Updated: November 24, 2026, 2:03 PM IST
| New Delhi
بین الاقوامی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) کی جانب سے میانمار کو روہنگیا آبادی کی نسل کشی کا مجرم قرار دئیے جانے کے بعد ہندوستان میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں میں انصاف کی نئی امید جاگی ہے۔ دہلی میں رہائش پذیر۲۶ ؍ سالہ روہنگیا پناہ گزین نورالامین نے ہندوستان میں حراستوں، کریک ڈاؤن اور اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ پیش آنے والے تلخ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اب پناہ گزینوں کے ساتھ زیادہ ہمدردی اور انسانی رویہ اپنایا جائے گا۔
روہنگیا پناہ گزین۔ تصویر: آئی این این۔
’’درانداز‘‘، ’’بنگلہ دیشی‘‘ ، ’’غیر قانونی‘‘ یہی وہ الفاظ ہیں جنہوں نے ۲۶؍ سالہ نورالامین کی زندگی کے بیشتر حصے کی تعریف کی ہے، جوایک روہنگیا پناہ گزین کے طور پر امین ۲۰۰۷ء میں آٹھ سال کی عمر میں ہندوستان پہنچے تھے۔ وہ اور ان کا خاندان کولکتہ سے جموں اور پھر دہلی پہنچے، جہاں انہوں نے کچرا چن کر اور کباڑ بیچ کر اپنی گزر بسر کی۔۱۹؍ نومبر کو امین نے بنگلہ دیش اور دنیا بھر میں موجود دیگر روہنگیا پناہ گزینوں کی طرح بین الاقوامی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) کا وہ فیصلہ دیکھا جس میں میانمار کو ملک کی اقلیتی روہنگیا آبادی کی نسل کشی کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ دہلی جہاں وہ اپنی بیوی (جو خود بھی روہنگیا پناہ گزین ہیں) اور تین بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ اسکرول سے بات کرتے ہوئے امین نے کہا، ’’سچائی سامنے آ گئی ہے۔ پوری دنیا کو اس نسل کشی کے بارے میں پتہ چل گیا ہے جو ہمارے ساتھ ہوئی تھی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ریما حسن کی کتاب ’فلسطین ارانتے‘ کا اجراء، فلسطینی مہاجرین کی واپسی کا سوال نمایاں
اگرچہ آئی سی جے کا یہ فیصلہ گیمبیا کی جانب سے مغربی ریاست راکھین میں ۲۰۱۶ء اور ۲۰۱۷ء میں میانمار کی فوجی کارروائیوں پر عائد الزامات سے متعلق تھا، لیکن عدالت نے مشاہدہ کیا کہ بودھ اکثریتی میانمار میں اس مسلم اقلیتی نسلی گروہ کو دہائیوں سے مظالم کا سامنا رہا ہے۔ فیصلے میں نوٹ کیا گیا ہے کہ میانمار نے امتیازی قانونی اور انتظامی اقدامات نافذ کئے جنہوں نے ’’۲۰۱۷ء کی صفائی مہم سے پہلے کی دہائیوں میں ریاست راکھین میں روہنگیا کے سیاسی اور شہری حقوق کو بتدریج ختم کر دیا، جس سے یہ گروہ پسماندہ اور خاص طور پر غیر محفوظ ہو گیا۔‘‘ امین کی ابتدائی زندگی اور ان کی بیوی کے خاندان کی کہانی میانمار میں روہنگیا پر ہونے والے مظالم کی اس طویل تاریخ کی گواہ ہے۔ جہاں امین اور ان کا خاندان ۲۰۰۷ء میں میانمار سے فرار ہوئے، وہیں ان کی بیوی زاہدہ ۲۰۱۷ء کی فوجی زیادتیوں کے بعد ۲۰۲۰ء میں ۱۸؍ سال کی عمر میں وہاں سے نکلیں۔ آئی سی جے کے فیصلے میں کہا گیا کہ ۲۰۱۷ء میں راکھین میں میانمار کی فوج کی کارروائیوں میں اندازاً ۱۰؍ ہزار روہنگیا مارے گئے اور کم از کم ۷؍ لاکھ افراد بنگلہ دیش فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔۲۰۱۷ء میں زاہدہ کے سب سے بڑے بھائی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ان کے دوسرے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا اور وہ ۲۰۲۳ء سے قید میں ہیں۔ زاہدہ نے کہا، ’’ابھی تک کوئی خبر نہیں ہے کہ وہ زندہ ہیں یا مر چکے ہیں۔ ‘‘ اس واقعے کے فوراً بعد ان کے والد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ہندوستان کا رخ کرنے والے روہنگیا افراد کیلئے یہاں بھی زندگی مشکل رہی ہے۔ ہندوستان میں سیاسی اور فرقہ وارانہ بیان بازی نے بنگلہ دیشی تارکینِ وطن کو ’’ درانداز‘‘ قرار دے کر بدنام کیا ہے۔ ہندوستان اقوامِ متحدہ کے پناہ گزین قانون یا پروٹوکول کا فریق نہیں ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ ’’غیر ملکیوں سے نمٹنے کیلئے موجودہ قوانین پناہ گزینوں کے معاملات دیکھنے کیلئے کافی ہیں۔‘‘ امین اور ان کے خاندان جیسے روہنگیا پناہ گزین بھی ’’بنگلہ دیشی تارکینِ وطن‘‘ کے خلاف ہندوستان کے کریک ڈاؤن کی زد میں آ گئے ہیں۔مئی ۲۰۲۵ء میں امین کے خاندان کے پانچ افراد ان ۴۰؍ روہنگیا پناہ گزینوں میں شامل تھے جنہیں ہوائی جہاز کے ذریعے جزائر انڈمان و نکوبار لے جایا گیا اور پھر بحیرہ انڈمان میں چھوڑ دیا گیا۔ ہندوستانی حکام نے انہیں بحریہ کے ایک جہاز سے زبردستی اتار دیا اور صرف لائف جیکٹس کے سہارے تیر کر میانمار کی حدود میں جانے کیلئے چھوڑ دیا۔
یہ بھی پرھئے: ایس آئی آر احتجاج: خواتین صحافیوں کی ہراسانی پر این ڈبلیو ایم آئی کے سوالات
امین نے امید ظاہر کی کہ کم از کم اب آئی سی جے کے فیصلے کے بعد ہندوستانی حکومت روہنگیا پناہ گزینوں کے بارے میں زیادہ ہمدردی سے سوچے گی۔ امین نے کہا، ’’ہم پر مظالم نہیں ڈھائے جانے چاہئیں۔‘‘ کام تلاش کرنا ایک جدوجہد ہے، جس کی وجہ سے کرایہ ادا کرنا مشکل ہو جاتا ہے جو ماہانہ ۵؍ سے ۶؍ ہزارروپے تک ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ کھانے اور بجلی کے اخراجات الگ ہیں۔ امین نے کہا، ’’اگر ہم دو دن کھانا کھاتے ہیں تو چار دن بھوکے رہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان جیسے پناہ گزین اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں‘‘جب ہمیں ہمارے حقوق، ہماری زمین اور جائیداد، شہریت اور تحفظ مل جائے گا تو ہم بھارت چھوڑ دیں گے۔‘‘ امین کو ہندوستان تک کے اپنے طویل سفر کی یاد ہے ایک ایسا ملک جس کے بارے میں وہ بچپن سے سنتے آئے تھے۔ امین نے کہا، ’’جب ہم اپنے ملک میں چھوٹے تھے تو بہت سی ہندوستانی فلمیں دیکھتے تھے، گانے سنتے تھے اور بھارتی لوگوں کو دیکھتے تھے۔‘‘ ۲۰۰۷ء میں جب وہ تقریباً آٹھ سال کے تھے، تو ان کے والدین اور دیگر پناہ گزینوں نے میانمار میں ’’خونریزی‘‘ سے بچنے کیلئے بانس اور کیلے کے درختوں کی مدد سے ایک کشتی تیار کی۔ وہ اس کشتی پر سوار ہوئے جو دریا میں بہتی ہوئی انہیں بنگلہ دیش لے گئی۔ `ہیومن رائٹس واچ کے مطابق میانمار کی فوج ۲۰۰۶ء کے آخر سے ہی روہنگیا کے خلاف جبری بے دخلی اور جبری مشقت سمیت مختلف زیادتیاں کر رہی تھی۔ کھچا کھچ بھرے پناہ گزین کیمپ میں دو ماہ گزارنے کے بعد، جہاں غذااور تعلیم ایک بڑا مسئلہ بن چکے تھے، امین اور ان کے خاندان نے ہندوستان جانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے سوچا کہ ہندوستان ایک بڑی جمہوریت ہے جہاں انسانیت ہے۔‘‘ امین نے جموں کے ایک سرکاری اسکول میں نویں جماعت تک تعلیم حاصل کی، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد انہیں تعلیم جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ۲۰۲۰ء میں ان کی شادی زاہدہ سے ہوئی جو اسی سال ہندوستان پہنچی تھیں۔زاہدہ نے `اسکرول کو بتایا کہ انہوں نے ۲۰۲۰ء میں پیدل میانمار چھوڑا تھا۔ انہوں نے یاد کیا کہ ۲۰۱۲ء سے ان کی برادری کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’فوج لڑکیوں پر نظر رکھتی تھی اور انہیں اٹھا لے جاتی تھی۔ میری سہیلیاں جو پانچویں، چھٹی جماعت میں پڑھتی تھیں، میری آنکھوں کے سامنے اٹھا لی گئیں۔۔۔ ان کے ساتھ خوفناک سلوک کیا گیا۔‘‘ آئی سی جے کے فیصلے میں بھی کہا گیا ہے کہ ’’جنسی تشدد کے وحشیانہ واقعات‘‘ اور روہنگیا برادری کے بچوں کو نشانہ بنانا ان شواہد میں شامل ہے جو اس نتیجے کی تائید کرتے ہیں کہ میانمار نے ’’نسل کشی کے ارادے‘‘ سے کام کیا۔
یہ بھی پڑھئے: اجین میں کی جارہی انہدامی کارروائی پر کانگریس کی تنقید
۲۰۲۰ء میں زاہدہ، جن کی عمر اس وقت تقریباً ۱۸؍ سال تھی اور تین دیگر بچوں نے ’’جو بھی راستہ ملا اس پر چلنا شروع کر دیا۔ وہ راستہ ہمیں بنگلہ دیش کی سرحد تک لے گیا جہاں ہم نے کشتی لی اور سرحد پار کر لی۔‘‘ بنگلہ دیش میں انہوں نے رکشے پر سفر کیا۔ زاہدہ نے بتایا، ’’میرے کان میں سونے کا ایک جھمکا تھا، میں نے وہ ان لوگوں کو دے دیا تاکہ کھانا خریدنے اور سفر کا کرایہ ادا کرنے کیلئے پیسے مل سکیں۔‘‘ وہ کسی طرح کولکتہ اور پھر دہلی پہنچ گئیں، جہاں امین کے والدین نے ان کی شادی امین سے کر دی کیونکہ ان کا کوئی اور سہارا نہیں تھا۔ دو سال تک زاہدہ کو معلوم ہی نہیں تھا کہ ان کے خاندان کے ساتھ کیا ہوا۔ تب سے زاہدہ کی والدہ اور تیسرے بھائی راکھین میں اپنے گھر واپس لوٹ آئے ہیں جہاں وہ عارضی جھونپڑیوں میں رہتے ہیں اور اب بھی اپنی جان کے خوف میں مبتلا ہیں۔ امین نے کہا، ’’ انہوں نے ہم سے مدد مانگی ہے تاکہ انہیں بچایا جا سکے، لیکن ہمارے پاس اس کیلئے پیسے نہیں ہیں۔ ہمیں انہیں بنگلہ دیش اور بالآخرہندوستان لانے کیلئے کم از کم ۳۰؍ ہزار روپے کی ضرورت ہے۔‘‘ روہنگیا ہیومن رائٹس انیشی ایٹو کے بانی اور ڈائریکٹر صابر کیاو من نے `اسکرول کو بتایا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں اندازاً ۲۲؍ ہزار روہنگیا پناہ گزین مقیم ہیں۔ ۲۰۱۱ء سے اقوامِ متحدہ ہندوستان میں مقیم پناہ گزینوں، بشمول روہنگیا کو ریفیوجی کارڈز جاری کر رہا ہے جو شناخت کا ثبوت ہیں اور ان کا مقصد پناہ گزینوں کو ہراساں کئے جانے اور گرفتاری سے بچانا ہے۔ انسانی حقوق اور قانونی ماہرین نے اکثر پناہ گزینوں کے ساتھ ہندوستان کے سلوک پر تنقید کی ہے اور بعض کا کہنا ہے کہ ملک میں پناہ گزینوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کے تحت نمٹنے اور انہیں ملکی معیشت میں حصہ ڈالنے کے قابل بنانے کیلئے ایک الگ قانون کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایران کا امریکی بحری ناکہ بندی کو ”تمام دستیاب ذرائع کے ساتھ“ چیلنج کرنے کا عزم
