Inquilab Logo

ویلنگٹن ٹیسٹ میں وراٹ اور پجارا ناکام

Updated: February 24, 2020, 10:56 AM IST | Agency | Wellington

تیز گیندباز ایشانت شرما کے ۵؍ وکٹ لینے کے باوجود دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان، میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو سخت مشکل سے دوچار ہوگئی ہے۔

نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ ۔ تصویر : پی ٹی آئی
نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 ویلنگٹن : تیز گیندباز ایشانت شرما کے ۵؍ وکٹ لینے کے باوجود دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان، میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو سخت مشکل سے دوچار ہوگئی ہے۔ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں اپنے ۴؍ وکٹ۱۴۴؍ رن پر گنوا دیئے ہیں اور وہ نیوزی لینڈ کی برتری سے۳۹؍ رن پیچھے ہے۔ ٹیم انڈیا کی امیدیں اب ناٹ آؤٹ بلے بازوں نائب کپتان اجنکیا رہانے اور هنوما وهاري پر ٹکی ہیں۔ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں ۱۶۵؍ رن بنائے جبکہ نیوزی لینڈ نے ۵؍ وکٹ پر ۲۱۶؍ رن سے آگے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں ۳۴۸؍رن بنا کر۱۸۳؍رن کی اہم برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسری اننگز میں بھی ہندوستانی بلے بازوں نے مایوس کن مظاہرہ کیا اور اسٹمپ تک اپنے ۴؍ وکٹ گنوا دیئے۔  
 پرتھوی شا۱۴؍رن، چتیشور پجارا۱۱؍رن ، مینک اگروال ۵۸؍رن اور کپتان وراٹ کوہلی ۱۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسٹمپ پر نائب کپتان اجنکیا رہانے ۲۵؍رن  اور هنوما وهاري ۱۵؍رن بنا کر کریز پرموجود تھے۔ ان دونوں بلے بازوں کو چوتھے دن ہندوستانی اننگز کو سنبھالنا ہوگا تبھی ہندوستان کیلئے کچھ امیدیں بن پائیں گی۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے۲۷؍ رن پر۳؍ وکٹ لے کر ہندوستانی اننگز کوہلاکر رکھ  دیا۔اس سے پہلے بي جے واٹلنگ نے۱۴؍ اور کولن ڈی گرینڈهوم نے ۴؍رن سے صبح اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ گرینڈهوم نے۴۳؍رن، پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے  کائل جمیسن نے ۴۴؍ رن  اور آخری بلے باز ٹرینٹ بولٹ نے۳۸؍ رن بنائے۔ کیوی اننگز۳۴۸؍ رن کے مضبوط اسکور پر ختم ہوئی۔ ایشانت نے ۶۸؍ رن پر ۵؍ وکٹ اور آف اسپنر روی چندرن نے ۹۹؍ رن پر ۳؍ وکٹ لئے جبکہ جسپريت بمراه اور محمد سمیع کو ایک ایک وکٹ ملا۔
 اتوار کی صبح ہندوستانی گیند باز کیوی اننگز کو جلدی نہیں سمیٹ سکے جبکہ پہلی اننگز میں پچھڑنے کے باوجود ٹاپ  ہندوستانی بلے بازوں نے وکٹ پر ٹکنے کا جذبہ نہیں دکھایا۔ کپتان وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ مایوس کیا۔ اس دورے میں فارم حاصل کرنےکےمتلاشی  وراٹ پہلی اننگز میں ۷؍ گیندوں میں ۲؍ رن بنا پائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں۴۳؍ گیندوں میں ۳؍ چوکوں کی مدد سے۱۹؍ رن ہی بنا سکے۔
 ہندوستان کی شروعات  دوسری اننگز میں بھی  خراب رہی۔ پرتھوی شا۳۰؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں کی مدد سے  ۱۴؍رن بنا کر بولٹ کا شکار بن گئے۔ پرتھوی نے پہلی اننگز میں ۱۶؍ رن  بنائے تھے اور دوسری اننگز میں بھی انہوں نے مایوس کیا۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ۲۷؍رن  کے اسکور پر گرا۔ مینک اگروال اور پجارا نے دوسرے وکٹ کیلئے۵۱؍ رن کی ساجھیداری کی لیکن اس کے بعد ہندوستان  نے۳۵؍ رن کے وقفے میں ۳؍ وکٹ گنوائے اور وہ سخت مشکل میں پھنس گیا۔
