ممبئی میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص نے اپنی بہن کو جگانے کیلئے کھانے کی اشیاء اور دیگر چیزوں کی ڈیلیوری کرنے والے ’زیپٹو‘کی مدد لی تاکہ اس کی سوئی ہوئی بہن کو رات ۳؍ بجے جگایا جاسکے ورنہ اس کی فلائٹ چھوٹ جاتی۔
فلائٹ چھوٹنے سے بچ گئی۔ تصویر:آئی این این
ممبئی میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص نے اپنی بہن کو جگانے کیلئے کھانے کی اشیاء اور دیگر چیزوں کی ڈیلیوری کرنے والے ’زیپٹو‘کی مدد لی تاکہ اس کی سوئی ہوئی بہن کو رات ۳؍ بجے جگایا جاسکے ورنہ اس کی فلائٹ چھوٹ جاتی۔ اس واقعہ کا علم لوگوں کو اس وقت ہوا جب بکنگ کرنے والے شخص نے سوشل میڈیا پر ’زیپٹو‘ کا شکریہ ادا کیا۔
رِشبھ اگروال نے سوشل میڈیا پر اس واقع کو اس طرح بیان کیا ہے کہ’’زیپٹو نے میری بہن کو وقت پر فلائٹ پکڑنے میں مدد کی۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ان کی بہن کو صبح ۶؍ بجے کی فلائٹ پکڑنی تھی اس لئے اس نے والدہ سے درخواست کی تھی کہ اسے رات ۳؍ بجے جگا دیں۔ پتہ نہیں کیوں الارم نہیں بجا۔ رشبھ کے مطابق ’’رات ۳؍ بجکر ۱۵ منٹ پر مجھے میری والدہ نے پریشانی کے عالم میںفون کیا اور بتایا کہ اس کا فون بند ہے۔ اس وقت یا تو میں پریل سے پوائی اس کے گھر جاتا جس میں ۴۰ منٹ صرف ہوجاتے یا پھر میں زیپٹو سے کوئی چیز آرڈر کرکے اس کی رہائش گاہ پر بھیج دیتا۔‘‘ یہ طریقہ بہتر سمجھ کر انہوں نے ۳ ؍بجکر ۲۰ منٹ پر’ زیپٹو‘ پر ایک آرڈر بک کیا اور وکاس بھائی (ڈیلیوری پارٹنر) کو حالات سے آگاہ کیا اور وہ فوری طور پر ان کی مدد کرنے کو تیار ہوگئے۔ وکاس اگلے ۱۰ منٹ تک لگاتار ان سے فون پر رابطہ میں رہے اور ۳ بجکر ۳۰ منٹ پر اس خاتون کے گھر پہنچ گئے۔ بروقت ڈیلیوری سروس اور فوری طور پر پتہ چل گیا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ اس کے بعد انہوں نے زیپٹو کے بانی آدتیہ پلیچا کو مخاطب کرکے لکھا کہ ’’ایسا حیرت انگیز پلیٹ فارم تیار کرنے کیلئے شکریہ! زیپٹو ہمارے پیاروں کی حفاظت معلوم کرنے کا ذریعہ بن گیا آج۔‘‘اس پوسٹ پر زیپٹو کے سی او او وکاس شرما نے جواب دیا کہ ’’وکاس بھائی (ڈیلیوری پارٹنر) کی طرف سے، جان کر خوشی ہوئی کہ ہم یہاں کسی کے کام آسکے۔ پیار بھری پوسٹ کیلئے شکریہ۔ میری طرف سے، وکاس پر فخر ہے کہ انہوں نے صارف کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے اپنی ڈیوٹی سے آگے جاکر خدمت انجام دی۔ شکریہ رشبھ اگروال ۔‘‘
اس واقعہ پر کئی افراد نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ ایک شخص نے لکھا کہ’’ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کسی چیز کے سب سے طاقتور عنصر کا پتہ اسے استعمال کرنے والے لگاتے ہیں، جو کمپنی کی فہرست میں نہیں ہوتا۔‘‘ایک دیگر شخص نے لکھا ہے کہ کئی سوسائٹیوں میں ایسا کرنا ممکن نہیں ہوسکے گا کیونکہ وہاں ایک مخصوص اوقات میں اجازت ملنے کے بعد ہی ڈیلیوری کرنے والوں کو سوسائٹیوں میں داخلہ دیا جاتا ہے۔