Inquilab Logo

دوسرے یکروزہ میں عُمران ملک کو موقع ملنے کا امکان

Updated: January 21, 2023, 4:33 PM IST | Raipur

آج ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈکو ہراکر سیریز پر قابض ہونا چاہے گی۔ شاردُل کی جگہ ٹیم میں تیز گیندباز عُمران ملک کو شامل کیا جاسکتا ہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

: حیدرآباد میں دلچسپ میچ جیتنے کے بعد ٹیم انڈیا کی نظریں رائے پور میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ میں کامیابی پر ہوں گی۔ ۔ روہت شرما بہت زیادہ تبدیلیاں کرنے کے خواہاں نہیں ہیں کیونکہ ہندوستان کا مقصد نئے رائے پور انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرنا ہوگا۔ہندوستانی ٹیم اس وقت اچھے فارم میںہے اور وہ  ہندوستان میں ہونے والے یکروزہ ورلڈ کپ کی تیاری میں بھی مصروف ہے اس لئے ہر سیریز جیت رہی ہے۔ 
 شبھمن گل کو پہلے ون ڈے میں شاندار ڈبل سنچری کے بعد سیریز کے بقیہ حصے میں ٹیم میں اپنی جگہ کے بارے میں یقین دلایا جا سکتا ہے۔ کپتان روہت شرما گل کے ساتھ اوپننگ کریں گے جس میں وراٹ کوہلی تیسرے نمبر پر آئیں گے۔ ایشان کشن کو بھی مڈل آرڈر میں اپنی جگہ برقرار رکھنی چاہئے لیکن وہ اپنے نئے کردار میں متاثر کرتے ہوئےنظر آئیں گے۔
 سوریہ کمار یادو، جو زخمی شریس ایّر کے متبادل کے طور پر آئے تھے، ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں طوفان کے بعد خود کو ۵۰؍ اوور کے فارمیٹ میں ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔ دنیا کے نمبر وَن ٹی ۲۰؍  انٹرنیشنل بلے باز نے ایک روزہ فارمیٹ میں ہندوستان کیلئے ابھی تک سنچری نہیں بنائی ہے۔ ہاردک پانڈیا اور واشنگٹن سندر ہندوستانی ٹیم میں ۲؍ آل راؤنڈر ہوں گے۔ اکشر پٹیل کے خاندانی وجوہات کی وجہ سے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے ہندوستانی اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد ٹیم انڈیا کیلئے واحد آل راؤنڈر آپشن شاردُل ٹھاکر ہیں۔
 حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف جدوجہد کرنے والے شاردُل ٹھاکر کی جگہ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عمران ملک کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ ملک محمد سمیع اور محمد سراج کے ساتھ ہندوستانی پیس اٹیک کو مکمل کر سکتے تھے۔ کلدیپ یادو ماضی قریب میں ہندوستان کیلئے متاثر کن رہے ہیں، کیا وہ یزویندر چہل کے ساتھ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں، یہی سوال اہم ہے۔
 ہندوستان کی ممکنہ ٹیم:روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، محمد سراج، محمد سمیع، عمران ملک۔نیوزی لینڈ کی کی ممکنہ ٹیم :فن ایلن، ڈیون کونوے، ہنری نکولس، ڈیرل مشیل، ٹام لاتھم ، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مشیل سینٹنر، ہنری شپلی، لوکی فرگیوسن اور بلیئر ٹکنر۔
ہندوستانی ٹیم پر جرمانہ 
  دوسری طرف نیوزی لینڈ کے خلاف حیدرآباد میں کھیلے جانےوالے پہلے ون ڈے میں ہندوستانی ٹیم نے۱۲؍ رن سے سنسنی خیز کامیابی حاصل کر لی  تاہم اس دوران ٹیم سے ایک غلطی ہوئی جس کی وجہ سے اسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ دراصل، ٹیم انڈیا پر سلو اوور ریٹ کیلئے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ سلو اوور ریٹ کا مطلب ہے کہ جس وقت ٹیم کو اپنے۵۰؍ اوورس مکمل کرنے ہیں اس سے زیادہ وقت ٹیم نے لیا ہے۔
 آئی سی سی نے ہندوستان پر۱۸؍ جنوری (بدھ) کو کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ کی فیس کا۶۰؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے کہا کہ ٹیم انڈیا اپنے ہدف سے ۳؍ اوور کم تھی۔ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرس اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل۲ء۲۲؍ کے سلسلے میں کھلاڑیوں کو مقررہ وقت میں ہر اوور کرنے پر ان کی میچ فیس کا۲۰؍ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ رسمی سماعت کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے آن فیلڈ امپائرس، تھرڈ امپائر اور چوتھے امپائر کی طرف سے عائد کردہ جرم کو قبول کر لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK