Inquilab Logo

منیجرایرک یونائٹیڈ میں کرسٹیانو رونالڈوکے مستقبل کے تعلق سے گفتگو کریں گے

Updated: July 27, 2022, 2:06 PM IST | Agency | Manchester

رونالڈوکلب چھوڑنا چاہتے ہیں اور انہوںنے پری سیزن مقابلوں میں شرکت بھی نہیں کی۔ ایرک نے دورہ سے قبل بھی پرتگالی اسٹار سے بات چیت کی تھی

Cristiano Ronaldo. Picture:INN
کرسٹیانو رونالڈو ۔ تصویر: آئی این این

مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کے منیجر ایرک ٹین ہیگ نے کہاکہ وہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانورو نالڈو سے ان کے مستقبل کے تعلق سے بات چیت کرنے والے ہیں۔ خیال رہے کہ رونالڈو اس موسم گرما یونائٹیڈ کو خیرباد کہنے والے تھے لیکن کلب کے کوچ ایرک ٹین ہیگ نے کہاتھا کہ رونالڈو کو ہم فروخت نہیں کرناچاہتے ہیں۔  ریئل میڈرڈ اور یووینٹس فٹبال کلبوں میں کھیلنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے مانچسٹریونائٹیڈ سے معاہدہ کیا تھا تاہم گزشتہ فٹبال سیزن ان کے لئے اچھا نہیں رہا اور وہ یونائٹیڈ کیلئے قابل قد رمظاہرہ نہیں کرسکے تھےجس کی وجہ سے وہ اب کلب چھوڑنے کے تعلق سے سوچ رہے ہیں۔ انہوںنے یونائٹیڈ کے پری سیزن مقابلوں میں بھی شرکت نہیں کی  جوکہ تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلے گئے تھے۔  رونالڈو نے اب بھی اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ شروع نہیں کی ہے اور ان کے تعلق سے کچھ واضح خبریں نہیں آرہی ہیں۔ اس سے قبل ایرک ٹین ہیگ نے کہا تھا کہ کلب رونالڈو کو فروخت نہیں کرنا چاہتا ہے۔ ایرک ٹین ہیگ نے کہاکہ رونالڈو سے میری اچھی بات چیت ہے اور مجھے امید ہےکہ وہ کلب کی جانب سے کھیلنے کیلئے راضی ہوجائیں گے۔ اس وقت وہ ٹیم کے ساتھ نہیں ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔ 
 بہت دنوں سے قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ رونالڈو اب مانچسٹر کی جانب سے نہیں کھیلیں گے اس لئے وہ کلب سے دو ر ہیں۔ انہو ں نے اسکواڈ کے ساتھ تھائی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ بھی نہیں کیا تھا۔ اب جبکہ یونائٹیڈ کی ٹیم مانچسٹر لوٹ آئی ہے اور نئے سیزن کی تیاری میں مصروف ہے وہ کلب کے ساتھ نہیں ہیں۔   ایرک ٹین ہیگ پوری کوشش کررہے ہیں کہ رونالڈو کلب کے ساتھ رہیں کیونکہ  وہ پہلی بار مانچسٹر یونائٹیڈ کے ساتھ نئے سیزن کا آغاز کرنے والے ہیں اس لئے وہ ایک مضبوط ٹیم کے ساتھ انگلش پریمیر لیگ میں شروعات کرنا چاہیں گے۔ ایرک ٹین نے کہاکہ رونالڈو کے ٹیم میں رہنے سے دیگر ٹیموں پر دبدبہ بڑھ جاتاہے ۔کلب پوری کوشش کررہا ہے کہ رونالڈو اس سیزن یونائٹیڈ کے ساتھ کھیلیں ۔ ہم سبھی  پُر امید ہیں کہ رونالڈو پریمیر لیگ میں کھیلیں گے اور کلب کو چمپئن بنانے میں مدد کریں گے۔  اس وقت رونالڈو اپنی قومی فٹبال ٹیم پرتگال کے ساتھ پریکٹس کررہے ہیں جبکہ انہیں اپنے کلب کی ٹیم کے ساتھ مانچسٹر میں ہونا چاہئے تھا۔ اب اگلے ہفتے تک یہ واضح ہوجائے گا کہ رونالڈو یونائٹیڈ میں رہیں گے یا کسی اور کلب سے ان کی بات چیت چل رہی ہے۔ گزشتہ سیزن میں رونالڈو یونائٹیڈ کے  ٹاپ اسکورر تھے اور ای پی ایل کی فہرست میں وہ تیسرے ٹاپ اسکورر تھے۔ اس کے باوجود ان کا کلب لیگ میں کچھ خاص نہیں کرسکا اور چمپئن شپ  اس کے روایتی حریف مانچسٹر سٹی نے جیت لی تھی۔ یونائٹیڈ نے بھی رونالڈو کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ کیا تھا جوکہ اس موسم گرمامیں ختم ہوجائے گا اور رونالڈو اس میں توسیع نہیں کرناچاہتے ہیں۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK