• Fri, 12 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر اسرائیل کا حملہ ، ۳۵؍ افراد جاں بحق

Updated: September 12, 2025, 1:20 PM IST | Agency | Sana`a

صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ان مقامات پر حملے کئے ہیں جہاں اسےحوثی باغیوں کے چھپے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔

Another Israeli action. Photo: INN
اسرائیل کی ایک اور کارروائی۔ تصویر: آئی این این

اسرائیلی فوج نے یمن میں صنعاء اور الجوف میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ حوثیوں نے تصدیق کی ہے کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں ۳۵؍ افراد جاں بحق اور ۱۳۱؍زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فوج کے جنگی طیاروں نے صنعاء اور الجوف کے علاقوں میں حوثی گروپ کے متعدد فوجی اہداف پر کچھ دیر پہلے حملہ کیا جن میں وہ کیمپ بھی شامل تھے جہاں حوثی گروپ کے فوجی عناصر کی موجودگی کا پتہ چلا تھا۔ حوثیوں کے فوجی میڈیا ڈائریکٹوریٹ کا ہیڈ کوارٹر اور ایک ایندھن کے ذخیرہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ ذخیرہ حوثی نظام کی فوجی سرگرمیوں کیلئے استعمال ہوتا تھا۔
 ذ رائع نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ حوثی اہداف پر حملہ کر رہی ہے۔ صنعاء میں ۶؍ حوثی اہداف پر بمباری کی گئی۔ ان اہداف میں  شہر کے وسط میں العرضی محلے میں دفاعی کمپلیکس بھی شامل تھا۔   اسرائیلی حملوں نے صنعاء کے وسط میں وزارت خزانہ کے چوک اور جنرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر اور شہر کی الستین سٹریٹ میں حوثیوں کیلئے  ایک ایندھن کے گودام کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی بمباری نے الجوف میں الحزم ڈائریکٹوریٹ میں مرکزی بینک کی شاخ اور حکومتی کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا۔صنعاء کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ حوثیوں کے زیر کنٹرول دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔  اسرائیلی میڈیا کے مطابق فضائی حملوں نے صنعاء اور الجوف میں حوثی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ شہر میں حوثیوں کے میڈیا سیکشن بھی اسرائیلی حملوں کا ہدف تھا۔ یہ حملے اس وقت ہو رہے ہیں جب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے ایک میزائل کو روکا جسے حوثیوں نے گزشتہ منگل کو یمن سے فائر کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
 حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ اس گروپ نے القدس کے آس پاس میں ایک ہائپرسونک، بیلسٹک میزائل کے ساتھ متعدد حساس اہداف پر حملہ کیا ہے۔ ایک اور حملہ تین ڈرونز کے ذریعے کیا جس نے ریمون ایئرپورٹ اور جنوبی اسرائیل کے شہر ایلات میں دو اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK