Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹم وہائٹ ہندوستان کی جونیئر خاتون ہاکی ٹیم کے کوچ مقرر

Updated: April 11, 2026, 12:40 PM IST | New Delhi

ہاکی انڈیا نے جمعہ کو باضابطہ طور پر ٹم وہائٹ کو ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کا کوچ مقرر کیا ہے۔

Junior hockey team coach Tim White. Photo: INN
جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ ٹم وہائٹ۔ تصویر: آئی این این

ہاکی انڈیا نے جمعہ کو باضابطہ طور پر ٹم وہائٹ کو ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کا کوچ مقرر کیا ہے۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ٹم وہائٹ نے حال ہی میں جنوری ۲۰۲۶ءمیں ہاکی انڈیا لیگ (ہیرو ایچ آئی ایل) میں اکورڈ تمل ناڈو ڈریگنز کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔ اب وہ ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ ان کا بنیادی ہدف بین الاقوامی سطح کے اگلی نسل کے کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ 
ہندستان آنے سے قبل وہائٹ بلجیم کی انڈر۔ ۲۱؍ خواتین ٹیم کے کوچ تھے، جہاں انہوں نے دسمبر ۲۰۲۵ء میں منعقدہ جونیئر ورلڈ کپ میں ٹیم کو کانسے کا تمغہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ۲۰۲۱ءسے ۲۰۲۴ء کے درمیان وہ بلجیم کی قومی خواتین ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا بھی اہم حصہ رہے۔ اس دوران ٹیم نے عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے ۱۲؍ویں مقام سے تیسرے مقام تک رسائی حاصل کی اور خاص طور پر ۲۰۲۴ء پیرس اولمپکس کے سیمی فائنل تک پہنچی۔ 

یہ بھی پڑھئے: آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: ہسرنگا کی جگہ ایل ایس جی ٹیم میں شامل ہوئے جارج لِنڈے

اپنی تقرری پر ٹم وہائٹ نے کہا’’تمل ناڈو ڈریگنز کے کوچ کے طور پر حالیہ عرصہ ہندوستان میں گزارنے کے بعد، میں یہاں کے بے پناہ جذبے اور ہاکی کی بھرپور روایت سے متاثر ہو کر واپس آیا ہوں۔ جونیئر ورلڈ کپ میں ہندوستان کیخلاف کوچنگ کرتے ہوئے میں نے یہاں کی نوجوان صلاحیتوں کو قریب سے دیکھا ہے اور ایسے پُرجوش کھلاڑیوں کے ساتھ فل ٹائم پروگرام میں کام کرنے کا موقع میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میرا مقصد ایسے تکنیکی طور پر مضبوط کھلاڑی تیار کرنا ہے جو جونیئر اور سینئر ٹیم کے درمیان خلا کو پُر کر سکیں اور سینئر ٹیم میں اپنی جگہ بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہوں۔ ‘‘ 
ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے اس تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا’’ہمیں ٹم وہائٹ کو اپنی ٹیم میں شامل کر کے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ بلجیم اور آسٹریلیا کے جونیئر پروگرامز میں ان کا شاندار ریکارڈ خود ان کی قابلیت کا ثبوت ہے خاص طور پر جونیئر ورلڈ کپ میں ٹیموں کو پوڈیم تک پہنچانے میں ان کی کامیابی قابل ذکر ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اعلیٰ کارکردگی کی کوچنگ اور کھلاڑیوں کی تربیت میں ان کا وسیع تجربہ ہماری جونیئر خواتین ٹیم کو سینئر بین الاقوامی ہاکی کے چیلنجز کے لئے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK