لیگ میں خطاب اور ٹاپ ۴؍ کی پوزیشن کیلئے یونائٹیڈ اور سٹی کے درمیان اہم مقابلہ۔ یونائٹیڈ نے اس سیزن میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیاہے
EPAPER
Updated: January 14, 2023, 12:37 PM IST | Manchester
لیگ میں خطاب اور ٹاپ ۴؍ کی پوزیشن کیلئے یونائٹیڈ اور سٹی کے درمیان اہم مقابلہ۔ یونائٹیڈ نے اس سیزن میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیاہے
مانچسٹر یونائٹیڈ اور مانچسٹر سٹی فٹبال کلبوں کے درمیان انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں سنیچر کو مانچسٹر ڈربی کا ۱۸۹؍واں میچ کھیلا جائے گاجس میں یونائٹیڈ کی ٹیم سٹی کو اپنے گھریلو میدان اولڈ ٹریفورڈ میں شکست دینے کیلئے پوری کوشش کرے گی۔یہ دونوں ہی روایتی حریف ہیں۔
میزبان یونائٹیڈ کلب نے ای پی ایل میں مسلسل ۴؍میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے ٹیبل پر یونائٹیڈ کی پوزیشن بہتر ہوگئی ہے اور وہ نمبر ۴؍ پر ہے۔گزشتہ اوے میچ میں یونائٹیڈ نے بورن ماؤتھ کو صفر۔۳؍ گول سے ہرا دیا تھا جس میں کاسیمیرو، لیوک شا اور مارکس رشفورڈ نے گول کیا تھا۔
دوسری طرف مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی ٹیم گزشتہ ۳؍ اوے لیگ میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی اور اس نے گزشتہ جمعہ کو چیلسی پر صفر۔ ایک گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ای ایف ایل کپ میں دونو ںکی کہانی الگ الگ رہی تھی۔ یونائٹیڈ نے چارلٹن ایتھلیٹک کو ۰۔۳؍ گول سے ہرادیا تھا جبکہ مانچسٹر سٹی کو ساؤتھمپٹن کے ہاتھوں ۰۔۲؍ گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ ٹورنامنٹ سے جلد ہی باہر ہوگئی تھی۔ خطاب کیلئے اور ٹاپ ۴؍ کی پوزیشن کیلئے یہ مقابلہ دونوں ہی ٹیموں کیلئے اہم ہے اس لئے دونوں ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گی۔
یہ دونوں ٹیمیں سبھی ٹورنامنٹ میں ۱۸۸؍مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں۔ سٹی کے مقابلے یونائٹیڈ کے اعدادوشمار اچھے ہیں۔ یونائٹیڈ نے ۷۷؍مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ سٹی کو ۵۸؍ میچوں میں کامیابی ملی ہے۔ ۵۳؍ میچ ڈر ا ہوئے تھے۔ سٹی نے میزبان فٹبال کلب کے خلاف گزشتہ ۳؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اکتوبر میں سٹی نے ۳۔۶؍ گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔
سبھی ٹورنامنٹ کے گزشتہ ۶؍میں سے ۵؍ میچوں میں یونائٹیڈ کے کھلاڑی سٹی کے خلاف گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ میزبان یونائٹیڈ نے مسلسل ۸؍میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور ۴؍ میچوں میں گول بھی نہیں کھائے ہیں۔اس وقت سٹی کے پاس اچھا اٹیکنگ مجموعہ ہے۔ اس سیزن کے ۱۷؍ میچوں میں سٹی نے ۴۵؍ گول کئے ہیں اور یونائٹیڈ نے اتنے ہی میچوں میں ۲۷؍ گول کئے ہیں۔ یونائٹیڈ کا اس سیزن میں گھریلو ریکارڈ اچھا رہا ہے اور اس نے گزشتہ ۴؍گھریلو میچوں میں ۳؍گول کئے ہیں۔