Inquilab Logo

انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں ہندوستان، جنوبی افریقہ کو زیر کرنے کیلئے تیار

Updated: February 06, 2024, 10:42 AM IST | Benoni

ہندوستان نے ٹورنامنٹ میں زبردست کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔ سبھی کھلاڑی فارم میں ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کو بھی مات دینے کیلئے پُر عزم ہیں۔

U-19 World Cup India. Photo: INN
انڈر 19 ورلڈ کپ انڈیا۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان، جو شاندار فارم میں ہے، منگل کو یہاں میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف آئی سی سی انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جیت کا مضبوط دعویدار ہوگا۔ دفاعی چمپئن ہندوستان نے ٹورنامنٹ میں لگاتار ۵؍ جیت کے بعد آخری چار میں جگہ بنائی ہے اور اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت تقریباً تمام میچوں میں غلبہ حاصل کیا ہے۔ 
ہندوستانی ٹیم کسی خاص کھلاڑی پر منحصر نہیں رہی بلکہ ضرورت پڑنے پر تمام کھلاڑیوں نے اپنا تعاون کیا ہے۔ بلے باز جہاں زیادہ رن بنانے میں کامیاب رہے وہیں گیند باز مخالف ٹیموں کو شکست دینے میں کامیاب رہے اور فتح کا فرق بھی کافی اچھا رہا۔ دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کے ساتھ۱۸؍ سالہ مشیر خان موجودہ ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین بلے باز ہیں۔ ممبئی سے تعلق رکھنے والے بلے باز نے ۵؍ میچوں میں ۸۳ء۵۰؍ کے اوسط سے۳۳۴؍ رن بنائے ہیں۔ 
 ہندوستانی کپتان ادے سہارن بھی اچھے فارم میں ہیں اور انہوں نے۶۱ء۶۰؍ کے اوسط سے ایک سنچری اور ۲؍ نصف سنچریوں کی مدد سے ۳۰۴؍ رن بنائے ہیں۔ نیپال کے خلاف ہندوستان کے آخری سپر سکس میچ میں سچن دھاس نے ۱۱۶؍ رن بنائے تھے جب ٹیم۶۲؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوانے کے بعد مشکل میں تھی۔ مخالف ٹیموں کو ہندوستانی نائب کپتان اور بائیں ہاتھ کے اسپنر سومی کمار پانڈے کا سامنا کرنا مشکل نظر آیا۔ انہوں نے۲ء۱۷؍ کے اکانومی ریٹ سے۱۶؍ وکٹ حاصل کئے اور ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین گیندبازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ 
 پانڈے نے رن ریٹ پر قابو پا کر مخالف بلے بازوں پر شکنجہ کسا، جس کا فائدہ نمن تیواری (۹؍ وکٹ) اور راج لمبانی (۴؍ وکٹ) کو ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں کامیابی کے علاوہ ہندوستان نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے وہ جیت کا مضبوط دعویدار ہے۔ اگر ہندوستان جیت جاتا ہے تو فائنل میں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہونے کا امکان ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ اپنی ورلڈ کپ مہم شروع کرنے سے پہلے، ہندوستان نے سہ رخی سیریز میں تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو لگاتار ۲؍ میچوں میں شکست دی تھی، جس سے سہارن کی قیادت والی ٹیم کے حوصلے بلند ہوں گے۔ 
ناک آؤٹ میچوں میں ایک مختلف قسم کا دباؤ ہوگا اور پہلا سیمی فائنل بنیادی طور پر ہندوستانی بلے بازوں اور ان فارم جنوبی افریقی گیندباز کوینا مفاکا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مفاکا نے ۵؍میچوں میں ۳؍ بار ایک اننگز میں ۵؍یا اس سے زیادہ وکٹ حاصل کئے ہیں اور وہ۱۸؍ وکٹ کے ساتھ موجودہ ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب گیندباز ہیں۔ انہوں نے اکیلے ہی آخری ۲؍ میچوں میں جنوبی افریقہ کی جیت کو یقینی بنایا۔ بائیں ہاتھ کے اس تیز گیند باز نے سری لنکا کے خلاف میزبان ٹیم کے آخری سپر سکس میچ میں ۲۱؍ رن دے کر ۶؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ 
ٹیمیں درج ذیل ہیں :ہندوستان: ادے سہارن (کپتان)، ارشین کلکرنی، آدرش سنگھ، رُدرا میور پٹیل، سچن دھاس، پریانشو مولیا، مشیر خان، اراویلی اونیش راؤ، سومی کمار پانڈے، مروگن ابھیشیک، انیش مہاجن، دھنوش گوڑا، آرادھیا شکلا، راج لمبنی اور نمن تیواری۔ جنوبی افریقہ: ایون جیمس (کپتان)، ایسوسا ایہوابا، رایک ڈینیئلز، کوینا مفاکا، دیوان ماریس، نکوبانی موکوئینا، ریلی نارٹن، روماشن پلے، سیفو پوٹاسانے، اینٹینڈو زوما، لوان ڈری پریٹوریس، رچرڈ سیلٹسوانے، اسٹیو اسٹوک اور ڈیوڈ ٹیگر اولیور وائٹ ہیڈ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK