Inquilab Logo

وراٹ کوہلی ،سوریہ کمار یادو کی جارحانہ بلے بازی سے متاثر

Updated: September 02, 2022, 12:58 PM IST | Agency | Dubai

ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف سوریہ کی بلے بازی دیکھ کر سابق کپتان نے جھک کر انہیں سلام کیا،ٹیم انڈیا ۴۰؍رنوں سے میچ جیت کر سپر۔۴؍میں داخل

Virat Kohli And Suryakumar Yadav .Picture:INN
سوریہ کمار یادو(دائیں)اور وراٹ کوہلی نے ہاف سنچریاں بنائیں۔ تصویر:آئی این این

ہانگ کانگ کے خلاف ایشیا کپ کے مقابلے میں ہندوستانی بلے باز سوریہ کمار یادو نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوںنے میدان پر کچھ ایسے شاٹس لگائے جنہیں دیکھ کر دوسرے اینڈ پر کھڑے ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اور اسٹار کھلاڑی وراٹ کوہلی بھی حیران رہ گئے۔سوریہ کی جارحانہ اننگز کے بعد وراٹ کوہلی نے میدان پر ہی جھک کر ان کو سلام کیا اور ان کی بلے بازی کی تعریف کی۔میدان پر جھک کر ستائش کرنے پر سوریہ کمار یادو بھی حیران رہ گئے۔ واضح رہے کہ ہانگ کانگ کے خلاف ۱۴؍ویں اوور میں جب سوریہ کمار بلے بازی کرنے آئے تو انہوںنے میدان کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔انہوںنے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض ۲۶؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۶۸؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔سوریہ نے صرف۲۲؍گیندوں پر اپنی ہاف سنچری مکمل کی۔اننگز کے آخری اوور میں انہوں نے ۴؍سکسر مارتے ہوئے ہانگ کانگ کے گیندبازکو مایوس کر ڈالا۔اننگز کے آخری اوور میں۴؍چھکوں کی مدد سے سوریہ کمار یادو نے ۲۶؍رن بنائے۔اپنی اننگز کے دوران انہوںنے ۶؍ چھکے اور اتنے کی چوکے مارے۔آخری اوور میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے سوریہ کمار یادو کی کارکردگی سے وراٹ کوہلی اتنے متاثر ہوئے کہ انہوںنے جھک کر انہیں سلام کیا اور مسکرا کر گلے لگایا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران جب سوریہ کمار یادو سے اس تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وراٹ کا یہ انداز ان کے دل کو چھو لینے والا تھا۔مجھے وراٹ بھائی کے ساتھ بلے بازی کرنا کافی پسند ہے۔جب میں بلے بازی کر رہا تھا تو ذہن میں یہی خیال آیا کہ وہ شاٹس کیوں نہیں کھیل رہے ہیں۔انہوںنے مجھے کھل کر کھیلنے کیلئے کہا۔وہ کافی تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ان کے ساتھ بلے بازی کرنے میں لطف آتا ہے۔شروعات میں وکٹ کافی دھیمی تھی اور اس پر رن بنانا مشکل تھا۔جب میں بلے بازی کیلئےآیا تو تیزی سے رن بنانے کی ضرورت تھی۔میں نے وراٹ بھائی سے بات کی تو انہوںنے مشورہ دیا کہ میں اپنا فطری کھیل کھیلوں۔ واضح رہے کہ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہانگ کانگ کیخلاف۲؍وکٹ پر ۱۹۲؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہانگ  کانگ ۵؍وکٹ پر ۱۵۲؍رن ہی بنا سکا۔ہندوستان کیلئے سوریہ کمار یادو (۶۸) اور واٹ کوہلی(۵۹) کے علاوہ روہت شرما نے ۲۱؍رن جبکہ کے ایل راہل نے سست رفتاری سے بلے بازی کرتے ہوئے۳۶؍رن بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK