Inquilab Logo

آج کلدیپ یادو اور یزویندر چہل کی اسپن گیندبازی کا مقابلہ

Updated: April 22, 2022, 11:13 AM IST | Agency | Mumbai

کلائی کے جادوگر کلدیپ یادو دہلی کپیٹلز کےلئے جبکہ یزویندر چہل راجستھان رائلس کی کامیابی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں،دلچسپ مقابلے کی امید

 All eyes will be on Kuldeep Yadav and Yuzvendra Chaha.Picture:PTI
کلدیپ یادو اور یزویندر چہل(بائیں) پر ہوںگی سب کی نگاہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

لگاتار شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی راجستھان رائلس کا اعتماد کافی بڑھا ہوا ہے اور ایسے میں جمعہ کو ہونے والے دہلی کپیٹلز کے خلاف اس کا پلڑا بھاری رہنے کی امید ہے۔راجستھان اور دہلی کے اس میچ میں نظریں اسپن گیند باز یزویندر چہل اور کلدیپ یادو پر ہوںگی جو اپنی اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔آرینج کیپ  جوس بٹلر (۳۷۵؍ رن) اور پرپل کیپ یافتہ یزویندر چہل (۱۷؍وکٹیں) کے موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے راجستھان رائلس کی ٹیم کافی مضبوط نظر آرہی ہے۔دریں اثنا مڈل آرڈر میں شمرون ہیتھ میئر کو چھوڑکر دیگر بلے باز اب تک ناکام ثابت ہوئے ہیں اس کے باوجود اب تک راجستھان کو اس کی کمی محسوس نہیں ہورہی ہے کیوںکہ ٹاپ آرڈر میں کوئی نہ کوئی بلے باز اچھی بلے بازی کر رہا ہے۔ دوسری جانب دہلی کپیٹلز کی بات کی جائے تو کورونا کے سبب چند کھلاڑیوں کے متاثر ہونے کے باوجود  انہوںنے گزشتہ میچ میں پنجاب کنگز کو شکست دی تھی۔کلائی کے جادوگر کلدیپ یادو ۱۳؍وکٹ لے کر سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے گیندبازوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر ہیں۔وہ راجستھان رائلس کے اسٹار بلے باز جوس بٹلر کو اچھا چیلنج پیش کر سکتے ہیں۔کلدیپ یادو،اکشر پٹیل اور للت یادو کی حکمت عملی وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ رن ریٹ کو بھی قابو میں رکھنے کی ہوگی۔حالانکہ ممبئی کی وانکھیڈے کی پچ پر بٹلر جیسے بلے باز کو روکنا ان کےلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ وہیں یزویندر چہل کےلئے ڈیوڈ وارنر کے جارحانہ تیور پر قدغن لگانا بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔اس کے ساتھ ہی گیندبازوں کو پرتھوی شا اور کپتان رشبھ پنت کو بھی رن بنانے سے روکنا ہوگا۔ یزویندر چہل کوگزشتہ ٹی۔۲۰؍عالمی کپ ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا جبکہ کلدیپ یادو بھی خراب کارکردگی کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔اُس خراب دور سے گزرنے کے بعد یہ دونوں ہی گیندباز موجودہ آئی پی ایل میں اپنی گیندبازی سے سب کو متاثر کر  رہے ہیں۔
 دہلی کپیٹلز کے پاس مستفیض الرحمان اور خلیل احمد کی شکل میں بھی شاندار تیز گیندباز ہیں جو  کسی بھی مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔دوسری جانب راجستھان رائلس کے پاس آخری اووروں میں گیندبازی کرنے کےلئے عبید مکائے جیسا گیند باز موجود ہے جس نے کولکاتا کے خلاف شاندار آخری اوور ڈالا تھا۔گزشتہ میچ میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے گیندباز مکائے کو ان کے قد کا فائدہ گیندبازی میں مل رہا ہے۔دہلی کے بلے بازوں کو وہ پریشانی میں مبتلا کر سکتے ہیں۔
  راجستھان رائلس کی طرح مڈل آرڈر میں دہلی کو بھی تشویش لاحق ہے۔رشبھ پنت کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز اب تک سامنے نہیں آیا ہے جو گیند بازوں کی دھنائی کر سکے۔مندیپ سنگھ اب تک ناکام رہے ہیں جبکہ سرفراز خان کو جتنا موقع ملا ہے اس میں وہ اپنی صلاحیت کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔کُل ملاکر یہ میچ کافی دلچسپ ثابت ہوگا جس میں شائقین کرکٹ کو یزویندر چہل اور کلدیپ یادو کی اسپن گیندبازی سے محظوظ ہونے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK