Inquilab Logo

ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ۲۰؍ سیریز میں لوٹنے کی متمنی

Updated: January 29, 2023, 11:05 AM IST | Mumbai

آج ٹیم انڈیا اور کیویز کے درمیان لکھنؤ میں دوسرا ٹی ۲۰۔مہمان ٹیم نے پہلا میچ جیت کر سیریز میں ۰۔۱؍ کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ کیویز سیریز جیتنا چاہیں گے

Indian players can be seen during the first T20 match against New Zealand. (PTI)
ہندوستانی کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ۲۰؍ میچ کے دوران دیکھے جاسکتے ہیں۔(پی ٹی آئی )

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی۲۰؍ میچ ہارنے کے بعد ہاردک پانڈیا کی قیادت میں نوجوان ہندوستانی کرکٹ ٹیم سیریز میں لوٹنے  کے ارادے کے ساتھ اتوار کو اکانا میدان پر اترے گی۔۳؍ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہارنے کے بعد اتوار کا میچ ویسے بھی ہندوستانی ٹیم کے لئے `کرویا مرو والا میچ ہوگا۔ میچ کو اپنے حق میں کرنے کیلئے نوجوانوں سے بھری ہندوستانی ٹیم کوجوش کے ساتھ ماضی کی غلطیوں کو دُہرانے سے گریز کرنا ہوگا جبکہ کپتان ہاردک پانڈیا بھی تجربات کے زیادہ استعمال سے پرہیز کریں گے۔ رانچی کے میچ میں ۷؍ گیند بازوں کے استعمال کے باوجود توقع سے زیادہ رن دئیے تھے جب کہ بیٹنگ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی نے ٹیم کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔ نتیجتاً ہندوستان اپنے گھریلومیدان پر ہارنے پر مجبور ہوا۔
 ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں  شاندار یارکر سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے ارشدیپ کی کارکردگی اپنی سرزمین پر اب تک توقع کے مطابق نہیں رہی ہے۔جمعہ کو میچ میں موقع ملنے پر انہیں وائیڈ بال پر لگام کسنی ہوگی وہیں طوفانی گیندباز عمران ملک اور شیوم ماوی کو لائن اورلینتھ کو کنٹرول کرکے کیوی بلے بازوں کے لئے مشکلات پیدا کرنا ہوں گی۔ رانچی میں اسپنرس کے لئے مددگار رہی پچ پر واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادو کی کارکردگی عمدہ رہی۔ سندر نے نیوزی لینڈ کے دو اہم وکٹ حاصل کرنے کے بعد شاندار نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ ٹیم کی شکست کو روکنے میں ناکام رہے۔
 اگلے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر ہندوستانی ٹیم میں تجربات کا سلسلہ جاری ہے۔ تجربہ کار کوچ راہل دراوڑ کی قیادت میں پرجوش کھلاڑیوں نے خود کو ثابت بھی کیا ہے، لیکن ٹاپ آرڈر کی ناکامی رانچی میں شکست کی ایک بڑی وجہ بن کر سامنے آئی ہے۔ اب سیریز کے فیصلہ کن میچ میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کپتان پانڈیا اور کوچ دراوڑ ٹاپ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہیں یا پھرآخری پلیئنگ الیون پر ہی بھروسہ کریں گے۔ ان فارم پرتھوی شا کے مستقبل کا فیصلہ بھی اتوار کے میچ میں ہو سکتا ہے۔ٹی ۲۰؍میچ کے لحاظ سے اکانا گراؤنڈ اب تک ہندوستان کیلئے خوش قسمت رہا ہے۔ ٹیم انڈیا نے یہاں ۲؍ ٹی۲۰؍ میچ کھیلے ہیں جہاں اس نے ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کو شکست دی ہے۔ یہاں سنیچر کو ہونے والی بارش کے بعد سنیچر کی چمکیلی دھوپ زمین پر پھیلی ہوئی نمی کو جذب کرنے کا کام کرے گی۔ تقریباً۴۰؍ ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اکانا کے خوبصورت میدان  میں ہونے والے میچ کے تقریباً تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ نوابوں کا شہر کرکٹ کے خمارمیں ڈوبا ہوا ہے۔ پانڈیا کی ٹیم لکھنؤ کو جیت کا تحفہ دے کر سیریز کو زندہ رکھنا چاہے گی۔

T twenty Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK