Inquilab Logo

انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ: پُراعتماد ہندوستانی ٹیم جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنا چاہے گی

Updated: January 30, 2024, 10:42 AM IST | Agency | New Delhi

عالمی کپ کے سپر۶؍ مرحلے میں آج ہندوستان کا نیوزی لینڈ انڈر ۱۹؍ ٹیم سے مقابلہ ۔ گروپ مرحلے میں ہندوستان ناقابل تسخیر رہا۔

Mushir Khan and Sarfaraz Khan. Photo: INN
مشیر خان اور سرفراز خان۔ تصویر : آئی این این

 لگاتار ۳؍ کامیابی حاصل کرنے کے بعد، دفاعی چمپئن ہندوستانی ٹیم، اعتماد سے بھری ہوئی ہے۔ انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے میچ میں منگل کو یہ ٹیم نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی اور اس کی نظریں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے پر ہوں گی۔ ٹورنامنٹ میں گروپ اے میں ٹاپ پر رہنے کے بعد سپر سکس میں پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم کے لئے اچھی بات یہ ہے کہ اسے اگلا میچ اسی گراؤنڈ پر کھیلنا ہے جہاں اس نے تینوں میچ جیتے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایسٹ لندن سے آئی ہے اور اسے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا۔ 
ہندوستانی بلے بازوں کی کارکردگی شاندار رہی
 ہندوستان نے بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور امریکہ کو شکست دی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن ہندوستان نے بقیہ ۲؍ میچوں میں شاندار فتوحات حاصل کیں۔ ہندوستان کے لئے ہر موقع پر ایک یا دو بلے بازوں نے ذمہ داری لی اور رن بنائے۔ تیسرے نمبر کے بلے باز مشیر خان نے مسلسل اچھی اننگز کھیلی ہے۔ 
مشیرخان نے سب سے زیادہ رن بنائے
 سرفراز خان کے چھوٹے بھائی مشیر ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کے ساتھ سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ آدرش سنگھ اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکے اور اب ان کا مقصد بڑا سکور بنانا ہو گا۔ اوپنر ارشین کلکرنی کا اعتماد ان کی سنچری کے بعد بڑھ سکتا ہے۔ 
فاسٹ بولر نمن تیواری کی اچھی کارکردگی
 کپتان ادے سہارن نے بھی اچھی اننگز کھیلی ہے اور وہ اسے جاری رکھنا چاہیں گے۔ گیندبازی میں لیفٹ آرم فاسٹ بولر نمن تیواری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ دو میچوں میں ۴؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ لیفٹ آرم اسپنر سومی پانڈے اب تک ۸؍ وکٹ لے چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ گروپ ڈی میں ۳؍ میچوں میں ۲؍ جیت کے بعد دوسرے نمبر پر رہا لیکن اس کے بلے باز مشکلات کا شکار نظر آئے۔ 
دونوں ٹیموں کی نظر نیٹ رن ریٹ پر بھی ہوگی
 افغانستان کے خلاف۹۱؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے وہ ایک وکٹ سے جیت گیا جبکہ پاکستان نے انہیں ۱۰؍ وکٹ سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو بھی ہندوستانی بلے بازوں کے سامنے بڑا اسکور بنانا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کی نظر نیٹ رن ریٹ پر بھی ہوگی۔ 
ہندوستان کی ممکنہ ٹیم
 ارشین کلکرنی، آدرش سنگھ، ردرا میور پٹیل، سچن داس، پریانشو مولیا، مشیر خان، ادے سہارن (کپتان)، اراویلی اونیش راؤ، سومیا کمار پانڈے، مروگن ابھیشیک، انیش مہاجن، دھنوش گوڑا، آرادھیا شکلا، راج لمبانی (گیندباز)اور نمن تیواری۔ 
نیوزی لینڈ کی ممکنہ ٹیم
 آسکر جیکسن (کپتان)، میسن کلارک، سیم کلوڈ، جیک کمنگ، رحمان حکمت، ٹام جونس، جیمس نیلسن، سنیہت ریڈی، میٹ رو، ایولڈ شریڈر، لچلن اسٹیک پول، اولیور تیوتیا، ایلکس تھامسن، ریان سورگاس، لیوک واٹسن۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK