ہندوستان نے میزبان ٹیم کو ۸۸؍رنوں سے ہراکر سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی،ہرمن پریت کور کی جارحانہ سنچری
Updated: September 23, 2022, 12:47 PM IST | Agency | Canterbury
ہندوستان نے میزبان ٹیم کو ۸۸؍رنوں سے ہراکر سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی،ہرمن پریت کور کی جارحانہ سنچری
کپتان ہرمن پریت کور(۱۴۳)کی ناٹ آؤٹ سنچری اور ہرلین دیول(۵۸)کی ہاف سنچری کی مدد سے ہندوستان کی خاتون ٹیم نے گزشتہ روز کھیلے گئے یکروزہ میچ میں انگلینڈ کو ۸۸؍رنوںسے شکست دے کر ۳؍ میچوں کی سیریز میں دوصفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ۔یاد رہے کہ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ان کی سرزمین پر ۱۹۹۹ء میں یکروزہ سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔ ۲۳؍سال بعد ایک بار پھر ہندوستان کی خاتون ٹیم نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ کپتان ہر من پریت کور نے ۱۱۱؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ناٹ آؤٹ اننگز میں ۱۸؍چوکے اور ۴؍چھکے مارے۔ ہرلین نے ۷۲؍ گیندوں کی اپنی اننگز کے دوران ۵؍چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ان دونوںنے چوتھے وکٹ کیلئے ۱۱۳؍رنوں کی شاندار شراکت نبھائی ۔بڑے اسکور کے تعاقب میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم ۴۴ء۲؍ اوور میں ۲۴۵؍رنوں پر ہی سمٹ گئی۔انگلینڈ کیلئے ڈینی وہائٹ نے سب سے زیادہ ۶۵؍رن بنائے۔ ہندوستان کیلئے رینوکا سنگھ نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ۵۷؍رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۳۳۳؍ رن بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم ۲۴۵؍ رن ہی بنا سکی۔