امین نے `اسکرول کو بتایا کہ ان کے اور ان کے خاندان کے پاس اقوامِ متحدہ کے ریفیوجی کارڈز موجود تھے، لیکن اس کے باوجود انہیں حراست میں لیا گیا جبکہ ۲۰۲۵ء میں ان کے والدین کو زبردستی ہندوستان سے باہر دھکیل دیا گیا۔ ۲۰۲۰ء میں شادی کے بعد امین، زاہدہ اور ان کے والدین کو دہلی کے شاہین باغ میں واقع روہنگیا کیمپ کی جھگی سے حراست میں لیا گیا تھا۔ امین نے بتایا، ’’ جب میں کام پر جا رہا تھا تو پولیس نے مجھے سڑک پر روک کر کہا کہ `تم غیر قانونی ہو۔‘‘ انہیں مدن پور کھادر کے کالندی کنج پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ اس وقت زاہدہ تین ماہ کی حاملہ تھیں جبکہ ان کی والدہ کی عمر ۴۵؍ سال اور والد کی عمر ۵۵؍ سال تھی۔ امین نے کہا، ’’ہم نے پولیس سے پوچھا کہ وہ ہمیں وہاں کیوں لائے ہیں، ہم نے انہیں بتایا کہ ہم نسل کشی کا شکار ہوئے ہیں اور مہمان کے طور پر ہندوستان آئے ہیں۔‘‘ امین کے مطابق پولیس نے ان کی ایک نہ سنی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک پولیس اہلکار نے انہیں اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے دفتر لے جانے کا جھوٹ بولا اور اس کے بجائے انہیں ڈیٹینشن سینٹر میں ڈال دیا۔ انہوں نے بتایا، ’’میری بیوی اور مجھے پانچ ماہ تک حراست میں رکھا گیا، جس کے بعد ہمیں اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے حوالے کیا گیا، لیکن میرے والدین نے حراستی مرکز میں تین سال گزارے۔‘‘ امین نے بتایا کہ ۲۰۲۴ء میں ان کے خاندان کو اقوامِ متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کی آبادکاری پالیسی کے تحت امریکی ویزے مل گئے تھے، ’’لیکن ہم ٹرمپ کی وجہ سے رک گئے۔" یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے جنوری ۲۰۲۵ء میں امریکی صدر کا حلف اٹھایا تھا اور عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد سفری پابندیاں اور امیگریشن پر سخت قدغنیں عائد کر دی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کی پہلی بلٹ ٹرین کا ٹرائل مئی ۲۰۲۷ء میں ہوگا
پھر اسی سال مئی میں پہلگام دہشت گرد حملے کے فوراً بعد کئی ہندوستانی ریاستوں کی پولیس نے’’بنگلہ دیشیوں‘‘ اور ’’دراندازوں‘‘ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا اور انہیں ہندوستان بنگلہ دیش سرحد پر زبردستی ملک بدر کرنا شروع کر دیا۔ ۲؍ مئی کو ہندوستان نے ’’غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں/روہنگیا‘‘ کو ملک بدر کرنے کے طریقہ کار سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ `اسکرول نے اس بارے میں رپورٹنگ کی تھی کہ کس طرح دہشت گرد حملوں کے بعد نسلی و مذہبی پروفائلنگ اور حراستوں کی لہر میں محنت کش طبقے کے بنگالی بولنے والے مسلمانوں کوہندوستان سے زبردستی نکالا گیا۔مئی میں پولیس نے امین کے والد اور بھائیوں کو حراست میں لیا اور انہیں بحیرہ انڈمان کے بیچوں بیچ چھوڑ دیا۔ چند روز بعد جب سپریم کورٹ نے روہنگیا پناہ گزینوں کی ملک بدری سے متعلق ایک رِٹ پٹیشن کی سماعت کی تو بنچ نے اسے ’’ایک خوبصورتی سے گھڑی گئی کہانی‘‘ قرار دیا۔ سری لنکا کے ایک تمل شہری کی حراست سے متعلق ایک الگ درخواست پر سپریم کورٹ کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے امین نے کہا، ’’اس عدالت نے کہا کہ ہندوستان کوئی دھرم شالہ یا پناہ گاہ نہیں ہے اور ہمارے والدین کو بھی کبھی واپس نہیں لایا گیا۔‘‘ امین کو امید ہے کہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے فیصلے سے میانمار کی فوجی حکومت عوام کے ساتھ ہندوستان کے معاملات میں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا، ’’اگر وہ (میانمار کے سرکاری حکام) ہندوستان آئیں تو انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے، ہمیں انصاف ملنا چاہئے۔ ‘‘