Inquilab Logo

یوئیفانیشنز لیگ : یورپ کے فٹبال پاور ہاؤس کہلانےوالے ممالک کے میچ ڈرا

Updated: June 13, 2022, 2:17 PM IST | Agency | London

انگلینڈ اور اٹلی کے مابین مقابلہ بغیرگول کے ڈرا۔ ۳؍میچوں کے بعد اٹلی سرفہرست ۔ انگلینڈ ٹیبل کی آخری پوزیشن پر ۴؍مرتبہ کے عالمی چمپئن جرمنی کا مقابلہ ہنگری سے ڈرا۔ پوائنٹ ٹیبل پر جرمنی کی ٹیم تیسری پوزیشن پر برقرارنیدرلینڈس اور پولینڈ کے درمیان مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابری پر رہا۔ نیدرلینڈس کے ڈی پے نے پنالٹی ضائع کیبلجیم اور ویلز کے مابین مقابلہ ایک ایک گول سے ڈرا۔ ویلز کے ایک گول کو ریفری نے آغاز ہی میں رد کردیا تھا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 یوئیفا نیشنز لیگ کو فیفا ورلڈ کپ کی تیاری کے لحاظ سے اہم قرار دیا جارہا تھا لیکن اس میں مضبوط ٹیمیں ہی ناکام ثابت ہورہی ہیں۔ سنیچر کی دیر را ت ہونے والے میچ میں انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان مقابلہ بغیر گول کے ڈر ا ہوا۔ اس میچ میں مجموعی طورپر ۵؍کھلاڑیوں کو یلو کارڈ ملا جن میں ۲؍انگلینڈ اور ۳؍کھلاڑی  اطالوی ٹیم کے تھے۔  سنیچر کی رات ہونے والامیچ گزشتہ سال ہونے والے یوروپین کپ کے فائنل کا ری میچ قرار دیاجا رہا تھا۔ جس میں قیا س لگایا جارہا تھا کہ انگلینڈ کو ایک بار پھر شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔لیکن ایسا نہیں ہوا اور میچ ڈراہوگیا جس سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔  اس میچ کو دیکھنے کیلئے محض چند ہزار اسکول کے طلبہ کو والوورہیمپٹن کے اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔ ویمبلی اسٹیڈ یم میں یوروکپ ۲۰۲۰ء کے فائنل میں شائقین کے ذریعہ کئے جانے والے ہنگامہ کی وجہ سے  یہ احتیاطی تدابیر کی گئی تھیں۔  اس ڈراکی وجہ گیریتھ ساؤتھ گیٹ کی ٹیم نے گزشتہ ۳؍میچوں میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے اور اسے  سال کے آخر میں فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ یوروکپ کے فائنل میں ویمبلی میں اٹلی نے انگلینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی تھی لیکن اٹلی مسلسل دوسری بار فیفا ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی ہونے میں ناکام رہا ہے۔ حالانکہ اٹلی کی ٹیم نے انگلینڈ کے میدان پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم پر دباؤ ڈالا۔شائقین کیلئے یہ میچ بے مزہ ثابت ہوا کیونکہ اس میں کوئی گول نہیں ہوسکا۔اس میچ کے نتیجہ کے بعد یوئیفا نیشنز لیگ اے گروپ ۳؍ کے پوائنٹ ٹیبل پر اٹلی ٹاپ پر ہے۔ اس کے ۳؍میچوں میں ایک فتح اور ۲؍ڈرا کے ساتھ ۵؍پوائنٹس ہیں ۔ انگلینڈ چوتھے نمبرپرہے اور اس کے  ۳؍میچوں میں ۲؍ ڈرا اور ایک شکست کے بعد ۲؍پوائنٹس ہیں۔ نیشنز لیگ میں جرمنی کی ٹیم خراب کھیل رہی ہے اور اسے گزشتہ ۳؍میچوں میں ڈرا کا سامنا کرناپڑاہے۔ سنیچر کی رات ہونے والے میچ میں ہنگری اور جرمنی کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے ڈرا ہوگیا۔ جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے لیکن نیشنز لیگ میں اس کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ اس نے اب تک ۳؍ میچ کھیلے ہیں اور وہ سبھی ڈرا ہوئے ہیں۔ ایسا معلوم ہورہا ہے کہ جرمنی کے کھلاڑی نیشنز لیگ میں مسلسل جدوجہد کررہے ہیں اور گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ 
 سنیچر کی رات ہونےوالے میچ میں ہنگری نے شروعات ہی میں برتری حاصل کرلی تھی۔ میچ کے چھٹے منٹ میں ایس نیگی نے آر سلائی کی مدد سے گول کرکے اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ حالانکہ ہنگری کی یہ برتری زیادہ وقت تک برقرار نہیں رہی اور جرمنی کی جانب سے جے ہوف مین  نے شلوٹر بیک کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کردیا۔ اس گول کے بعد میچ کے اختتام تک کوئی گول نہیں ہوسکا اور ۱۔۱؍گول کے اسکورپر میچ کا خاتمہ ہوا۔ 
 نیشنزلیگ اے کے گروپ ۳؍ کے پوائنٹ ٹیبل پر ہنگری نے ۳؍میچ کھیلے ہیں اور اس نے ایک میچ جیتا ہے، ایک ڈرا کھیلا ہے اور ایک میں اسے شکست کا سامنا کرناپڑا ہے۔ ۳؍ میچوں کے بعداس کے ۴؍پوائنٹس ہیں اور وہ اٹلی کے بعد دوسرے نمبرپر ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں جرمنی کی جدوجہد جاری ہے اور اس کے ۳؍ میچوں کے بعد ۳؍پوائنٹس ہیں۔ اس کے سبھی میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہنگری نے انگلینڈ کو شکست دی تھی جس کی وجہ سے وہ اس گروپ کے ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ حالانکہ اس کے ٹاپ ۴؍ میں جگہ بنانے کے امکانات روشن ہیں لیکن اٹلی کی ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو وہ نیشنز لیگ کے ٹاپ ۴؍ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گی ۔ اسے ہنگری سے سخت مقابلہ ہے۔ نیدر لینڈس اورپولینڈ کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی ڈرا پر ختم ہوا۔ دونوں جانب سے۲۔۲؍گول ہوئے لیکن کامیابی کسی کے ہاتھ نہیں آئی۔ پولینڈ کے اسٹار رابرٹ لیوانڈوسکی اس میچ میں شامل نہیں تھے جس کی وجہ سے پولینڈ کے کھلاڑیوں کو گول کرنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑی تھی۔ دوسری طرف نیدر لینڈس کے  اسٹار کھلاڑی میمفس ڈی پے نے آخر میں ملنے والی پنالٹی کو ضائع کردیا جس کی وجہ سے ٹیم ایک گول کی برتری حاصل کرنے سے محروم رہی۔ دونو ںٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ 
 سنیچر کی رات ہونے والے میچ میں پولینڈ کی جانب سے پہلا گول ہوا۔ ایم کیش نے این زلیووسکی کی مددسے ٹیم کو برتری دلائی۔ پہلا ہاف صفر۔ ایک کے اسکور پرختم ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی پولینڈ کی جانب سے ایک اور گول ہوا جس سے اسکور صفر۔۲؍  ہوگیا۔ نیدرلینڈس کی ٹیم یہ گول کھانے کے بعد حرکت میں آئی۔ اس کے کھلاڑی ڈی کلاسین نے ڈی بلائنڈ کی مدد سے ۵۱؍ویں منٹ میں گول کرکے اسکور ۱۔۲؍ گول کردیا۔ اس گول کے ۳؍ منٹ بعد ہی نیدرلینڈس کی جانب سے برابری کا گول ڈی ڈمفرائس نے کیا۔ انہوںنے میمفس ڈی پے کی مدد سے گول کرکے اسکور ۲۔۲؍گول کردیا۔ میچ کے انجری ٹائم میں نیدرلینڈس کو ایک پنالٹی ملی لیکن ڈی پے نے اسے ضائع کردیا جس سے ڈچ ٹیم کو فتح سے محروم رہنا پڑا۔ اس میچ میں نیدرلینڈس کے ۳؍ اور پولینڈ کے ۵؍کھلاڑیوںکو یلو کارڈ ملا۔ 
  یوئیفا نیشنز لیگ اے کے گروپ ۴؍ میں نیدرلینڈس ۳؍ میچوں کے بعد ۷؍پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ اس نے ۲؍ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور ایک میچ ڈرا کھیلا ہے۔ دوسری طرف پولینڈ کی ٹیم ۳؍ میچوں میں ایک فتح، ایک شکست  اور ایک ڈرا کے بعد تیسرے نمبرپر ہے۔ ٹیبل پر اس کے ۴؍پوائنٹس ہیں۔ ویلز اوربلجیم بھی یورپ کے فٹبال پاورہاؤس کہلاتے ہیں اور ان کے درمیان بھی نیشنز لیگ کا مقابلہ ایک ایک گول سے ڈراہوا۔ بلجیم کی ٹیم میں اسٹار کھلاڑیوں کی اکثریت ہے اور وہ سبھی یورپ کی بڑی لیگز میں بھی کھیلتے ہیں لیکن نیشنز لیگ کے اس سیزن میں اس ٹیم کو جد وجہد کرنی پڑ رہی ہے۔ ٹاپ ۴؍ میں جگہ بنانے کیلئے بلجیم کا براہ راست مقابلہ نیدرلینڈس سے ہے۔ سنیچر کوہونےوالے میچ میں ویلز کی ٹیم بدقسمت رہی کیونکہ آغاز ہی میں اس کے کھلاڑی کے ذریعہ کیا گیا گول  ریفری نے مسترد کردیا تھا۔ 
 سنیچر کی رات ہونے والے میچ میں ویلز کی جانب سے سب سے پہلا گول ۵؍ویں منٹ میں ہوا۔ ای ایمپاڈو نے یہ گول کیا تھا لیکن ریفری نے اس گول کومسترد کردیا۔ اس کے بعد فرسٹ ہاف میں کوئی گول نہیں ہوسکا اور دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک ایک گول ہوا۔ ۵۱؍ویں منٹ میں  بلجیم کی جانب سے وائی ٹیلی مینس نے ایک گول کیا۔ ان کی مدد ایم باتشوائی نے کی۔ میچ کے آخری حصہ میں ویلز کی جانب سے ایک گول ہوا اور اسکور ایک ایک سے برابر ہوگیا۔ ۸۶؍ویں منٹ میں بی جانسن  نے ایرون رامسے کی مدد سے ویلز کو برابری دلائی۔ میچ کے اختتام پر اسکور ایک ۔ ایک گول رہا۔  اس میچ میں اسٹار کھلاڑی گیریتھ بیل بھی تھے تاہم وہ گول کرنے میںناکام رہے۔ نیشنز لیگ کے دوران ہی ویلز نے کوالیفائنگ میچ میں یوکرین کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ میں جگہ بنائی ہے۔ ۶۰؍سےزائد برسوں کے بعد ویلز نے عالمی مقابلے کیلئے کوالیفائی کیاہے۔  اس ڈرا کے باوجود ویلز کی فٹبال ٹیم نیشنز لیگ اے کے گروپ ۴؍ کے پوائنٹ ٹیبل پر چوتھے نمبرپر ہے۔ ویلز کے ۳؍ میچوں میں صرف ایک ہی پوائنٹ ہے۔ بلجیم ۳؍ میچوں میں ۴؍پوائنٹس کے بعد دوسرے نمبرپرہے۔ اس نے ایک میچ جیتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK