فرانس اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے تیار۔ انگلینڈ کی ٹیم بھی فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں داخل ہونے کی متمنی
EPAPER
Updated: December 10, 2022, 11:44 AM IST | Al-Khor
فرانس اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے تیار۔ انگلینڈ کی ٹیم بھی فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں داخل ہونے کی متمنی
یہاں کے البیت اسٹیڈیم میں سنیچر کی دیر رات فیفا ورلڈ کپ کے ۲؍ سابق چمپئن انگلینڈ اور فرانس کے درمیان مقابلہ ہونے والا ہے۔ فرانس عالمی کپ ۲۰۲۲ء میں دفاعی چمپئن ہے اور اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرنے کیلئے انگلینڈ کو مات دینے کی پوری کوشش کرے گا۔ دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم بھی عالمی کپ کے آخری ۴؍ میں جگہ بنانے کی متمنی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں ٹیموں نے یورپ کے اسٹار کھلاڑی کھیلتے ہیں۔
انگلینڈ نے سینیگال کو آسانی سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ فرانس نے پولینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر راؤنڈ ۸؍ میں جگہ بنائی تھی۔ ان دونوں ٹیموں نے ورلڈ کپ کے لیگ راؤنڈ میں بھی اپنے کھیل سے سبھی کو متاثر کیا تھا۔ انگلینڈ نے گروپ میں ایران اور ویلز پر شاندا رکامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس کا ایک میچ امریکہ کے ساتھ ڈرا ہوا تھا۔ اس وقت یہ ٹیم مشترکہ طورپر فیفا ورلڈ کپ کی زیادہ گول کرنے والی ٹیمو ں سرفہرست ہے۔انگلینڈ کی ٹیم نے اب تک ٹورنامنٹ میں ۱۲؍گول کئے ہیں اور اس کے پاس مزید گول کرنے کا سنہرا موقع ہے۔
دوسری طرف فرانس نے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی ۔ فرنچ ٹیم نے گروپ مرحلے میں ڈنمارک اور آسٹریلیا کو آسانی سے شکست دے دی تھی۔ دوسری طرف تیونس کے ساتھ ہونے والے میچ میں اسے صفر۔ ایک گول سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ فرانس کی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک ۹؍ گول کئے ہیں اور ان میں سے ۵؍ گول تو اسٹار کھلاڑی کائلیان ایمباپے کے ہیں۔ایمباپے اس وقت اچھے فارم میں ہیں۔ ان کا ساتھ دیکھنے کیلئے اولیور جیرو بھی موجود ہیں۔ ان دونوں نےحریف ٹیموں کے نام میں دم کردیاہے اور وہ مسلسل گول کررہے ہیں۔
فرانس اور انگلینڈ کے درمیان گزشتہ سب سے بڑا مقابلہ یورو کپ ۲۰۱۲ء میں ہوا تھا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے ختم ہوا تھا۔ فرانس نے ۲۰۰۴ء میں ہونے والے یوروکپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ اگر ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ انگلینڈ نے فرانس کو کب شکست دی ہے تو ہمیں ۱۹۸۲ء کے فیفا ورلڈ کپ کو دیکھنا ہوگا۔ ۲۰۱۷ء کے موسم گرما میں بھی یہ ٹیمیں ایک دوستانہ میچ میں آمنے سامنے آئی تھیں۔ اس میچ میں فرانس کو۲۔۳؍ گول سے کامیابی ملی تھی لیکن اس کے دفاعی کھلاڑی رافیل ویرانے کو ریڈ کارڈ ملا تھا اور وہ میدان سے باہر ہوگئے تھے۔انگلینڈ کے کوچ گیریتھ ساؤتھ گیٹ گول کرنے کیلئے صرف ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کررہے ہیںبلکہ ان کے سبھی گول کرنے میں اپنا تھوڑا تھوڑا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انگلینڈ کے الگ الگ ۸؍کھلاڑیوں نے اس ٹورنامنٹ میں گول کئے ہیں اور وہ اس وقت زیادہ گول کرنے کے معاملے میں فہرست میں مشترکہ طورپر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کئے ہوئےہے۔