• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز روہت شرما کے لیے مایوس کن، چار اننگز میں صرف ۳۰ ؍رن

Updated: November 16, 2026, 9:03 PM IST | New Delhi

آخری مقابلے میں بھی ناکامی کا سامنا، ۷ء۵؍ کے اوسط سے سیریز ختم۔ روہت کےخراب فارم نے ۲۰۲۷ ءکے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل ہندوستانی ٹیم کی تشویش بڑھادی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز ہندوستان کے تجربہ کار اوپنر اور سابق کپتان روہت شرما کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی۔

Rohit Sharma.Photo:X
روہت شرما۔ تصویر:ایکس

آخری مقابلے میں بھی ناکامی کا سامنا، ۷ء۵؍ کے اوسط سے سیریز ختم۔ روہت کےخراب فارم نے ۲۰۲۷ ءکے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل ہندوستانی ٹیم کی تشویش بڑھادی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز ہندوستان کے تجربہ کار اوپنر اور سابق کپتان روہت شرما کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی۔ ہندوستانی ٹیم نے سیریز  ۱۔۳؍ سے اپنے نام کرلی، لیکن روہت اپنی بلے بازی سے کوئی خاص اثر چھوڑنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے سیریز کی چار اننگز میں مجموعی طور پر صرف ۳۰؍ رنز بنائے، جبکہ دو مرتبہ وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ ان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ۲۳ ؍رنز کی رہی۔ اس طرح روہت نے محض ۷ء۵؍ کے اوسط سے سیریز مکمل کی، جو ان کے حالیہ بین الاقوامی کریئر کی مایوس کن کارکردگیوں میں شمار کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:دلجیت دوسانجھ نے راحت اندوری کا شعر سنا کر مخالفین کو جواب دیا

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں روہت شرما کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ان کے اسکور بالترتیب صفر، ۲۳، صفر اور ۷ ؍رنز رہے۔ پہلے ون ڈے میں وہ کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، جبکہ دوسرے مقابلے میں انہوں نے ۲۳؍رنز بنائے۔ بارش سے متاثرہ تیسرے میچ میں انہیں بلے بازی کا موقع نہیں ملا۔ چوتھے ون ڈے میں وہ پہلی ہی گیند پر گولڈن ڈک کا شکار ہوگئے، جبکہ پانچویں اور آخری مقابلے میں بھی ان کا بلا خاموش رہا اور وہ صرف ۷ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔آخری ون ڈے میں روہت نے ۱۳ ؍گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکا لگایا۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میتھیو فشر نے انہیں مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ کرایا۔ اس طرح سیریز کا اختتام بھی ان کے لیے مایوسی کے ساتھ ہوا۔
روہت شرما کے لیے اس سیریز کی سب سے زیادہ تشویش ناک بات صرف کم رنز بنانا نہیں بلکہ ان کی بیٹنگ اوسط بھی رہی۔ چار اننگز میں ۳۰ ؍رنز کے ساتھ ان کے اوسط ۷ء۵؍ رہی۔ رپورٹس کے مطابق یہ کسی دوطرفہ ون ڈے سیریز میں اوپنر کی حیثیت سے ان کی کم ترین اوسط ہے۔ نیوزی لینڈ کی تیز اور باؤنس والی پچوں پر وہ گیند کی رفتار اور سوئنگ کے مطابق خود کو ڈھالنے میں مشکلات کا شکار نظر آئے۔نیوزی لینڈ میں ان کی مجموعی ون ڈے کارکردگی پر بھی اس سیریز کا اثر پڑا ہے۔ سیریز سے قبل وہ وہاں ۱۴ ؍میچوں میں ۴۳۷ ؍رنز بناچکے تھے، لیکن حالیہ دورے کی چار اننگز کے بعد ان کے رنز کی تعداد ۴۶۷ ؍ہوگئی اور اوسط کم ہوکر ۲۹ء۱۸؍ رہ گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ روہت شرما کا سال ۲۰۲۶ ؍ مجموعی طور پر مکمل طور پر مایوس کن نہیں رہا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ۱۳۸ ؍رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ۱۰۱ ؍اور ۹۲ ؍رنز بناکر اپنی بلے بازی کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تھا۔ تاہم نیوزی لینڈ کا دورہ ان کے لیے بالکل مختلف ثابت ہوا اور وہ اپنی سابقہ فارم برقرار نہ رکھ سکے۔ان کی ناکامی نے اس سوال کو بھی اہم بنادیا ہے کہ کیا وہ آئندہ بڑے بین الاقوامی مقابلوں، خصوصاً ۲۰۲۷ءکے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے اپنی بہترین فارم دوبارہ حاصل کرپائیں گے؟

یہ بھی پڑھئے:جے شاہ آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے دوسری مدت کے لیے بلا مقابلہ منتخب

۲۰۲۷ ءکا ون ڈے ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہونا ہے۔ ایسے میں نیوزی لینڈ کی طرح تیز گیند بازوں کے لیے سازگار پچوں پر روہت کی مشکلات ہندوستانی ٹیم کے لیے توجہ طلب معاملہ بن گئی ہیں۔ ٹیم انتظامیہ چاہے گی کہ وہ آئندہ مقابلوں میں اپنی تکنیک اور اعتماد کو بہتر بنائیں، کیونکہ ایک تجربہ کار اوپنر کی حیثیت سے ان سے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرنے کی توقع رہتی ہے۔ہندوستان کی آئندہ سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز روہت کے لیے فارم میں واپسی کا موقع بن سکتی ہے۔ یہ سیریز ۱۳ ؍ دسمبر سے شروع ہونے والی ہے۔ تاہم نیوزی لینڈ میں ہونے والی ناکامیوں کے بعد ان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ صرف گھریلو پچوں پر ہی نہیں بلکہ بیرونِ ملک مشکل حالات میں بھی اپنی صلاحیت ثابت کریں۔
روہت شرما کی انفرادی ناکامی کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے پانچویں اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو ۲۲؍ رنز سے شکست دے کر سیریز ۱۔۳؍سے اپنے نام کرلی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰۹ ؍رنز بنائے، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ۱۸۷؍رنز پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کی جانب سے عرشدیپ سنگھ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد سراج اور اکشر پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے سیریز کا اختتام فتح پر کیا، لیکن روہت شرما کی خراب فارم نے ٹیم کی بیٹنگ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مجموعی طور پر نیوزی لینڈ کا یہ دورہ روہت شرما کے لیے ایک مشکل امتحان ثابت ہوا۔ اب شائقین کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ وہ آئندہ سیریز میں کس طرح اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہیں اور ۲۰۲۷ءکے عالمی کپ سے پہلے دوبارہ اپنی پرانی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرپاتے ہیں یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK