ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں ٹیم انڈیا کا آسٹریلیا سے مقابلہ۔ دوسری بار فائنل میں پہنچنے والی ٹیم انڈیا پہلی بار خطاب جیتنا چاہے گی
EPAPER
Updated: June 07, 2023, 11:21 AM IST | London
ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں ٹیم انڈیا کا آسٹریلیا سے مقابلہ۔ دوسری بار فائنل میں پہنچنے والی ٹیم انڈیا پہلی بار خطاب جیتنا چاہے گی
مہارت اور جذبے سے بھرپور ہندوستانی ٹیم بدھ کو آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کا فائنل میچ کھیلے گی۔ روہت شرما کی ٹیم آئی سی سی ٹائٹل کی ایک دہائی کی خشک سالی کو ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔ ڈبلیو ٹی سی کے آخری ۲؍ راؤنڈ میں ہندوستان سب سے زیادہ مستقل مزاج ٹیم رہی ہے۔ پچھلے۱۰؍برسوں میں ایک یا دو ٹورنامنٹس کو چھوڑ کر، ہندوستان ہر بار ناک آؤٹ تک پہنچا ہے لیکن ایک بار پھر ٹائٹل نہیں جیت سکا۔ ۲۰۲۱ء کے ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں بھی ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دوسری بار فائنل میں پہنچنےوالی ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے کر پہلی بار خطاب پر قبضہ کرنا چاہے گی۔
اس بار ایک چیز خاص ہے، جو پچھلے کسی ٹورنامنٹ میں نہیں ہوئی۔ روہت شرما پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ روہت ایک بار بھی بطور کپتان کسی بھی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ نہیں ہارے ہیں۔ ان کی کپتانی میں ممبئی انڈینس۵؍ بار فائنل میں پہنچی ہے۔ ہر بار ٹیم نے ٹائٹل جیتا ہے۔ روہت نے چمپئن لیگ میں بھی ممبئی کی کپتانی کرتے ہوئے ایک بار خطاب جیتا ہے۔۳؍بار وہ مہندر سنگھ دھونی جیسے لیجنڈکپتانی کو شکست دے چکے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ایک بھی فائنل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے لیکن جب وراٹ کے آرام کے بعد روہت شرما کو کپتانی ملی تو ٹیم انڈیا دو بار ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔ ہندوستان نے۲۰۱۸ء میں نداہاس ٹرافی جیتی۔ روہت شرما ایشیا کپ۲۰۱۸ء میں بھی ہندوستان کے کپتان تھے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں میچوں میں ہندوستانی ٹیم آخری گیند پر جیت گئی۔ آئی پی ایل میں بھی ممبئی نے آخری گیند پر دو بار کامیابی حاصل کی ہے۔یعنی قسمت بھی روہت شرما کے حق میں ہے۔لیکن یہ آسٹریلوی ٹیم مضبوط ہے۔ اگر ٹیم انڈیا روہت شرما کی کپتانی میں ورلڈ چمپئن شپ جیت جاتی ہے تو یہ ان کے کپتانی کریئر کی سب سے بڑی ٹرافی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کی خشک سالی بھی ختم ہو جائے گی۔
ہندوستان اور آسٹریلیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ ٹائٹل کیلئے ٹکرانے کیلئے تیار ہیں جس کا فائنل۷؍ جون کو انگلینڈ کے اوول میں شروع ہوگا۔ آسٹریلیا۲۳۔۲۰۲۱ء میں ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل پر۱۹؍ ٹیسٹ میں۶۶ء۶۷؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں کینگروز کو۱۔۲؍سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اوول گراؤنڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے، جب جون میں ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ یہاں عام طور پر ستمبر میں ٹیسٹ میچ ہوتے ہیں۔ اس وقت سطح خشک ہوجاتی ہے۔ اسی لئے اوول گراؤنڈ اسپنرس کی مدد کرتا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ ٹیم انڈیا مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچی ہے۔ ٹیم۲۰۲۱ء میں نیوزی لینڈ سے ہار کر رنر اپ رہی تھی۔ اس کے ساتھ ہی کینگروز کا پہلا ٹیسٹ فائنل ہے۔ یہ میچ ڈیوک بال سے کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے۔