Inquilab Logo Happiest Places to Work

وجے ہزارے ٹرافی: کرناٹک نےتریپورہ کو ہرایا، پڈیکل کی چوتھی سنچری

Updated: January 04, 2026, 11:29 AM IST | Bengaluru

کرناٹک کے سلامی بلے باز دیودت پڈیکل (۱۰۸) کی سنچری اننگز کے بعد شریس گوپال اور وجے کمار (۳۔ ۳؍ وکٹیں ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت کرناٹک نے سنیچرکو وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ’ اے‘ مقابلے میں تریپورہ کو ۸۰؍ رنوں سے شکست دے دی۔

Devadatta Padikkal scored a brilliant century. Photo: INN
دیودت پڈیکل نے شاندار سنچری بنائی۔ تصویر: آئی این این

کرناٹک کے سلامی بلے باز دیودت پڈیکل (۱۰۸) کی سنچری اننگز کے بعد شریس گوپال اور وجے کمار (۳۔ ۳؍ وکٹیں ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت کرناٹک نے سنیچرکو وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ’ اے‘ مقابلے میں تریپورہ کو ۸۰؍ رنوں سے شکست دے دی۔ ۳۳۳؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری تریپورہ کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اس نے اپنی ۵؍ وکٹیں محض ۵۹؍ کے اسکور پر گنوا دیں۔ 
ایسے مشکل وقت میں سوپنل سنگھ نے رجت ڈے کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے۱۰۷؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ ۳۷؍ ویں اوور میں شریشا اچر نے رجت ڈے (۶۶) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد تریپورہ کی میچ جیتنے کی امید ختم ہو گئی۔ ساتویں وکٹ کے طور پر سوپنل سنگھ اپنی سنچری مکمل کر کے آؤٹ ہوئے۔ انہیں ۴۷؍ویں اوور میں وجے کمار وشاک نے بولڈ کیا۔ سوپنل سنگھ نے ۹۳؍گیندوں میں ۷؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۰۰؍ رن بنائے۔ تریپورہ کی ٹیم ۴۹؍اوور میں ۲۵۲؍رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 
اس سے قبل ہندوستان کے سب سے ہونہار نوجوان بلے بازوں میں سے ایک دیو دت پڈیکل نے تریپورہ کے خلاف وجے ہزارے ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں شاندار سنچری اسکور کی۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کرناٹک کی اننگز کا آغاز خراب رہا اور ۶؍رن پر ۲؍وکٹ گر گئی تھی۔ اس نازک موڑ پر، پڈیکل نے اننگز کو سنبھالنے کیلئے قدم بڑھایا۔ ذمہ دارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے سمرن روی چندرن (۶۰) کے ساتھ مل کر احتیاط سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اور ۱۳۶؍ رنوں کی شراکت قائم کی، جس نے کرناٹک کو فوری خطرے سے باہر نکالا۔ پڈیکل بالآخر ۱۰۸؍ رن بنانے کے بعد ابھیجیت کی گیند پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے ۱۲۰؍گیندوں کی اننگز میں ۸؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے، جو اس سیزن کی۵؍ اننگز میں ان کی چوتھی سنچری تھی۔ ٹورنامنٹ میں ان کے اسکور اب۱۴۷، ۱۲۴، ۲۲، ۱۱۳، اور ۱۰۸؍ ہے جو لسٹ’اے‘ کرکٹ میں ان کے غیر معمولی تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں۔ کرناٹک نے ۵۰؍اوور میں ۷؍ وکٹوں پر ۳۳۲؍رنوں کا مضبوط اسکور بنایا۔ 
دہلی کی ۸؍وکٹوں سے فتح، پنت کی نصف سنچری
ہرشت رانا (۴؍ وکٹیں ) اور پرنس یادو (۳؍ وکٹیں ) کی خطرناک گیند بازی کے بعد پریانش آریہ (ناٹ آؤٹ ۷۲) اور کپتان رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ ۶۷) کی شاندار بلے بازی کی بدولت دہلی نے ایلیٹ گروپ’ ڈی‘ مقابلے میں سروسز کو ۱۸۲؍ گیندیں باقی رہتے ۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ۱۷۹؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری دہلی نے ۱۹ء۴؍اوورز میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۸۲؍رن بنا کر مقابلہ ۸؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ 
اس سے قبل دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ دہلی نے اپنے گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کے دم پر سروسز کی اننگز کو ۴۲ء۵؍اوورز میں ۱۷۸؍کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا۔ 
سکم کیخلاف عرشدیپ کا ’پنچ‘
عرشدیپ سنگھ (۵؍ وکٹیں ) کے بعد کپتان پربھ سمرن سنگھ (ناٹ آؤٹ ۵۳) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت پنجاب نے گروپ’ سی‘ مقابلے میں سکم کو ۲۶۲؍گیندیں باقی رہتے ۱۰؍وکٹوں سے شکست دے کر مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ ۷۶؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پنجاب نے ۶ء۲؍اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۸۱؍ رن بنا کر مقابلہ جیت لیا۔ کپتان پربھ سمرن سنگھ نے ۲۶؍گیندوں میں ۴؍ چوکے اور ۵؍ چھکے لگاتے ہوئے ۵۳؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ہرنور سنگھ نے ۱۳؍گیندوں میں ناٹ آؤٹ ۲۲؍رن بنائے۔ 
اس سے قبل آج یہاں شبھمن گل کی غیر موجودگی میں کھیل رہی پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری سکم کی ٹیم پنجاب کے گیند بازی حملے کا سامنا نہیں کر سکی اور پوری ٹیم 22.2 اوورز میں محض 75 رنز کے اسکور پر سمٹ گئی۔ پلجور تمانگ نے سکم کے لیے سب سے زیادہ 13 رنز بنائے۔ پنجاب کے لیے ارشدیپ سنگھ نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ارشدیپ کو ان کی شاندار گیند بازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ سکھدیپ سنگھ باجوہ اور مینک مارکنڈے کو دو دو وکٹیں ملیں۔ گرنور برار نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
ہاردک پانڈیا کی سنچری رائیگاں 
آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی طوفانی سنچری پر امن موکھاڑے (ناٹ آؤٹ ۱۵۰؍) کی سنچری بھاری پڑ گئی اور ودربھ نے۴۱ء۴؍ اوورز میں ایک وکٹ پر۲۹۶؍ رن بنا کر مقابلہ ۹؍ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ امن موکھاڑے نے ۱۲۱؍گیندوں میں ۱۷؍چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ ۱۵۰؍ رن بنائے۔ اس سےپہلے بڑودہ کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نےودربھ کے خلاف ۹۲؍ گیندوں میں ۱۱؍چھکوں کی مدد سے ۱۳۳؍ رنوں کی طوفانی سنچری اننگز کھیل کر اپنی ٹیم بڑودہ کو ۲۹۳؍ رنوں کے اسکور تک پہنچایا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK