵۰؍ کے اوسط سے ۲۱۸؍ رن بنائے۔
ایک فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں:وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی میں کھیلے گئے پہلے یکروزہ میچ میں۱۳۵؍ رنوں کی اننگز کھیل کر سچن تینڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کوہلی کسی ایک فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔ اگلے ہی میچ میں انہوں نے مسلسل دوسری سنچری بناتے ہوئے ۱۰۲؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ وراٹ کوہلی اب ون ڈے فارمیٹ میں ۵۳؍ سنچریاں مکمل کر چکے ہیں جبکہ سچن تینڈولکر نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں۵۱؍ سنچریاں بنائی تھیں۔
سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز:وراٹ کوہلی جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے ۳؍ میچوں میں ۱۵۱؍ کے اوسط سے ۳۰۲؍ رن بنا کر ’پلیئر آف دی سیریز‘ رہے۔ انہوں نے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر ۲۲؍ویں بار یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ سچن تینڈولکر (۲۰) اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے رینکنگ میں دوسرا مقام :وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے دورے پر ناقابلِ شکست ۷۴؍ رنوںکی اننگز کھیلنے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ون ڈے سیریز میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ اس کے نتیجے میں وہ مردوں کی ون ڈے رینکنگ میں ۲؍ درجے چھلانگ لگا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