Updated: February 11, 2026, 1:59 PM IST
|
Agency
| Milan
دفاعی چمپئن کنیڈا اور سابق چمپئن امریکہ کی خاتون ٹیموں نے میزبان اٹلی اور جرمنی کے ساتھ ناک آئوٹ مرحلے کیلئے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔
سرمائی اولمپکس۔ تصویر:آئی این این
اٹلی میں جاری سرمائی اولمپکس ۲۰۲۶ء میں خواتین کے آئس ہاکی مقابلوں میں روایتی حریف امریکہ اور دفاعی چمپئن کنیڈا کی حکمرانی برقرار ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہیں، جبکہ میزبان اٹلی اور جرمنی نے بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لئےاپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
میلان کے پالاٹالیا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے ایک اہم میچ میں امریکی ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا۔ امریکہ نے سوئٹزرلینڈ کو ۰۔۵؍کے بڑے فرق سے شکست دی اور اپنی مہم کی رفتار برقرار رکھی ۔ امریکی خواتین کھلاڑیوں کے جارحانہ کھیل کے سامنے سوئزرلینڈ کی کھلاڑیوں کے پاس کوئی جواب نہیں تھا ۔
کیرولین ہاروی اور جوئے ڈن نے ایک ایک گول کرنے کے علاوہ دو دو اسسٹ بھی کیے ۔ الیکس کارپنٹر نے بھی ایک گول اور ایک اسسٹ کے ساتھ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے بعد امریکہ ۳؍ میچوں میں ۳؍فتوحات کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے۔
دریں اثناءدفاعی چمپئن کنیڈا نے بھی اپنا فارم برقرار رکھتے ہوئے جمہوریہ چیک کو ۱۔۵؍ سے ہرا کر ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ اس جیت کے ساتھ کنیڈا گروپ اے میں دوسرے نمبر پرآگیا ہے۔گروپ اے میں اب سب کی نظریں امریکہ اور کنیڈا کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے پرٹکی ہوئی ہیں کیوں کہ اس کے ذریعے ناک آئوٹ مرحلے کی لائن اپ تقریباً طے ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ یہ دونوں ٹیمیں گزشتہ ۷؍اولمپک فائنل مقابلوں میں سے ۶؍ بار ایک دوسرے کے مدِ مقابل آ چکی ہیں۔کنیڈا نے ان فائنل مقابلوں میں سے ۵؍ اپنے نام کئے ہیں جبکہ امریکہ ایک مرتبہ ہی ٹائٹل جیت سکا ہے۔ حالانکہ امریکہ کے پاس ۲؍ ٹائٹل ہیں۔ اس لحاظ سے یہ میچ آئس ہائی کا سب سے بڑا میچ ہو گا۔