ٹیم انڈیا نے متحدہ عرب امارات کو ۵۷؍رنوں پرآؤٹ کرکے ۹؍وکٹوں سے میچ جیت لیا،کلدیپ یادو نے ۴؍جبکہ شیوم دوبے نے ۳؍وکٹیں حاصل کی۔
EPAPER
Updated: September 12, 2025, 12:34 PM IST | Inquilab News Network | Dubai
ٹیم انڈیا نے متحدہ عرب امارات کو ۵۷؍رنوں پرآؤٹ کرکے ۹؍وکٹوں سے میچ جیت لیا،کلدیپ یادو نے ۴؍جبکہ شیوم دوبے نے ۳؍وکٹیں حاصل کی۔
ہندوستانی ٹیم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ایشیا کپ خطاب جیتنے کے لئے مضبوط دعویدار کیوں ہے۔ اپنے پہلے ہی میچ میں سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے صرف ۲؍ گھنٹے میں یو اے ای کو بری طرح سےشکست دی۔ رات۸؍بجے شروع ہونے والا یہ میچ ۹؍بج کر ۵۵؍منٹ پر ختم ہو گیا۔چائنا مین گیندباز کلدیپ یادو (۷؍رن پر ۴؍وکٹ) اور شیوام دوبے (۴؍رن پر۳؍وکٹ) کے سامنے یو اے ای کے بلے باز ۱۳ء۱؍ اوور میں صرف ۵۷؍ رنوںپر ڈھیر ہو گئے۔ ہندوستانی گیندبازوں نے پوری اننگز میں ۸۱؍گیندیں پھینکیں، جن میں سے ۵۲؍ پر یو اے ای کے بلے باز کوئی رن نہیں بنا سکے۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا کے بلے بازوں نے صرف ۲۷؍گیندوں میں میچ ختم کر دیا۔ ابھیشیک شرما نے ۱۶؍ گیندوں پر ۳؍ چھکے اور ۲؍ چوکے لگاتے ہوئے دھواں دھار ۳۰؍ رن بنائے۔ اننگز کا افتتاح کرنے والے شبھ من گل ۲۲؍ اور کپتان سوریہ کمار یادو ۷؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کلدیپ کی جادوئی اسپن گیندبازی
۲۹؍جون ۲۰۲۴ءکو ہندوستان کی جانب سے اپنا آخری ٹی۔۲۰؍میچ کھیلنے والے کلدیپ یادو نے جب بدھ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای کے خلاف ایشیا کپ کے پہلے میچ میں قدم رکھا تو انہوں نے دکھایا کہ ان کی اسپن کی وہی دھار برقرار ہے۔ کلدیپ نے اپنے پہلے ہی اوور میں ۳؍ وکٹیں حاصل کرکے میچ کا رخ پوری طرح سے ہندوستان کے حق میں موڑ دیا۔دبئی کی گرمی اور حالات کو دیکھتے ہوئے اسپن گیندبازوں کا کردار بہت اہم مانا جا رہا تھا اور گوتم گمبھیر نے اس میچ میں اپنے ۳؍ اہم اسپنرز اکشر پٹیل، کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی کو موقع دیا۔
ٹاس جیت کر کپتان سوریہ کمار یادو نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ یو اے ای نے محتاط شروعات کی لیکن جسپریت بمراہ نے چوتھے اوور میں اوپنر علی شان شرفو کو بولڈ کیا تو ورون نے تیسرے نمبر پر آئے محمد زوہیب کو جمنے کا موقع ہی نہیں دیا۔اس کے بعد جو ہوا، اسے یو اے ای کے کوچ لال چند راجپوت جلد سے جلد بھولنا چاہیں گے۔ انگلینڈ کے دورے پر مسلسل ۵؍ ٹیسٹ میچوں میں بینچ پر بیٹھنے والے کلدیپ نویں اوور میں بولنگ کرنے آئے اور انہوں نے دکھا دیا کہ ان کی دھار بالکل برقرار ہے۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں ۳؍ وکٹیں لے کر یو اے ای کی بیٹنگ کو تہس نہس کر دیا۔
کلدیپ، ورون اور اکشر پٹیل (تین رن پر ایک وکٹ) کی اسپن گیندبازی نے مخالف بلے بازوں کو پوری طرح الجھا دیا۔ یو اے ای کے کھلاڑی ان کی مختلف قسم کی گیندوں کو سمجھ ہی نہیں پائے۔ لیکن اس میچ میں سرپرائز پیکج رہے شیوام دوبے (۴؍رن پر ۳؍وکٹ) جنہوں نے گیند سے کمال دکھاتے ہوئے یو اے ای کی اننگز کو صرف ۵۷؍رنوں پر ڈھیر کر دیا، جو ایشیا کپ کی تاریخ کا دوسرا سب سے کم اسکور ہے۔
صرف ۲؍ بلے باز ہی دہرے ہندسے تک پہنچ سکے
یو اے ای کے بلے بازوں کی خراب حالت کا اندازہ صرف اسی سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان میں سے صرف ۲؍بلے باز ہی ڈبل فیگر تک پہنچ سکے۔ کپتان محمد وسیم نے ۱۷؍ اور اوپنر شرفو نے ۲۲؍ رن بنائے۔ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور کپتان سوریہ کمار یادو کی بنائی گئی بولنگ کی حکمت عملی کو پوری طرح سے نافذ کرتے ہوئے ہندوستانی گیندبازوں نے دکھا دیا کہ اسپن کے لئے سازگار دبئی کی پچ پر یہ ہندوستانی گیندباز باقی ٹیموں کے لئے بھی مشکلیں کھڑی کر سکتی ہیں۔