Inquilab Logo

ہندوستان اورانگلینڈ کا مقابلہ برابری پرختم

Updated: January 16, 2023, 1:48 PM IST | Rourkela

ہاکی ورلڈ کپ کے میچ میں ہندوستان کے کھلاڑی انگلش ٹیم کے سامنے گول کرنے میں ناکام ۔مقابلہ بغیر گول کے اختتام کو پہنچا

In the Hockey World Cup match, the teams of India and England competed fiercely
ہاکی ورلڈ کپ کے میچ میں ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے زبردست مقابلہ کیا

اتوار کو یہاں ہونے والے مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ  کے میچ میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ بغیرگول کے ختم ہوا۔ پول ڈی کے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی انگلش ٹیم کے سامنے گول کرنے میں ناکا م رہے۔ انگلینڈ کا دفاع بہت مضبوط تھا اور اس کے کھلاڑیوں نے میزبان ٹیم کے فارورڈ کو آگے بڑھ کرکھیلنے سے روکے رکھا۔ اس ڈرا سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملاہے۔میچ برابری پرختم ہونے سے ٹیم انڈیا کو پریشانی ہوگی اوراسے اگلا میچ جوکہ ویلز سے ہوگا، اس میں زیادہ گول فرق سے کامیابی حاصل کرنی ہوگی کیونکہ پول ڈی سے ۲؍ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں گی۔ 
جرمنی نے جاپان کو شکست د ی 
  دو بار کی عالمی چمپئن جرمنی نے  ایف آئی ایچ مینزہاکی ورلڈ کپ۲۰۲۳ءمیں پول بی کے  مقابلے میں جاپان کو۰۔۳؍گول سے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے میٹس گرمبش (۳۶؍ویں منٹ)، کرسٹوفر رور (۴۱؍ویں) اور تھیس پرنس (۴۹؍ویں) نے گول کئے۔ سابق عالمی چمپئن جرمنی نے پہلے ہی منٹ سے جارحانہ انداز اختیاراس کے باوجود پہلے اور دوسرے کوارٹر میں اسے کوئی کامیابی نہیں ملی۔ ابتدائی ہاف میں جاپان کے دفاع کو توڑنے کی ناکام کوششوں کے بعد جرمنی نے تیسرے کوارٹر میں کوریائی ہاف میں مزید دلیری سے آگے بڑھنا شروع کیا۔ انہیں اس کا پھل۳۶؍ ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کے ساتھ ملا، جسے کپتان گرمبش نے گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو۰۔۱؍ گول کی برتری دلائی۔آخری کوارٹر میں جرمنی نے تھکے ہوئے جاپانی دفاع کو آسانی کے ساتھ بار بار توڑا۔ میچ کے۴۹؍ویں منٹ میں پرنس نے رور کی مددسے جرمنی کی جانب سے تیسرا گول کیا۔ جاپان نے آخری منٹوں میں لگاتار۲؍پنالٹی حاصل کیں، لیکن دونوں میں سے کسی کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا، جس کے نتیجے میں ایشیائی ٹیم کو۰۔۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جرمنی اس فتح  کے ساتھ پول بی میں دوسرے نمبر پر چلا گیا۔
اسپین کی کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار
  اسپین نے اتوار کو پول ڈی کے مقابلے میں ویلز کوایک کے مقابلے ۵؍گول  سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھاہے ۔راؤرکیلا کے برسا منڈا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے یکطرفہ میچ میں مارک رینی (۱۷؍ویں اور ۳۹؍ویں منٹ میں) اور مارک میریلس (۳۳؍ویں اور ۵۶؍ویں  منٹ میں) نے اسپین کی جانب سے ۲۔۲؍گول کئے تھے جبکہ کپتان الوارو ایگلیسیاس (۲۳؍ویں منٹ میں) نے ایک گول کیا۔ ویلز کا واحد گول جیمس کارسن نے۵۳؍ویں منٹ میں کیا۔اسپین کے کوچ میکس کالڈاس نے میچ شروع ہونے سے پہلے کہا تھا کہ وہ ہندوستان کے خلاف ضرورت کے مطابق تیز نہیں تھے اور آج صورت حال مختلف ہونی چاہئے۔ کالڈاس کے الفاظ ان کی ٹیم کے کھیل میں دیکھنے کو ملے اور اسپین نے پہلے ہی کوارٹرمیں ۱۲؍ مرتبہ  ویلز کے ہاف میں جگہ بنائی۔ پہلے کوارٹر میں کامیابی نہ ملنے کے باوجود اسپین نے اپنی توانائی کم نہیں ہونے دی۔ نتیجے کے طور پر رینے اور ایگلیسیاس کے گول نے انہیں ہاف ٹائم سے پہلے۰۔۲؍کی برتری دلا دی۔ رینے نے گول کیپر کے پیروں کے درمیان سے گیند کو نکال کر اسپین کا کھاتہ کھولا جبکہ اگلیسیاس نے جیرارڈ کلیپس کے صبر آزما پاس سے دوسرا گول کیا۔ ہاف ٹائم سے عین قبل اسپین کو ایک پنالٹی اسٹروک ملا، لیکن میرالس اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔میرالس نے ہاف ٹائم کے۳؍ منٹ بعد اپنی غلطی کی اصلاح کی اور پنالٹی کارنر سے گول کر کے اسپین کی برتری کو۰۔۳؍ کر دیا۔ رینے نے ۶؍ منٹ بعد میچ کا اپنا دوسرا گول کیا۔ ویلز۰۔۴؍گول  پیچھے رہنے کے بعد میچ سے باہر ہوچکاتھا، حالانکہ کارسن نے چوتھے کوارٹر میں گول کرکے انہیں خوش ہونے کا ایک موقع دیا۔ اس کے ساتھ ہی کارسن مینز ورلڈ کپ میں ویلز کے لئے گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
پیر کو ورلڈ کپ میں ۴؍میچ ہوں گے
 مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء میں ۴؍میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ پول سی میں ملائیشیا اور چلی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ایک بجے شروع ہوگا۔ پول سی میں ہی دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈس کے درمیان کھیلا  جائے گا۔ یہ میچ ۳؍بجے شروع ہوگا۔ پول اے میں دن کا تیسرا میچ کھیلا جائے گا جو فرانس اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔ یہ میچ ۵؍بجے شروع ہوگا۔ دن کا آخری میچ ۷؍بجے شروع ہوگا اور یہ ارجنٹائنا اور آسٹریلیا کے مابین ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK