سائیکلنگ کی غیراعلانیہ عالمی چمپئن شپ ۳؍ہفتوں تک جاری رہے گی۔ ٹیم کے ساتھ کورونا ٹیسٹ کیلئے خصوصی شخص بھی
EPAPER
Updated: August 31, 2020, 12:46 PM IST | Agency | Paris
سائیکلنگ کی غیراعلانیہ عالمی چمپئن شپ ۳؍ہفتوں تک جاری رہے گی۔ ٹیم کے ساتھ کورونا ٹیسٹ کیلئے خصوصی شخص بھی
ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کو سائیکلنگ کی غیر اعلانیہ عالمی چمپئن شپ سمجھا جاتا ہے۔ رواں برس یہ چمپئن شپ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دو ماہ کی تاخیر سے شروع ہوئی ہے۔ ۲۰۲۰ءکی ٹورڈی فرانس ایک ایسے وقت پر شروع ہوئی ہے جب کورونا وائرس کی وبا ایک مرتبہ پھر فرانس میں زور پکڑتی محسوس ہو رہی ہے۔ سائیکلنگ کے اس مقابلے کا بظاہر آغاز تو ہو گیا ہے لیکن بے یقینی نے منتظمین اور تمام کھلاڑیوں کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ انٹرنیشنل سائیکلنگ اسوسی ایشن کے سربراہ کرِس فروم نے تمام ٹیموں کے ایتھلیٹوں کو ہر وقت محتاط رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیرو رسک لینے سے بھی دور رہیں۔ سنیچر کو ٹورڈی فرانس کے پہلے مرحلے کا باضابطہ آغاز فرانس کے جنوب مشرقی ساحلی شہر نیس سے ہوا۔ اس مرحلے یا اسٹیج میں سائیکل سوار۱۵۴؍ کلو میٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔سابقہ پلان کے مطابق اس ریس کا آغاز جون میں ہونا تھا۔ یہ ریس ۳؍ ہفتے تک جاری رہے گی۔ اس کا اختتام ۲۱؍ستمبر کو پیرس کی مشہور شاہراہ شانزے لیزے پر ہو گا۔ آخری اسٹیج میں سائیکل سواروں کو۱۲۲؍ کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہو گا۔امسال ٹورڈی فرانس چمپئن شپ کووڈ ۱۹؍کی وبا کے تناظر میں بہت محتاط اور منفرد ماحول میں شروع ہوئی ہے۔ سائیکل سواروں کے ساتھ روانہ ہونے والی لازمی امدادی اور انتظامی ٹیموں میں وائرس ٹیسٹنگ ٹیم کو بھی شامل کیا گیا ہے جو وقفے وقفے سے مقابلے میں شریک رائیڈرس کے ٹیسٹ کرتی رہے گی۔سائیکل سواروں کو محفوظ رکھنے کیلئے محدود تماشائیوں کو ریس کے مختلف مقامات تک رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلی منزل کے اختتامی مقام پر صرف ایک سو افراد ہی سائیکل سواروں کے خیر مقدم کیلئے جمع ہوں گے۔۳؍ ہفتوں کے دوران۲۱؍مختلف مراحل کے آغاز اور اختتام کے مقامات پر متعلقہ مقامی انتظامیہ حاضرین کی تعداد کا تعین کرنے کی مجاز ہو گی۔ ویسے بھی موجودہ فرانسیسی حکومت نے کسی بھی عوامی مجمع میں زیادہ سے زیادہ شرکاء کی تعداد ۵؍ ہزار تک محدود کر رکھی ہے۔ ماضی میں بشمول گزشتہ برس ہر مقام پر ہزاروں افراد جمع ہو کر ٹور ڈی فرانس کے سائیکل سواروں کو الوداع کہتے تھے یا ان کا خیرمقدم کرتے تھے۔رواں برس کیلئے منتظمین نے خصوصی انتظامی منصوبہ مرتب کیا ہے۔ ریس ڈائریکٹر کرسٹیان پروڈہوم نے بتایا کہ کسی بھی ٹیم میں دو سائیکل سواروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اُس ٹیم کو مقابلے سے خارج کر دیا جائے گا۔