Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہیڈ ایک بار پھر ٹیم انڈیا کیلئے درد ِسر بنے

Updated: December 08, 2024, 1:42 PM IST | Agency | Adelaide

آسٹریلوی بلے باز نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں سنچری بنائی۔ دوسری اننگز میں بھی ہندوستانی ٹیم لڑکھڑائی ۔ مہمان ٹیم پر شکست کا خوف۔

Travis Head. Photo: INN
ٹریوس ہیڈ۔ تصویر: آئی این این

ٹریوس ہیڈ(۱۴۰؍رن)کی شاندار سنچری کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو ہندوستان کو شکست کی طرف دھکیل دیا ہے۔ پہلی اننگز میں ہندوستان کے ۱۸۰؍ رن کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں ۳۳۷؍ رن بنائے اور ہندوستان کے خلاف ۱۵۷؍ رن کی نمایاں برتری حاصل کر لی۔ ہندوستانی، جو دن کے کھیل کے آخری سیشن میں اپنی دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے آئے تھے، فلڈ لائٹس کے نیچے گلابی گیند کے حملے کو برداشت کرنے میں ناکام رہے اور صرف۱۲۸؍ رن پر اپنے ۵؍ وکٹ گنوا بیٹھے۔ ہندوستان ابھی بھی آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور کو چھونے سے۲۹؍ رن دور ہے۔
اسٹمپ کے وقت رشبھ پنت۲۸؍رن بنانے کے بعد کریز پر موجود ہیں اور نتیش کمار ریڈی۱۵؍ رن بنا چکے ہیں۔ اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرنے والے کپتان روہت شرما (۶؍رن) نے دوسری اننگز میں بھی بلے بازی نہیں کی جبکہ پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنا کر ہندوستان کی جیت کو آسان بنانے والے وراٹ کوہلی (۱۱؍رن) نے بھی اچھی بیٹنگ نہیں کی۔ کے ایل راہل صرف ۷؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ پہلی اننگز میں کھاتہ کھولنے میں ناکام رہنے والے یشسوی جیسوال۲۴؍ رن کے ذاتی اسکور پر بولینڈ کا شکار بن گئے۔سنیچر کو گرنے والے ۵؍ وکٹ میں سے پیٹ کمنس اور اسکاٹ بولینڈ نے ۲۔۲؍ وکٹ لئےجبکہ مشیل اسٹارک کو شبھمن گل (۲۸؍رن) کا  وکٹ ملا۔  میچ کے تیسرے دن کا دارومدار جوڑی پنت اور ریڈی پر ہوگی۔ اگر یہ جوڑی بڑی شراکت  میں کامیاب رہتی ہے تو ہندوستان کی امیدوں کو سہارا مل سکتا ہے، حالانکہ اب تک میچ پوری طرح سے آسٹریلیا کے حق میں نظر آرہا ہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنے جمعہ  کے اسکور ایک وکٹ پر۸۰؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹریوس ہیڈ کے بلے نے آج ہندوستانی گیند بازوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اپنی۳۱؍ویں سالگرہ سے صرف  ۲۱؍ دن دور، ہیڈ کے جارحانہ انداز نے نہ صرف میزبانوں کو بلکہ ہندوستانی ناظرین کو بھی متاثر کیا۔ ایک کنارے پر کریز کو تھامے ہوئے ہیڈ نے تقریباً۱۰۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے کریئر کی ساتویں سنچری مکمل کی۔ محمد سراج کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے پہلے انہوں نے۱۷؍ چوکے اور ۴؍ فلک بوس چھکے لگائے۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے ۴۔۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ نتیش کمار ریڈی اور روی چندرن اشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہندوستان کو آج پہلی کامیابی کپتان بمراہ نے ناتھن میکسوینی (۳۹؍رن) کی شکل میں دی جب وہ اپنی ایک باہر جانے والی گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش میں وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ اس سے پہلے کہ اسٹیو اسمتھ اپنا قدم جما پاتے، بمراہ نے بھی انہیں ناتھن کے انداز میں آؤٹ کیا۔ 

ہیڈ ٹاپ بلے بازوں کے کلب میں شامل
ٹریوس ہیڈ نے سنیچر کو ایڈیلیڈ میں شاندار اننگز کھیل کر ڈے-نائٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں اپنی تیسری سنچری بنائی ہے۔  ہیڈ نے روی چندرن اشون کی گیند کو مڈ وکٹ پر فلک کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ اور چھوٹا بچہ ہزاروں تماشائیوں کے ساتھ اسٹینڈز سے ان کا استقبال کر رہے تھے۔ سنچری کے بعد ہیڈ نے اپنے بلے کا ہینڈل اپنے ہیلمٹ پر رکھا، جو ان کا ایک مشہور اشارہ تھا۔  ایڈیلیڈ میں ہیڈ کی سنچری نے آسٹریلیا کو جوابی حملہ کرنے اور مہمان ٹیم کو دباؤ میں رکھنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ ہیڈ نے اس سے قبل ہندستان کے خلاف متاثر کن کارکردگی پیش کی ہے، جس میں  ورلڈ کپ فائنل میں اہم شراکت بھی شامل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK