Inquilab Logo

ممبئی انڈینس اور راجستھان رائلز میںآج آر پار کی جنگ

Updated: October 05, 2021, 1:58 PM IST | Agency | Sharja

آج شکست پانے والی ٹیم آئی پی ایل ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی۔ممبئی انڈینس کو اچھے رن ریٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ راجستھان رائلز کی ٹیم اہم مقابلے کیلئے پُرعزم

Rohit Sharma.Picture:INN
روہت شرما۔ تصویر: آئی این این

؍۵؍مرتبہ کی چمپئن ممبئی انڈینس اور راجستھان رائلز یہاں آئی پی ایل کے `کرو یا مرو  میچ میں منگل کو آمنے سامنے ہوں گے۔ اس میچ میں جیت دونوں ٹیموں کے لیے پلے آف میں پہنچنے کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ دوسری ٹیم کی  امیدبرقرار رہے گی اور اسے اپنا۱۴؍ واں اور آخری میچ کسی بھی قیمت پر جیتنا ہو گا۔  اعتماد کی بات کریں تو پچھلے میچ میں  نمبر وَن ٹیم چنئی سپرکنگز کو۷؍ وکٹ سے ہرانے کے بعد جہاں رائلز کے حوصلے بلند ہیں وہیں ممبئی دہلی کیپٹلز  سے ۴؍ وکٹ سے ہار کر آرہی ہے۔ نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے بھی راجستھان ممبئی سے اوپر ہے۔ دونوں ٹیمیں۱۲؍ میں سے ۵؍ میچ جیتنے کے بعد۱۰؍ پوائنٹس پر ہیں ، اس کے باوجود راجستھان کا نیٹ رن ریٹ منفی ۰ء۳۳۷؍  ہے ، جبکہ ممبئی کا منفی ۰ء۴۵۳؍ ہے۔ پوائنٹس ٹیبل میں ہمیشہ تبدیلی کے پیش نظر یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ گروپ مرحلے کے آخر میں  نیٹ رن ریٹ  ہی پلے آف میں کوالیفائی  کرنے والی چوتھی  ٹیم کے لئے اہم کرداراداکرے گا۔ ایسی صورت میں  دونوں ٹیموں کی نظر میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ نیٹ رن ریٹ پر بھی ہوگی۔ ممبئی کی ٹیم کے لیے اس سیزن میں اب تک  سب سے بڑا سردرد ان کی مڈل آرڈر بیٹنگ رہی ہے۔۲۸؍ ستمبر کو پنجاب کنگز کے خلاف کھیلے جانےوالے میچ میں بے شک سوربھ تیواری ، ہاردک پانڈیا اور کیرون پولارڈ نے عمدہ اننگز کھیلی تھی، لیکن پچھلے میچ میں دہلی جیسے خطرناک گیندبازی  اٹیک کے خلاف اس کی بلے بازی لڑکھڑا گئی تھی ۔ پنجاب کے خلاف میچ میں سوربھ ، ہاردک اور پولارڈ نے بالترتیب ۳۷؍ گیندوں پر۴۵،۳۰؍ گیندوں پر۴۰؍ اور ۷؍ گیندوں پر۱۵؍ رن کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ۶؍ وکٹوں سے فتح دلائی تھی ، لیکن دہلی کے خلاف میچ میں ان تینوں بلے بازوں میں سے کوئی موثر نہیں رہا۔ دوسری طرف راجستھان رائلزنے ٹاپ رینکنگ ٹیم چنئی سپرکنگزکو آخری ہائی اسکورنگ میچ میں ۷؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چنئی نےریتوراج گائیکواڈ کی دھماکہ خیز سنچری کی بدولت مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ کےنقصان پر۱۸۹؍رن کا بڑا اسکور بنایا تھا۔ جواب میں راجستھان نے سلامی بلے بازوں ایون لوئیس اور یشسوی جیسوال  اورشیوم دوبے کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت۱۷ء۳؍ اوور میں ۳؍ وکٹ پر ۱۹۰؍ رن بناکر میچ جیت لیا تھا۔ شیوم نے ۴۲؍گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۶۴؍رن ، یشسوی جیسوال نے۲۱؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۰؍رن  اور لوئیس نے۱۲؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۲۷؍ رن کی طوفانی اننگز کھیل کر شاندار جیت دلائی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK