دنیا کی سابق نمبر ۲؍ چیک جمہوریہ کی کھلاڑ ی نےیو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ڈائنے پیری سے شکست کےبعد ریٹارئرمنٹ کا اعلان کردیا
EPAPER
Updated: August 27, 2025, 2:53 PM IST | Agency | New York
دنیا کی سابق نمبر ۲؍ چیک جمہوریہ کی کھلاڑ ی نےیو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ڈائنے پیری سے شکست کےبعد ریٹارئرمنٹ کا اعلان کردیا
نیویارک،(ایجنسی): ۲؍ بار کی ومبلڈن چمپئن اور سابق عالمی نمبر ۲؍چیک جمہوریہ کی اسٹار ٹینس کھلاڑی پیٹرا کویتووا نے یو ایس اوپن ۲۰۲۵ءکے پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ فلشنگ میڈوز میں کھیلے گئے پہلے راؤنڈ میں کویتووا کو فرانس کی ڈائینے پیری کے ہاتھوں۱۔۶،۰۔۶؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ۳۵؍سالہ بائیں ہاتھ کی کھلاڑی نے جذباتی ہوتے ہوئے اپنے کریئر کو الوداع کہا۔ میچ کے بعد کورٹ پر کویتووا کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے اور انہوں نے اپنے شوہر اور کوچ جیری وینیک کو گلے لگایا۔ گزشتہ سال جولائی میں ایک بیٹے پیٹر کے والدین بنے تھے، جس کے بعد کویتووا۱۷؍ ماہ کے وقفے کے بعد اس سال کورٹ میں واپس آئی تھیں۔ کویتووا نے اس سال کے شروع میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ یو ایس اوپن کے بعد ٹینس سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ اپنے شاندار کریئر میں کویتووا نے ۲۰۱۱ء اور ۲۰۱۴ءمیں ومبلڈن کا خطاب جیتا تھا۔ ۲۰۱۹ءمیں وہ آسٹریلین اوپن کی رنر اپ رہیں اور عالمی رینکنگ میں نمبر ۲؍ تک پہنچی تھیں۔
دسمبر ۲۰۱۶ءمیں کویتووا کے کریئر پر اس وقت بحران آیا جب ایک حملہ آور نے ان کے گھر میں گھس کر چاقو سے حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں ان کے بائیں ہاتھ کی کلائی اور انگلیوں کی سرجری کرانی پڑی تھی۔ اس کے باوجود وہ محض ۶؍ ماہ بعد فرینچ اوپن میں کورٹ میں واپس آئیں اور اپنے پہلے ہی میچ میں فتح حاصل کی۔
اپنے کریئر کو یاد کرتے ہوئے کویتووا نے کہا ’’مجھے کئی باتوں پر فخر ہے۔ خاص طور پر اپنی ذہنی مضبوطی پر۔ چوٹ اور بیماریوں کے باوجود ہمیشہ ٹاپ ۔۱۰؍ میں رہنا میرے لئے ایک خاص کامیابی ہے۔‘‘
وینس ولیمز کی پہلے راؤنڈ میں شکست،موچووا نے ہرادیا
گیارہویں سیڈ کیرولینا موچووا نے تجربہ کار وینس ولیمز کے سخت چیلنج پر قابو پاتے ہوئے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں۳۔۶،۶۔۲،۱۔۶؍سے کامیابی حاصل کی اور یو ایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں داخل ہو گئیں۔پچھلے ۲؍ ایڈیشن میں سیمی فائنلسٹ رہیں موچووا کو ۴۵؍سالہ امریکی کھلاڑی کے خلاف جیت حاصل کرنے میں ۲؍ گھنٹے لگے۔۲؍ مرتبہ کی چمپئن ولیمز نے دوسرے سیٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن فیصلہ کن سیٹ میں وہ شدت برقرار نہ رکھ سکیں اور چیک کھلاڑی نے آخری ۷؍ میں سے ۶؍ گیم جیت کر اگلے راؤنڈ میں قدم رکھا۔ واضح رہے کہ ولیمز کیلئے یو ایس اوپن میں یہ ان کا ۱۰۱؍واں سنگلز میچ تھا، جن میں ان کے نام ۷۹؍فتوحات درج ہیں۔