Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی کے بلے باز سمیر رضوی نے دہلی کے آخری میچ میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا

Updated: May 26, 2025, 12:57 PM IST | Agency | Jaipur

سمیر رضوی نے پنجاب کنگز کے خلاف میچ وننگ اننگز کھیلی۔ آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس نے پنجاب کنگز کو ۶؍وکٹ سے شکست دے دی۔

UP batsman Sameer Rizvi. Photo: INN
یوپی کے بلے باز سمیر رضوی۔ تصویر: آئی این این

سمیر رضوی (ناٹ آؤٹ ۵۸؍رن ) اور کرون  نائر (۴۴؍رن) کے دباؤ میں کھیلی گئی  شاندار اننگز کی مدد سے دہلی کیپٹلس نے سنیچر کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ۶۶؍ویں میچ میں پنجاب کنگز کو ۶؍ وکٹ سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ۲؍ کی ریس کو سنسنی خیز موڑ پر  پہنچا دیا ہے۔ 
 پنجاب کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ کے نقصان پر۲۰۶؍ رن بنائے جس کے جواب میں دہلی کیپٹلس نے فتح کا ہدف ۳؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے۴؍ وکٹ  کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ آج کے کھیل کی خاص توجہ اتر پردیش کے شاندار بلے باز سمیر رضوی کی میچ وننگ اننگز تھی۔ کے ایل راہل (۳۵؍ رن)، فاف ڈو پلیسس (۲۳) اور صدیق اللہ اٹل (۲۲) کے بعد میدان پر آئے سمیر نے پہلے سے کریز پر موجود کرون  نائر کے ساتھ دہلی کو میچ میں برقرار رکھا اور نائر کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے ٹرسٹن اسٹبس (  ناٹ آؤٹ ۱۴؍رن) کے ساتھ  رن کی رفتار کم نہیں ہونے دیا اور آخری گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کی آئی پی ایل مہم کو جیت کیساتھ ختم کیا۔ اپنی نصف سنچری اننگز کے دوران انہوں نے ۲۵؍ گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ۵؍ چھکے لگائے۔
 دہلی کی جیت کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ۲؍ کی دوڑ دلچسپ ہو گئی ہے۔ اب ٹاپ ۴؍ ٹیموں میں، گجرات ٹائٹنس کے بعد، پنجاب فی الحال ۱۷؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، لیکن اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ بنگلورو تیسرے  اور ممبئی۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اب چاروں ہی ٹیموں کو ایک ایک میچ کھیلنا ہے جس کے بعد ہی ٹاپ ۲؍ ٹیموں کا پتہ چل سکے گا۔ اس سے قبل سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ان فارم بلے باز پریانش آریہ (۶؍رن) کو جلد گنوانے کے بعد پربھسمرن سنگھ (۲۸؍رن) کے ساتھ انگلس نے  رن ریٹ کو تیز کرتے ہوئے۵ء۲؍ اوورس میں۵۵؍رن  جوڑلئے۔ اس دوران وپراج نگم نے پہلے انگلس اور اگلے اوور میں پربھسمرن کو آؤٹ کرکے پنجاب کی رفتار کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ تاہم  کپتان شریاس ایّر نے ایک سرے پر ٹک کر اسکور بورڈ کو چلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ مڈل آرڈر میں  نہال   (۱۶) اور ششانک سنگھ (۱۱) اپنی ٹیم کیلئے خاص تعاون نہیں کرسکے۔ 

میںنے حکمت عملی پر عمل کیا :سمیر
میچ جتانے والی کارکردگی کے بعد سمیر رضوی نے کہا کہ ’’جب میں بیٹنگ کیلئے آیا تو مطلوبہ ریٹ زیادہ تھا۔ میرا نقطہ نظر یہ تھا کہ میں ۳؍ یا ۴؍ گیندیں کھیلوں اور پھر حملہ کرنا شروع کر دوں۔ دوسری طرف کرون نائر نے ایک اوور میں ۴؍ باؤنڈریز لگائی اور مجھ پر دباؤ کم کیا۔‘‘ جب ان کی پہلی آئی پی ایل نصف سنچری کے بارے میں پوچھا گیا تو رضوی نے کہا کہ آخر کار اپنی  ٹیم کے ساتھ  ایک اچھی اننگز کھیلنا میرے لئے راحت کی بات ہے۔ میں  بہت پر سکون ہوں جن چیزوں کے بارے میں میں سوچتا تھا،  مجھے کیا کرنے کی ضرورت ہے، مجھے کس طرح کھیلنے کی ضرورت ہے ، میں آخر کار اس میچ میں ان پر عمل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK