Updated: December 31, 2025, 2:23 PM IST
|
Agency
| New Delhi
اسٹاربلے باز کو دومیچ کھیلنے کے بعد سوراشٹر کے خلاف آرام دیا گیا لیکن ۶؍ جنوری کو وہ ریلوے کیخلاف میدان میں ا تریں گے۔
وراٹ کوہلی۔ تصویر: آئی این این
ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو وجے ہزارے ٹرافی میں لگاتار دو میچ کھیلنے کے بعد سوراشٹرکے خلاف بھلے ہی آرام دیا گیا ہو لیکن وہ چوتھے میچ میں واپس آئیں گے۔ دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے)کے صدر روہن جیٹلی نے پیرکو اعلان کیا کہ وراٹ کوہلی ۶؍ جنوری کو ریلوے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ یہ میچ بنگلور میں بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسی لینس(بی سی ای)میں بھی کھیلا جائے گا۔
دہلی کا اگلا میچ کب اور کس کے خلاف ہے؟
بی سی سی آئی کے نئے قوانین کے تحت، سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل تمام کھلاڑیوں کو وجے ہزارے ٹرا فی ۲۶-۲۰۲۵ء کے کم از کم ۲؍ میچوں میں شرکت کرنی ہوگی۔ وراٹ نیوزی لینڈ کے خلاف۱۱؍ جنوری سے شروع ہونے والی ہوم سیریز کی تیاری کیلئے اپنا تیسرا میچ بھی کھیلنا چاہتے ہیں۔ ڈی ڈی سی اے کے صدر روہن جیٹلی نے پی ٹی آئی کو بتایا’’فی الحال، وہ کھیل رہے ہیں۔‘‘ وراٹ نے بھی کہا تھاکہ وہ۳؍ میچوں کیلئے دستیاب رہیں گے۔
واضح رہےکہ وراٹ کوہلی نے پہلے میچ میں ۱۳۱؍ اور دوسرے میں۷۷؍ رن بنائے تھے۔ وراٹ کوہلی وجے ہزارے ٹرافی میں دہلی کے لیے کھیلے گئے پہلے دو میچوں میں شاندار فارم میں تھے، انہوں نے بالترتیب۱۳۱؍ اور۷۷؍ رن بنائے تھے۔ اس دوران انہوں نے لسٹ اے کرکٹ میں کم ترین اننگز میں ۱۶؍ ہزار رن مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ کوہلی نے اپنی ۳۳۰؍ ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرتے ہوئے عظیم بلے باز سچن تنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ کارنامہ ۳۹۱؍ اننگز میں انجام دیا تھا۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان یکروزہ سیریز۱۱؍جنوری سے شروع ہوگی۔