 بولٹ نے پجارا کو بولڈ کیا اور ہندوستان کا دوسرا وکٹ۷۸؍رن کے اسکور پر گر گیا۔ پجارا نے۸۱؍ گیندیں کھیل کر۱۱؍ رن بنائے۔ مینک جم کر کھیل رہے تھے اور اپنی نصف سنچری مکمل کر چکے تھے لیکن ٹم ساؤدی نے مینک کو وکٹ کیپر بي جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ کرواکر ہندوستان  کو تیسرا جھٹکا دے دیا۔ مینک کا وکٹ۹۶؍رن  کے اسکور پر گرا۔ مینک نے۹۹؍ گیندوں پر ۵۸؍ رن کی شاندار اننگز میں ۷؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ہندوستان کو اپنے کپتان وراٹ سے کافی امیدیں تھیں کہ وہ ٹیم کو بحران  سے باہر نکالیں لیکن وراٹ ٹیم کو مشکل  میں چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے۔ وراٹ پہلی اننگز میں سلپ میں کیچ  ہوگئے تھے اور اس بار بولٹ کی گیند پر انہوں نے وکٹ کیپر کو کیچ دے دیا۔ 
 وراٹ کا وکٹ۱۱۳؍رن کے مجموعی  اسکور پر گرا۔ وراٹ کا آؤٹ ہونے سے ٹیم کو بڑا دھچکا لگاتھا۔ رہانے اور هنوما نے اس کے بعد۱۱۸؍ گیندوں پر۳۱؍ رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کرکے ٹیم کو سنبھالے رکھا۔ اسٹمپ پر رہانے ۶۷؍گیندوں میں ۴؍چوکوں کی مدد سے۲۵؍رن  اور هنوما۷۰؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں کے ساتھ ۱۵؍ رن بنا کر کریز پر موجود  تھے۔
 اس سے پہلے صبح نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز کو ۵؍ وکٹ پر ۲۱۶؍ رن سے آگے بڑھایا۔  میزبان ٹیم کے نچلے آرڈر کے بلے بازوں نے مضبوطی کے ساتھ بلے بازی کی اور ہندوستانی گیند بازوں کو مایوس کیا۔ بي جے واٹلنگ نے ۱۴؍رن اور کولن ڈی گرینڈهوم نے ۴؍ رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندوستان کو چھٹی کامیابی جلد ہی مل گئی۔ وکٹ کیلئے جدوجہد کر رہے جسپريت بمراه نے واٹلنگ کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروادیا۔واٹلنگ اپنے اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کر سکے اور نیوزی لینڈ کا چھٹا وکٹ  سنیچر کے اسکور پر ہی گر گیا۔
 ایشانت نے ٹم ساؤدی کو محمد سمیع کے ہاتھوں کیچ کرواکر اپنا چوتھا وکٹ لے لیا۔ ساؤدی ۶؍ رن ہی بنا سکے اور نیوزی لینڈ نے ساتواں وکٹ ۲۲۵؍رن کے اسکور پر گنوا دیا۔ اس وقت لگ رہا تھا کہ ہندوستانی گیند باز نیوزی لینڈ کی اننگز کو جلد ہی سمیٹ دیں گے لیکن گرینڈهوم اور پہلا ٹیسٹ کھیلنےو الے جمیسن نے۸؍ویں وکٹ کیلئے۷۱؍ رن کی ساجھیداری کرکے نیوزی لینڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
 آف اسپنر اشون نے جمیسن کو آؤٹ کر کے  اس شراکت کو توڑا۔ جمیسن نے۴۵؍ گیندوں پر۴۴؍ رن میں ایک چوکا اور۴؍ چھکے لگائے اور اپنے پہلے ٹیسٹ کو یادگار بنا دیا۔ انہوں نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں۴؍ وکٹ بھی لئے تھے۔ اشون نے پھر گرینڈهوم کو بھی آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کا ۹؍واں  وکٹ ۳۱۰؍ رن  کے اسکور پر گرا۔ گرینڈهوم نے۷۴؍ گیندوں پر۴۳؍ رن میں ۵؍ چوکے لگائے۔بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز بولٹ نے پھر سخت حملہ کرتے ہوئے صرف ۲۴؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۸؍رن بنائے اور نیوزی لینڈ کو ۳۴۸؍رن تک پہنچا دیا۔ بولٹ اور اعجاز پٹیل نے آخری وکٹ کے لئے۳۸؍ رن جوڑے اور یہ تمام رن بولٹ نے بنائے۔ ایشانت نے بولٹ کو  پنت کے ہاتھوں کیچ کرواکر کیوی اننگز کا خاتمہ کیا۔ایشانت نے۲۲ء۲؍ اوور میں ۶۸؍رن دے کر ۵؍ وکٹ لئے اور اپنے  وکٹوں کی تعداد ۲۹۷؍ پہنچا دی۔ اشون نے۲۹؍ اوور میں۹۹؍ رن دے کر ۳؍وکٹ  لئے۔ بمراه کو۲۶؍ اوور میں۸۸؍ رن پر ایک وکٹ اور سمیع کو۲۳؍ اوور میں ۹۱؍رن پر ایک وکٹ ملا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK